تیز رفتار کار نے روند دیا۔ایک طالب علم فوت ۔ ساتھی زخمی
حیدرآباد ۔ /15 اگست (سیاست نیوز) اسکول میں منعقدہ جشن یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے بعد مکان واپس لوٹ رہے دو طلباء کو تیز رفتار کار نے روند دیا جس کے نتیجہ میں ایک طالبعلم کی موت واقع ہوگئی ۔ لنگر حوض پولیس کے بموجب 14 سالہ ایم اے عزیز انصاری ساکن گولکنڈہ ، ایم اے قدیر جو ٹریفک پولیس اسٹیشن سیف آباد میں زیرخدمت ہیڈکانسٹبل کا بیٹا تھا اپنے ساتھی محمد جسیم کے ہمراہ نلندا پبلک اسکول کے منعقدہ جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہا تھا کہ تیز رفتار نامعلوم کار نے اسے روند دیا ۔ اس حادثہ میں عزیز انصاری برسرموقع ہلاک ہوگیا جبکہ محمد جسیم معمولی طور پر زخمی ہوگئے ۔ لنگر حوض پولیس کی ٹیم وہاں پہونچ کر عزیز انصاری کو وہاں کے مقامی دواخانہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی ۔ بعد ازاں نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا ۔ پولیس لنگر حوض نے خاطی کار ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کی تلاش شروع کردی کیونکہ ڈرائیور اس حادثہ کے بعد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ گاڑی کی نشاندہی کی جارہی ہے تاکہ اس خاطی ڈرائیور کو گرفتار کیا جاسکے ۔