حیدرآباد۔یکم ۔نومبر(سیاست نیوز) شہر میں 10 نومبر کو منائے جانے والے عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں تیاریاں عروج پر ہیں بلکہ ماہ ربیع الاول کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کے مختلف مقامات پر جلسہ ہائے میلاد مصطفی ؐ کے علاوہ دینی تربیتی اجتماعات کے انعقاد اور محافل نعت رسول اکرم کا سلسلہ شروع کیا جاچکا ہے۔گذشتہ کئی برسوں سے شہر میں 12 ربیع الاول کو جلسۂ رحمۃ اللعلمین ﷺ کے علاوہ جشن آمد شافع محشر ؐ کا انعقاد عمل میںلایا جارہا ہے اور کئی مقامات پر ان متبرک ایام کے دوران پیام محسن انسانیتؐ کو عام کرنے کیلئے اجتماعات منعقد کئے جا رہے ہیں۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں ماہ ربیع الاول کے آغاز کے ساتھ ہی خاتم النبین ﷺ کی آمد کے تذکرہ کو عام کرنے کے مقصد کے تحت محافل درود پاک کا اہتمام کیا جارہا ہے۔شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی رسول اللہ ؐ کی ولادت باسعادت کے سلسلہ میں جلسہ ہائے سیرت النبی ﷺ منعقد کئے جا رہے ہیں ۔شہر حیدرآباد میں سب سے قدیم جلسہ رحمۃ اللعلمین ؐ کا انعقاد مجلس تعمیر ملت کی جانب سے عمل میں لایا جاتا رہا ہے اوراسی کے دوسرے دن تعمیر ملت کے زیر اہتمام جلسہ عظمت صحابہؓ منعقد کیا جاتا ہے اس کے علاوہ حیدرآباد میں مجلس کی جانب سے 11 ربیع الاول کی شب مرکزی جلسہ رحمۃ اللعلمین ؐ دارالسلام میں منعقد کیا جاتا ہے جبکہ 12 ربیع الاول کی شب اسی مقام پر نعتیہ مشاعرہ شہ کونین ؐمنعقد ہوا کرتا ہے۔چند برسوں سے حیدرآباد میں مختلف تنظیموں مہر آرگنائزیشن‘ فوکس کے علاوہ صوفی کی جانب سے خون کے عطیہ کے کیمپ منعقد کرتے ہوئے امت محمدیہؐ کے نوجوانوں میں جذبۂ خدمت خلق کے فروغ اور ان میں حب رسولؐ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اس خون کے عطیہ کیمپ کا آغاز جناب محمد عفان قادری کی تحریک سے ہوا تھا جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور اب کئی مقامات اور تنظیموں کی جانب سے خون کا عطیہ کیمپ بضمن ولادت باسعادت احمد مجتبی محمد مصطفی ﷺ کیا جانے لگا ہے ۔ابتداء میں ان کیمپوں میں وصول کیا جانے والا خون تھلیسمیا کے متاثرین کو دیا جاتا تھا جنہیں ہر ماہ خون کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اب اس خون کا عطیہ دیگر ضرورتمندوں کو بھی دیا جانے لگا ہے ۔شہر میں ماہ ربیع المنور کے دوران دیگر ابنائے وطن تک رسول ہاشمی امی لقبی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔