رئیل اسٹیٹ میں سرگرم نیوز چینل کا منیجنگ پارٹنر گرفتار
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) پولیس نے دھوکہ دہی اور جعلسازی کے ذریعہ شہر کے ایک بڑے تاجر کو دھوکہ دینے کے الزام میں نیوز چینل کے منیجنگ پارٹنر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق 48 سالہ پی شیکھر گوڑ متوطن تونڈو پلی ولیج شمس آباد سائی ٹی وی نیوز چینل کا منیجنگ پارٹنر ہے اور رئیل اسٹیٹ کے کاروبار میں سرگرم ہے۔ شیکھر گوڑ نے اپنے ایک ساتھی کی مدد سے شمس آباد کے علاقہ موسیٰ پیٹ میں 1500 مربع گز اراضی کے جعلسازی کے ذریعہ فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے اسے شہر کے مشہور تاجر جن کا تعلق بنجارہ ہلز سے ہے کو 11.25 کروڑ میں فروخت کرنے کی پیشکش کی جس کے نتیجہ میں تاجر نے شیکھر گوڑ کی دستاویزات پر بھروسہ کرتے ہوئے اسے ایک کروڑ 10 لاکھ روپئے پیشگی رقم ادا کردیا بعد ازاں تاجر کو اس بات کا علم ہوا کہ مذکورہ اراضی متنازعہ ہے اور جعلسازی کے ذریعہ شیکھر گوڑ نے دستاویزات تیار کیا۔ اس سلسلہ میں سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) پولیس نے شیکھر گوڑ کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا اور تحقیقات کے دوران اس بات کا پتہ چلا کہ شیکھر گوڑ نے اپنی بیوی سریتا کے ساتھ اپریل 2019 میں 5TV نیوز چینل کا آغاز کیا تھا اور اس کے لئے ونائیکا براڈ کاسٹنگ نیٹ ورک قائم کیا تھا۔ گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔ب