جعفر ایکسپریس حملہ: ہلاکتوں کی تعداد 31 ہو گئی

   

کوئٹہ : پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں ایک ٹرین کو ہائی جیک کرنے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 31 ہو گئی ہے۔ پاکستانی فوج کی طرف سے ہندوستان اور افغانستان پر باغیوں کی پشت پناہی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ٹرین حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے علیحدگی پسند گروپ بلوچ لبریشن آرمی کی طرف اس حملے کے بارے میں ایک بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس کے جنگجو 214 یرغمالیوں کو لے کر وہاں سے نکل گئے تھے اور اس کے بعد ان سبھی کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ منگل 11 مارچ کو عسکریت پسندوں نے صوبہ بلوچستان کے ایک دور افتادہ پہاڑی درے میں ٹرین کی پٹریوں کو دھماکے سے اڑا دیا، جعفر ایکسپریس میں موجود مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔ فوج کے ترجمان احمد شریف چوہدری کے مطابق فوجیوں نے 33 باغیوں کو ہلاک کیا، 354 یرغمالیوں کو بازیاب کرایا اور اس ہائی جیکنگ کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ بی ایل اے جائے وقوعہ سے دیگر افراد کو یرغمال بنا کر لے گئی۔ فوجی ترجمان نے بتایا کہ حتمی اعداد و شمار کے مطابق حملے اور ریسکیو مشن میں 23 فوجی، تین ریلوے ملازمین اور پانچ مسافر ہلاک ہوئے۔