اسونسیون۔8مارچ ( سیاست ڈاٹ کام )برازیل سے تعلق رکھنے والے معروف سابق فٹ بالر رونالڈینو کو جعلی پاسپورٹ رکھنے پر پیراگوئے میں گرفتار کرلیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی امریکہ کے ملک پیراگوئے میں داخل ہونے کے لیے جعلی پاسپورٹ استعمال کرنے کے الزام میں معروف فٹبالر رونالڈینو اور ان کے بھائی کو حراست میں لے لیا گیا۔ رونالڈینو اپنے بھائی کے ہمراہ پیراگوئے کے دارالحکومت میں واقع ایئرپورٹ پہنچے تھے۔کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ شہرہ آفاق فٹبالر رونالڈینو نے ملک میں داخلے کے لیے جو کاغذات دکھائے وہ جعلی تھے جس پر دونوں بھائیوں کو مزید تفتیش کے لیے گرفتار کیا گیا۔ رونالڈینو نے کسی قسم کے غیر قانونی اقدام میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگا یہ خصوصی اور اعزازی پاسپورٹ ہے۔پیراگوئے کے اعلیٰ حکومتی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، تفتیشی عمل جاری ہے اور مکمل تسلی ہونے تک معروف فٹبالر کو رہا نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ برس بھی ٹیکس نہ دینے اور جرمانہ ادا نہ کرنے پر رونالڈینو کے برازیلی اور اسپینی پاسپورٹ ضبط کر لیے گئے تھے۔واضح رہے کہ 4 سال قبل کیوبا کے سیاحتی مقام پر بھی رونالڈینو اور ان کے بھائی کے غیر قانونی طور پر مچھلیوں کے شکار کرنے پر گرفتار ہوئے تھے اور دونوں پر 85 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد ہوا تھا۔