پورنیہ، 16 جولائی (یو این آئی) جن سوراج کے معمار پرشانت کشور نے بی جے پی سے سوال کیا کہ اگر جعلی ووٹروں کی شناخت کے لیے ووٹر لسٹ نظر ثانی کا کام کیا جا رہا ہے تو کیا نریندر مودی حکومت 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ان جعلی ووٹروں کے ووٹوں سے اقتدار میں واپس آئی ؟اپنی‘بہار بدلاویاترا’کے دوران مسٹر کشور نے کہا کہ پورے بہار میں اسمبلی انتخابات سے محض چند ماہ قبل ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کا کام کیا جا رہا ہے ۔ الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ نظرثانی کا کام جعلی ووٹرز کی نشاندہی کے لیے کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کا کام بی جے پی کے اشارے پر کروا رہا ہے ۔ ایسے میں یہ سوال فطری ہے کہ کیا 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی کی حکومت ان جعلی ووٹروں کے ووٹوں سے مرکز میں اقتدار میں واپس آئی ہے ؟ جن سوراج لیڈر نے کہا کہ اگر لوک سبھا انتخابات کے وقت ووٹر لسٹ میں کوئی تضاد نہیں تھا اور نریندر مودی کی حکومت درست ووٹروں کے ووٹوں سے منتخب ہوئی ہے تو بہار اسمبلی انتخابات میں اسی ووٹر لسٹ کی بنیاد پر انتخابات کرانے میں کیا حرج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ووٹر لسٹ میں جعلی ووٹروں کی ایک بڑی تعداد کو شامل کیا گیا تو اس انتخاب کے نتیجہ پر ہی سوالیہ نشان لگ جاتا ہے ۔