جعلی دستاویزات پر ایجوکیشن لون ‘ دو بینک مینیجرس گرفتار

   

حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس) پولیس نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے دو منیجرس کو جعلی دستاویزات پر ایجوکیشن لون فراہم کرنے پر انہیں گرفتارکرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا پرسنل بینکنگ بزنس کے حکام نے اسی بینک کے سابقہ منیجرس سباوت لکھپتی جو شمشیر گنج برانچ کا منیجر تھا اور جی وسنت کمار بنڈلہ گوڑہ برانچ کے سابقہ منیجر کے خلاف شکایت درج کروائی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ جعلسازی کے ذریعہ تیار کئے گئے ملکیت کے دستاویزات پر برطانیہ اور آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے ایجوکیشن لون جاری کیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ خانگی کنسلٹنسی سے ساز باز کے ذریعہ فرضی دستاویزات پر قرض فراہم کیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کو کافی نقصان پہنچا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ اس ریاکٹ میں ملوث جے سرینواس جو دستاویزات تیار کرنے کا کام کرتا ہے کو بھی گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 120 یونیورسٹیز کے فرضی ایڈمیشن لیٹر اور دیگر دستاویزات ضبط کرلئے۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔