جعفر ایکسپریس کی پٹریوں پر دھماکہ، چھ بوگیاں اتر گئیں

   

اسلام آباد ۔ 10 اگست (ایجنسیز) پولیس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین جعفر ایکسپریس کے ٹریک پر اتوار کو ہونے والے دھماکے سے ٹرین کی چھ بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سپیزنڈ کے قریب ریلوے ٹریک پر اتوار کو اس وقت دھماکہ ہوا جب جعفر ایکسپریس ٹریک سے گزر رہی تھی۔سپیزنڈ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ کا ایک دور دراز قصبہ اور یونین کونسل ہے۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس دھماکے کے نتیجے میں ٹرین کو نقصان پہنچا ہے مگر جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔رواں برس 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس پر مسلح افراد نے بولان کے علاقے میں حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ٹرین میں 400 سے زائد افراد سوار تھے جن میں سے بعض کا تعلق افواج پاکستان سے تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی تھی۔اس حملے میں کم از کم 18 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 26 افراد جان سے چلے گئے تھے جبکہ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 33 عسکریت پسند مارے گئے تھے۔اس حملے کے بعد قریباً دو ہفتوں کے لیے جعفر ایکسپریس کی سروس کو معطل کر دیا گیا تھا اور پھر 27 مارچ کو دوبارہ اس کی خدمات شروع کی گئی تھی۔