جـرائـم و حـادثـات

   

منشیات کا بین ریاستی ریاکٹ بے نقاب
دو افراد گرفتار ، اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون کی کارروائی

حیدر آباد : /17 جنوری (سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے منشیات کے بین ریاستی ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ہیروئین راجستھان سے حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے مہنگے داموں میں فروخت کی جارہی تھی ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے اس بڑے نٹ ورک کا پردہ فاش کردیا ۔ اور 23 لاکھ مالیتی منشیات کو ضبط کرلیا ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ سدھیر بابو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 18 سالہ مہیش عرف مہیش ساریم اور 19 سالہ مہیپال ساکنان سفیل گوڑہ نریڈمیڈ متوطن راجستھان کو گرفتار کرلیا ۔ ایل بی نگر ایس او ٹی اور نریڈ میڈ پولیس نے مشترکہ کارروائی میں ان دونوں کے قبضہ سے 190 گرام ہیروئین ، دو موٹر سائیکل ، 2 موبائیل فون ، سم کارڈ ، ویٹنگ مشین اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ مہیش نے راجستھان میں شمس الدین سے رابطہ کیا جو پلپوڑی ضلع راجستھان کا ساکن ہے ۔ شمس الدین منشیات کا اسمگلر بتایا گیا ہے ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ شمس الدین سے ایک لاکھ روپئے میں 200 گرام ہیروئین حاصل کرنے کے بعد مہیش بذر یعہ ٹرین حیدرآباد پہنچا اوراپنے ساتھی مہیپال سے ملاقات کی اور گراہکوں کو مہنگے داموں میں ہیروئین فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ گراہکوں سے رابطہ کرتے ہوئے بذر یعہ اوبر ، ریاپیڈو ، اولا اور پورٹر کے ذریعہ ڈیلیوری دینے کی تیاری کرلی ۔ اور رقم بھی آن لائین حاصل کی جاتی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ مکیش کمار بجرنگ اور پرکاش بشنوئی کو پارسل روانہ کیا گیا ۔ ان گراہکوں کی تفصیلات بھی حاصل کی جارہی ہیں ۔ اس دوران حاصل خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایس او ٹی ایل بی نگر نے نریڈ میڈ پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ منشیات کے خلاف سخت گیر اقدامات اور کارروائیاں جاری ہیں ۔ سال 2024 ء میں سے لیکر تادم کی گئی کارروائی میں رچہ کنڈہ پولیس نے 88 کروڑ 33,98,505 روپئے کی منشیات کو ضبط کیا ۔ ع

بنڈلہ گوڑہ میں خوفناک سڑک حادثہ
ماں بیٹی ہلاک اور دیگر زخمی ، ٹرک ڈرائیور کی لاپرواہی
حیدرآباد : /17 جنوری (سیاست نیوز) شہر کے بنڈلہ گوڑہ علاقہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ماں بیٹی ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ بنڈلہ گوڑہ سڑک پر پیش آیا ۔ لاپرواہ ٹرک ڈرائیور کے سبب پیش آئے اس حادثہ پر مقامی عوام نے سخت بر ہمی ظاہر کی ۔ حادثہ کے مقام پر دلخراش مناظر اور ماں بیٹی کی نعشوں کو دیکھ کر مقامی عوام کی برہمی میں اضافہ ہوگیا ۔ زخمیوں کو مقامی عوام نے فوری بذریعہ ایمبولینس مقامی خانگی ہاسپٹل منتقل کیا ۔ اس خوفناک حادثہ میں ہلاک افراد کی شناخت 35 سالہ رخسانہ بیگم اور 3 سالہ شفا کی حیثیت سے کرلی گئی ۔ رخسانہ اور شفا ماں بیٹی تھیں جبکہ زخمیوں میں 40 سالہ وسیم اور 6 سالہ مزمل باپ بیٹے بتائے گئے ۔ وسیم آج اپنی موٹر سائیکل پر بیوی بچوں کو لیکر لنگر حوض سے فلک نما کی جانب آرہے تھے ۔ ان کی موٹر سائیکل جیسے ہی بنڈلہ گو ڑہ علاقہ میں پہنچی ایک لاپرواہ ٹریک نے انہیں بازو سے ٹکر دے دی جس کے سبب چاروں گرپڑے اور شدید زخمی ہوگئے ۔ حادثہ کی شدت کے سبب رخسانہ اور ان کی کمسن بچی برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ وسیم اور ان کے فرزند کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ مائیلاردیوپلی پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع

شیخ پیٹ کے ریلائنس ٹرینڈ کی عمارت میں آتشزدگی
حیدرآباد : /17 جنوری (سیاست نیوز) شیخ پیٹ کے علاقہ میں آتشزدگی کے واقعہ کے بعد سنسنی پھیل گئی ۔ ریلائنس ٹرینڈ کی عمارت میں پیش آئے اس حادثہ سے علاقہ میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ شیخ پیٹ میں واقع ایک فرٹیلیٹی سنٹر میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔ عمارت کی دوسری منزل پر لگی آگ نے ایک اسٹیڈی سنٹر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ تاہم اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا اور فوری طور پر کارروائی کے ذریعہ عمارت میں پھنسے تین افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ۔ ڈی مارٹ کے قریب ریلائنس ٹرینڈ کے بالائی حصہ میں فرٹیلیٹی سنٹر پایا جاتا ہے ۔ع
تاہم آگ لگنے کی وجوہات کا فوری پتہ نہ چل سکا ۔ اطلاعات کے مطابق آج صبح تقریباً ساڑھے 5 بجے آگ لگی ۔ آتشزدگی کی اس اطلاع کے بعد لنگر حوض، مادھاپوراور پنجہ گٹہ فائر اسٹیشنوں سے فائر بریگیڈ گاڑیاں پہنچی اور طویل مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ فائر بریگیڈ عملہ نے آگ کو پھیلنے سے قابو پانے میں کامیابی حاصل کی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع

افضل گنج فائرنگ واقعہ کی تحقیقات میں شدت
زخمی شخص کی حالت مستحکم ، پولیس کو ڈاکوؤں کی تلاش
حیدرآباد : /17 جنوری (سیاست نیوز) افضل گنج فائرنگ واقعہ کی تحقیقات میں سٹی پولیس نے شدت پیدا کردی ہے ۔ کل رات پیش آئے فائرنگ کے واقعہ میں زخمی ٹراویل ایجنسی کے منیجر جہانگیر کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے ۔ تاہم پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کو شدت سے تلاش کیا جارہا ہے ۔ کرناٹک کے بیدر میں اے ٹی ایم عملہ پر فائرنگ کے بعد ڈاکو حیدرآباد آئے تھے ۔ اس فائرنگ واقعہ میں زخمی ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ حیدرآباد سٹی پولیس نے کل رات ناکہ بندی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کردی تھی اور جملہ 10 خصوصی ٹیمیں ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کیلئے متحرک ہوگیئں ہیں ۔ بیدر میں واردات انجام دینے کے بعد حیدرآباد کا رخ کرنے والے ڈاکوؤں کی ٹولی کا پتہ چلالیا گیا ہے ۔ امیت کمار ٹولی جو بہار کی بدنام زمانہ لٹیروں کی ٹولی ہے اس ٹولی کے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ باوثوق ذر ائع کے مطابق رائے پور بہار کے علاوہ بیدر اور ممکنہ مقامات پر چھان بین کی جارہی ہے ۔ حیدرآباد سٹی پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے رائے پور پولیس سے رابطہ قائم کیا اور امیت کمار ٹولی کی مکمل رپورٹ حاصل کی گئی ۔ امیت کمار ٹولی بہار کی بدنام زمانہ ٹولیوں میں شمار کی جاتی ہے اور کئی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ حیدرآباد سٹی پولیس اس بات کا پتہ لگارہی ہے کہ بیدر میں واردات کے بعد ڈاکو حیدرآباد کس طرح پہنچے اور پھر یہاں سے رائے پور جانے کا انکا منصوبہ کیا تھا ۔ لوٹی ہوئی رقم ساتھ لیکر گھومنے والے ڈاکوؤں کے مزید ساتھی کیا ان کی نگرانی میں تھے ۔ یا پھر یہ دونوں ہی حیدرآباد آئے اور پولیس سے بچنے کیلئے انہوں نے خانگی طبی سرویس کا استعمال کیا ۔ سی سی ایس پولیس کے علاوہ ٹاسک فور س اور لا اینڈ آرڈر کی ٹیمیں انہیں تلاش کررہی ہیں ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس کو اہم سراغ ہاتھ لگے ہیں ۔ امکان ہے کہ ان ڈاکوؤں کو بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔ انسپکٹر افضل گنج روی نے بتایا کہ زخمی جہانگیر کی حالت بہتر ہورہی ہے ۔ع
ایڈیشنل ریونیو انسپکٹر ڈنڈی رشوت لیتے ہوئے گرفتار
حیدرآباد ۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) ضلع نلگنڈہ کے ڈنڈی کے ایڈیشنل ریونیو انسپکٹر کو اے سی بی عہدیداروں نے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گنڈلا پلی منڈل کے ڈنڈی علاقہ کے اے آر آئی نے کلیانہ لکشمی اسکیم کی انکوائری کیلئے شکایت کنندہ کی بہن کے انکوائری کرنے اور فائل کو آگے بڑھانے کیلئے 10 ہزار روپئے طلب کیا اور 5 ہزار میں بات طئے ہونے کے بعد اس نے 5 ہزار روپئے رشوت حاصل کی۔ اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں نے اے آر آئی کو جال بچھا کر رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اے سی بی عہدیداروں نے بتایا کہ نیشادت شیام نائیک اے آئی آئی جو ڈیوٹی کو صحیح انداز میں انجام دینے کے بجائے رشوت کی رقم حاصل کررہے تھے، 2020ء میں بھی شیام نائیک کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔ اے سی بی عہدیداروں نے اے آر آئی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرکے نامپلی کورٹ میں پیش کیا۔ش

کوٹھی ہاسپٹل کا عہدیدار رشوت لیتے ہوئے گرفتار
حیدرآباد ۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو نے کوٹھی ہاسپٹل میں کارروائی کرتے ہوئے ایک رشوت خور عہدیدار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ نیز اسسٹنٹ گورنمنٹ این این ٹی ہاسپٹل کوٹھی سنتوشی تیواری کو اے سی بی نے تین ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ شکایت گذار کو ریٹائرمنٹ فائدہ فراہم کرنے کی درخواست پر کارروائی کیلئے سنتوش تیواری نے رشوت کا مطالبہ کیا اور دباؤ ڈال رہا تھا۔ 20 ہزار روپئے رشوت کا مطالبہ کرتے ہوئے 17 ہزار روپئے حاصل کرلیا تھا اور تین ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ اے سی بی حیدرآباد یونٹ 1 نے کارروائی کرتے ہوئے سنتوش تیواری کو نامپلی کی خصوصی اے سی بی عدالت میں پیش کردیا۔ع

شمس آباد میں جعلی انشورنس تیار کرنے والے 15 افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) جعلی انشورنس تیار کرنے والے 15 افراد کو شمس آباد ایس او ٹی ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شمس آباد میں آر ٹی اے ایجنٹس جو ریلائنس کمپنی کے نام پر ٹو وہیلرس اور فور وہیلرس گاڑیوں کا انشورنس تیار کرکے عوام کو گمراہ کررہے تھے، ریلائنس کمپنی انشورنس کے عہدیداروں کو شبہ ہوا کہ ان کی کمپنی کے لوگو کو غلط استعمال کیا جارہا ہے جس پر ریلائنس انشورنس کمپنی کے عہدیداروں کی شکایت پر شمس آباد ایس او ٹی ٹیم نے شرون گوڑ، شیو کمار اور اویس بشمول 15 ایجنٹس کو مبینہ طور پر جعلی انشورنس تیار کرنے پر گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ ش