جعلی ووٹ آئی ڈی اور آدھار بنانے والا بنگلہ دیشی گرفتار

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ /27 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کی ٹاسک فورس پولیس نے تلبیسی شخصی کے ذریعہ ووٹرشناختی کارڈ اور آدھار کارڈ حاصل کرنے کے الزام میں بنگلہ دیشی باشندے کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق 21 سالہ محمد رفیق جو تالاب کٹہ ، بھوانی نگر میں رائل باورچی ہوٹل کا ملازم ہے اور اصل میں بنگلہ دیشی باشندہ ہے ۔ پولیس نے کہا کہ 2017 ء میں محمد رفیق مختلف ذریعہ سے راجستھان کے شہر اجمیر پہونچا اور اپنے قریبی رشتہ دار کے پاس کچھ دن رہ کر حیدرآباد منتقل ہوا ۔ مذکورہ بنگلہ دیشی باشندہ پرانے شہر کے علاقہ بھوانی نگر تالاب کٹہ میں واقع رائل باورچی ہوٹل میں ملازمت کررہا تھا اور اسی دوران وہ مقامی می سیوا کے پروپرائیٹر میرمعظم علی خان سے رجوع ہوا اور قومی دستاویزات بنانے کیلئے کہا جس پر معظم علی نے مذکورہ بنگلہ دیشی باشندے کی مدد کرتے ہوئے اسے ووٹر شناختی کارڈ ، آدھار کارڈ اور اس کی بنیاد پر ایرٹیل کا سم کارڈ حاصل کرنے میں مبینہ طور پر مدد کی ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم کے انسپکٹر ایس راگھویندرا نے محمد رفیق کو حراست میں لے لیا اور اس کی تفتیش کی جس میں یہ معلوم ہوا کہ رفیق بنگلہ دیش کا باشندہ ہے اور اس کا تعلق بنگلہ دیش کے شہر کاکس بازار ڈھاکہ سے ہے ۔ گرفتار بنگلہ دیشی کوعدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا تھا ۔