اسلام آباد ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جعلی بینک اکاؤنٹس کے کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک صدرنشین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواست مسترد کرنے کے بعد زرداری کو آج ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتاری کا وارنٹ پیر کو قومی اعتصاب بیورو کی جانب سے جاری کیا گیا تھا۔ البتہ ان کی بہن فریال تالپور کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ دونوں بھائی بہنوں نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعہ مبینہ طور پر 150 ملین روپیوں کی معاملتیں کی تھیں۔ خیال رہے کہ سابق صدر 28 مارچ سے لے کر اب تک عبوری ضمانت پر تھے جس میں پانچ مرتبہ توسیع کی گئی۔اس سے پہلے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پیر کو سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر اور وکیلِ صفائی فاروق ایچ نائیک کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا۔
