جسپریت بمراہ کی آئندہ ماہ ٹیم میں واپسی کا امکان

   

نئی دہلی۔ ایشیا کپ 2023 سے قبل ہندوستانی ٹیم کو بڑی راحت ملنے والی ہے۔ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ آئرلینڈ کے دورے پر ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔ بمراہ کو پچھلے سال کمر کی چوٹ لگی تھی جس کی وجہ سے وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی نہیں کھیل پائے تھے۔ اس وجہ سے وہ آئی پی ایل 2023 اور ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں نہیں کھیلے۔ اب خبر ہے کہ وہ 18 اگست کو شروع ہونے والی آئرلینڈ سیریز میں ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔ جسپریت بمراہ کی چند ماہ قبل نیوزی لینڈ میں کمر کی سرجری ہوئی تھی اور وہ اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہیں اور صحت یابی پرکام کر رہے ہیں، بمراہ تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ اس سیریز سے بمراہ کی فٹنس کے حوالے سے صورتحال بھی واضح ہو جائے گی۔ میڈیا نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بمراہ فی الحال اچھی حالت میں ہیں اور اگست میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز سے واپسی کر سکتے ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس سے بمراہ کو میدان میں وقت گزارنے کا وقت ملے گا۔ بمراہ کافی عرصے سے میدان سے باہر ہیں۔ بمراہ این سی اے میں سربراہ وی وی ایس لکشمن طبی شعبہ کے سربراہ نتن پٹیل کی نگرانی میں ہیں۔ ان کے ساتھ فزیو تھراپسٹ ایس رجنی کانت بھی ہیں، جنہوں نے دہلی کیپٹلس ٹیم کے ساتھ کام کیا ہے۔نتن پٹیل اور رجنی کانت ہندوستانی فاسٹ بولر کی چوٹ کو ٹھیک کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ دونوں نے بمراہ پرکڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور ان کے حوالے سے کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔ بمراہ کی بازیابی ہندوستان کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس سال ایشیا کپ ہونا ہے اور اس کے بعد ونڈے ورلڈ کپ کھیلا جانا ہے۔