جشن میلاد النبی ؐ عظیم الشان پیمانے پر منانے کا فیصلہ

   

بزم رحمت عالم کا اجلاس۔ معروف صحافی روہت اپادھیائے کو ایوارڈ
حیدرآباد 25 اگسٹ ( پریس نوٹ ) کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام امسال بھی جشن میلاد النبی ؐ تزک و احتشام سے منایا جائیگا ۔ تمام انتظامات کو قطعیت دی جا رہی ہے ۔ صدر بزم ایم اے مجیب ایڈوکیٹ نے بتایا کہ جشن ے ضمن میںاستقبالیہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ آج استقبالیہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میںمختلف امور پر غور کیا گیا اور جاریہ سال رحمت عالم ایوارڈ 2024 روہت اپادھیائے کو دینے کا فیصلہ کیا گیا جو ایک ہندوستانی صحافی ‘ دستاویزی فلم ساز اور یوٹیوبر ہیں۔ وہ ماحولیاتی مسائل ‘ صحت عامہ اور اقلیتوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتے ہیں۔ وہ آج تک سے بھی وابستہ رہے اور نوبھارت ٹائمزم اور نیوز 18 انڈیا سے بھی وابستہ رہے ۔ وہ دی وائر ‘ آوٹ لک اور بی بی سی ہندی ( انڈیا ) کیلئے بھی کام کرچکے ہیں۔ وہ دنیا بھر میں آزاد صحافیوں کیلئے یوٹیوب کے تخلیق کار پروگرام کیلئے منتخب کردہ 49 صحافیوں میںسے ایک ہیں۔ جناب ایم اے مجیب نے بتایا کہ جشن میلاد النبی ؐ کے موقع پر رحمت عالم ایوارڈ گذشتہ چھ سال سے دیا جا رہا ہے ۔ جاریہ سال بھی فقید المثال پیمانے پر جشن میلاد النبی ؐ و ایوارڈ تقریب کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا ۔ مقام اور تاریخ اور علماء کرام کے ناموں کا متعاقب اعلان ہوگا ۔