ممبئی، 12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی تیز بولنگ سنسنی جسپریت بمراہ کو اتوار کو بی سی سی آئی سالانہ ایوارڈز میں بہترین بین الاقوامی کرکٹر (2018-19)کے لئے باوقار پولی امریگر ایوارڈ سے نوازا جائے گا جبکہ خاتون کلاس میں بہترین کرکٹر کا ایوارڈ پونم یادو کو دیا جائے گا۔سابق ہندستانی کپتانوں کرشنا سری کانت اور انجم چوپڑا کو بالترتیب کرنل سی کے نایڈو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور بی سی سی آئی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ فار وومن دیا جائے گا۔ ٹیسٹ بلے باز چتیشور پجارا اور مڈل آرڈر کے بلے باز مینک اگروال کو بھی تقریب میں نوازا جائے گا۔ 15 سال کی نوجوان بلے باز شیفالی ورما کو دو ایوارڈ ملیں گے ۔عالمی نمبر ایک ون ڈے بولر بمراہ نے اپنا ٹیسٹ ڈیبو ہندستان کے جنوری 2018میں جنوبی افریقہ کے دورے میں کیا تھا اور انہوں نے اس کے بعد سے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ بمراہ نے جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز میں ایک اننگز میں پانچ پانچ وکٹ حاصل کئے اور یہ کامیابی حاصل کرنے والے پہلے اور واحد ایشیائی بولر بنے ۔ انہوں نے ہندوستان کو آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز 2-1 سے جیتنے اور بارڈر-گواسکر ٹرافی برقرار رکھنے میں اہم کردار نبھایا۔بمراہ کو جہاں مرد زمرے میں سب سے اعلی انعام ملے گا وہیں پونم یادو کو خاتون کے زمرے میں بہترین کرکٹر کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ لیگ اسپنر پونم کو گزشتہ سال ارجن ایوارڈ ملا تھا اور اب انہیں سب سے بہترین خاتون کرکٹر کے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ بمراہ کو سال 2018-19 میں کی گئی شاندار کارکردگی کے لئے پولی امریگر ایوارڈ کے ساتھ ساتھ 2018-19 میں ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے کے لئے دلیپ سردیسائی ایوارڈ بھی ملے گا۔ بمراہ نے اپنے کیریئر میں ٹیسٹ میں 62 اور ون ڈے میں 103 وکٹیں حاصل کی ہیں۔تقریب میں ٹیسٹ بلے باز چتیشور پجارا اور مڈل آرڈر کے بلے باز مینک اگروال کو بھی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ پجارا کو سال 2018-19 میں ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ رن بنانے کے لئے دلیپ سردیسائی ایوارڈ دیا جائے گا۔ انہوں نے اس دوران آٹھ ٹیسٹ میچ میں 52.07 کے اوسط سے 677 رن بنائے تھے ۔ مینک گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف ڈبل سنچری بنا کر شہ سرخیوں میں آئے تھے ۔ انہیں بہترین بین الاقوامی ڈیبوٹنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ہندستان کے سابق کپتان کرشنما چاری سری کانت اور انجم چوپڑا کو بالترتیب کرنل سی کے نائیڈو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور خواتین میں بی سی سی آئی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ پیش کیا جائے گا ۔1983 کے عالمی کپ فاتح ٹیم کے رکن سری کانت نے 43 ٹیسٹ میچ کھیلے ، جس میں انہوں نے دو سنچری اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے 2062 رنز بنائے ۔ 1983 ورلڈ کپ کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف انہوں نے سب سے زیادہ 38 رن بنائے تھے ۔ سری کانت کی بے خوف بیٹنگ نے انہیں اسٹار بنایا تھا۔سری کانت کو 1989 میں پاکستان کے دورے کے لئے کپتان مقرر کیا گیا۔ یہ وہی سیریز تھی جس میں سچن تندولکر نے بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبو کیا اور ہندوستانی کرکٹ کو اس کا بے مثال کوہ نور ملا تھا۔ یہ سیریز ڈرا رہی تھی لیکن اس کے بعد انہیں کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا۔ انہوں نے 1992 ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔ سری کانت 2009 سے 2012 تک قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے ۔انجم چوپڑا کو متالی راج سے پہلے ہندستان کی سب سے بہترین خاتون بلے باز سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے 12 ٹیسٹ میچوں میں 548 رنز بنائے ۔ انجم نے اس کے علاوہ 127 ون ڈے بھی کھیلے ، جس میں انہوں نے ایک سنچری اور 18 نصف سنچری لگائیں ۔ انہوں نے 18 ٹی -20 میچ بھی کھیلے ۔ انجم ہندوستانی ٹیم کے لئے 100 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی پہلی ہندستانی خاتون کھلاڑی بنی تھیں۔ قریب 17 سال تک انجم نے ہندوستانی خاتون ٹیم کی نمائندگی کی تھی اور کئی ورلڈ کپ ٹیم کیلئے کھیلے تھے ۔نوجوان کھلاڑی شیفالی ورما کو دو ایوارڈ ملیں گے ۔ شیفالی کو خاتون کرکٹ میں سب سے بہترین بین الاقوامی ڈیبو ایوارڈ ملے گا۔ شیفالی نے نو ٹی -20 میچوں میں 222 رن بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ 2018-19 سیزن میں جونیئر گھریلو کرکٹ میں بہترین کارکردگی کے لئے انہیں جگموہن ڈالمیا ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔ انہوں نے 46 میچوں میں سات سنچری اور پانچ نصف سنچری سمیت ون ڈے اور ٹی -20 ملا کر کل 1923 رنز بنائے ہیں۔بی سی سی آئی کے صدر سوربھ گنگولی نے ان انعامات پر کہاکہ ان انعامات کے ذریعے ہم میدان پر عمر اور سینئر سطح پر کی گئی کارکردگی کی بنیاد پر ہم سرفراز کر رہے ہیں، جس میں کچھ لیجنڈ کا اعزاز بھی کیا جانا ہے ۔ ممبئی میں یہ ایک خاص شام ہو گی، جس میں ساتواں منصور علی خان پٹودی لیکچر بھی ہونا ہے ۔ اس سال سے بی سی سی آئی ایوارڈس میں چار نئے کیٹیگری بھی شامل کی گئی ہے ، جن میں خاتون ون ڈے میں سب سے زیادہ رن بنانے والے اور وکٹ لینے والے اور بہترین بین الاقوامی خاتون اور مرد ڈیبو پر مشتمل ہیں ۔ تقریب میں کل25 ایوارڈ دیئے جائیں گے ۔