450 افراد کو امریکہ اور کینیڈا کا ویزا دلانے 3,50,000 تا چار لاکھ روپئے کی وصولی
حیدرآباد 18 فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد کی ٹاسک فورس پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر دھاوا کرتے ہوئے فرضی دستاویزات کے ذریعہ ٹراویل ایجنسی چلانے اور پاسپورٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے کہاکہ اِس ٹولی کا سرغنہ 42 سالہ محمد عبدالرحیم الدین ساکن حسینی علم ہے جو اپنے مکان واقع ثناء پیالس سعیدآباد اور دیگر ساتھیوں کی مدد سے گولکنڈہ علاقہ میں غیرقانونی طور پر ٹراویل کنسلٹنسی چلارہا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے کی غرض سے رحیم الدین اور اُس کے ساتھیوں نے امریکہ، خلیج، فرانس، اسپین، اٹلی کے ٹراویل پیاکیجس فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دے رہا تھا۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ رحیم الدین اور اُس کے ساتھی 40 سالہ خالد خان، 49 سالہ محمد شیخ الیاس اور 32 سالہ محمد عمران اور 49 سالہ محمد ظہیرالدین نے کلر پرنٹر، لیاپ ٹاپ اور جعلی ربر اسٹامپس کی مدد سے فرضی دستاویزات تیار کئے اور کئی افراد سے اُن کے پاسپورٹس حاصل کئے۔ انجنی کمار نے کہاکہ محمد شیخ الیاس کا تعلق چینائی سے ہے اور وہ اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے پاسپورٹ سے چھیڑ چھاڑ کیا کرتا تھا۔ اِسی طرح چھتہ بازار کے ڈی ٹی پی آپریٹر سید عمران بھی سرکاری محکمہ جات کے فرضی سیل اور لیٹر ہیڈ اور ربر اسٹامپ کے لئے ڈیزائن تیار کیا کرتا تھا۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ محمد عبدالرحیم الدین نے تقریباً 450 افراد کو فرضی دستاویزات کے ذریعہ ویزا کے حصول میں مدد کی تھی اور اِس غیر قانونی کاروبار سے ایک کروڑ روپئے کا منافع حاصل کرتے ہوئے علاقہ الوال، شاہین نگر، شاد نگر میں فلیٹس اور پلاٹس خریدے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹاسک فورس کی ٹیموں نے علاقہ سعیدآباد، گولکنڈہ اور دیگر علاقوں میں دھاوے کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ اِس ٹولی کا سرغنہ رحیم الدین کے خلاف سابق میں پولیس اسٹیشن چادرگھاٹ، حسینی علم اور لنگرحوض میں اسی قسم کے چار مقدمات درج کئے گئے تھے۔