جشن جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں سخت ترین سکیورٹی انتظامات

,

   

راج پتھ تا لال قلعہ پریڈ علاقہ فصیل بند قلعہ میں تبدیل ، 25000 سکیورٹی فورسیس تعینات
نئی دہلی ۔ /25 جنوری )سیاست ڈاٹ کام) یوم جمہور یہ کے موقع پر قومی دارالحکومت میں سخت ترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں جن کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ شہر بھر میں 25000 سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں اور وسطی دہلی کے ان مقامات پر سخت چوکسی اختیار کرلی گئی ہیں جن پر یوم جمہوریہ کے دوران حملوں کے لئے دو گرفتار شدہ دہشت گردوں نے منصوبہ بنایا تھا ۔ جیش محمد کے دو مشتبہ ارکان 29 سالہ عبدالطیف تمائی عرف عمیر عرف دلاور اور 26 سالہ ہلال احمد بھٹ کی گرفتاری کے بعد دہلی پولیس نے کسی بھی دہشت گرد حملے یا ناخوشگوار واقعہ سے گریز کے لئے یہ سخت ترین اقدامات کی ہے ۔ ان دونوں مشتبہ دہشت گردوں نے 70 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر شہر میں دہشت گرد حملوں کا منصوبہ بنایا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ جیش محمد کے گرفتار شدہ ارکان نے حملوں کے لئے اپنے امکانی نشانوں کے طور پر لاجپت نگر مارکٹ ، حج منزل ، ترکمان گیٹ ، پہاڑ گنج ، انڈیا گیٹ اور آئی جی ایل گیس پائپ لائن کی نشاندہی کی تھی ۔ نئی دہلی پولیس کے ڈپٹی کمشنر مدھو ورما نے کہا کہ ’ سکیورٹی ڈھال ‘کے طور پر ہمہ پرت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ تقریباً 25000 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔ ان میں ٹریفک پولیس کا عملہ بھی شامل ہے ۔ راج پتھ اور اطراف کے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے اور چہروں کی شناحت کرنے والے خصوصی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔ راج پتھ سے تاریخی لال قلعہ تک پریڈ کے 8 کیلو میٹر طویل راستہ پر نظر رکھنے کیلئے گشتی نشانہ باز ٹیمیں ، طیارہ شکن بندوقیں اور شارپ شوٹرس تعینات کئے گئے ہیں ۔ دہلی پولیس میں خصوصی ہتھیاروں اور اعداد کی یونٹ سے وابستہ 36 خاتون کمانڈوز جنہیں گزشتہ سال اگست میں رسمی طور پر شامل کیا گیا تھا سکیورٹی انتظامات کا حصہ رہیں گی ۔
حساس مقامات کی بلندو بالا عمارتوں پر خفیہ نشانہ باز تعینات کئے گئے ہیں ۔ پریڈ کے راستہ پر عوام کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کے لئے سخت ترین چوکسی اختیار کی جارہی ہے اور اہم مقامات پر متعدد کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔