نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہورہے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے معروف مصنفہ اروندھی رائے نے کہا کہ آپ سب جمہوری انداز میں اپنا احتجاج جاری رکھیں۔ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں دہلی نہیں رہتی ہوں، تاملناڈو سے جامعہ ملیہ کے طلبہ کے جذبہ کو سلام کرنے آئی ہوں۔ یہاں آنے کے لئے مجھے دو دن درکار ہوئے لیکن یہاں پہنچتے ہی میری پوری تھکان دور ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں حکومت نے ایسے فیصلہ کئے ہیں جس سے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن حکومت کے خلاف خاموشی جامعہ ملیہ کے طلبہ نے توڑی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کونے کونے میں سی اے اے کیخلاف احتجاج جاری ہے۔
اروندھی رائے نے کہا کہ یہ ایک بڑی بات ہے کہ مختلف طبقے لوگ، مختلف مذاہب کے لوگ، مختلف ذات کے لوگ سی اے اے او راین آر سی کے خلاف ایک ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں۔ہمیں ایک ایسا ملک چاہئے جہاں سب لوگ ایک ساتھ رہ سکیں جس کا خواب 70 سال قبل دیکھا گیا تھا وہ آج پورا ہوگیا جس میں مساوات، مذہب کی پوری آزادی اور آزادی رائے حق کی پوری آزادی ہو۔ لیکن پچھلے پانچ سالوں میں لوگوں کو حقوق چھین لئے گئے۔