جعلی سرٹیفکیٹس بنانے کا دباؤ، خاتون ڈاکٹر کی خودکشی

   

ممبئی ۔ 25 اکتوبر (ایجنسیز) ملک میں زیادتی اور جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس بنانے کے دباؤ کے سبب ایک خاتون ڈاکٹر نے خودکشی کرلی۔ مہاراشٹر کے ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں تعینات 26 سالہ خاتون ڈاکٹر نے خودکشی سے قبل ایک چار صفحات پر مشتمل خط چھوڑا ہے جس نے ریاستی انتظامیہ اور پولیس محکمہ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ میڈیا کے مطابق خودکشی کرنے والی خاتون ڈاکٹر نے ایک پولیس سب انسپکٹر پر چار بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے، خاتون ڈاکٹر نے اپنے خط میں انکشاف کیا ہے کہ اس پر متعدد بار مجرموں کے لیے جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کرنے کا بھی دباؤ ڈالا گیا اور انکار کرنے پر اسے شدید ذہنی و جسمانی اذیت دی گئی۔ میڈیا کے مطابق خاتون ڈاکٹر تقریباً دو سال سے اس اسپتال میں خدمات انجام دے رہی تھی اور صرف ایک ماہ بعد ہی اس کا دیہات میں خدمات سرانجام دینے کا معاہدہ مکمل ہونے والا تھا جس کے بعد خاتون ڈاکٹر کا پوسٹ گریجویٹ تعلیم حاصل کرنے کا ارادہ تھا۔