مزدوروں میں کھانا تیار کرنے پر جھگڑا، ایک شخص کی مشتبہ موت
حیدرآباد۔ 14 مارچ (سیاست نیوز) میاں پور کے علاقہ میں ایک شخص کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا۔ دو مزدوروں میں جھگڑا اور کھانا تیار کرنے پر تنازعہ کے بعد ایک کی موت ہوگئی۔ میاں پور پولیس اس سلسلہ میں مصروف تحقیقات ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کشن عرف کشن نشاد، مہیش، رام شنکر عرف بڑے بابو دیگر پیشہ سے تعمیراتی مزدور ہیں جن کا تعلق ریاست اترپردیش کے مہاراج گنج ضلع سے بتایا جاتا ہے جو یہاں پریم نگر حفیظ پیٹ میں رہتے ہیں۔ یہ مزدور دو گروپ میں تقسیم ہوگئے تھے اور ہر فرد اپنے گروپ کے ساتھ تھا۔ ان کے درمیان کھانا بنانے کے لئے بحث و تکرار ہوئی کشن نشاد نے ان کے درمیان بات چیت کرائی اور کھانا خود تیار کیا۔ اس دوران سریندر اور کشن میں جھگڑا اور سب نے مئے نوشی کی تھوڑی دیر بعد مئے نوشی کرنے والے سریندر اور کشن لفٹ کے گڑھے میں پائے گئے۔ دونوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں سریندر مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ دونوں میں مئے نوشی کے دوران جھگڑا ہوا اور اس جھگڑے میں ہاتھا پائی کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ میاں پور پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ع
جوبلی ہلز میں کار کی دہشت، کوئی جانی نقصان نہیں
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز میں ایک اور کار کی دہشت کا معاملہ سامنے آیا۔ آج صبح کی اوّلین ساعتوں میں کار ڈیوائیڈر پر چڑھ گئی۔ فٹ پاتھ ریلنگ کو توڑنے کے علاوہ کار کو کافی نقصان ہوا۔ تاہم اچھی بات یہ رہی کہ اس خوفناک واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس مرتبہ کار کی دہشت کا واقعہ روڈ نمبر 45 جوبلی ہلز میں معروف فلم اسٹار بالا کرشنا کے مکان کے قریب پیش آیا۔ کار کی رفتار کافی تیز تھی جو روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر ریلنگ کو توڑ دیا۔ صبح کے اوقات ہونے کے سبب کوئی جانی نقصان کا واقعہ پیش نہیں آیا اور نہ ہی کوئی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ بعدازاں پولیس نے کار کو ہٹادیا۔ ڈرائیور کے حالت نیند میں ہونے کے سبب حادثہ پیش آنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ ع
شوہر کی ہراسانی کا شکار بیوی کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : عطا پور کے علاقہ میں ایک خاتون نے شوہر کی ہراسانی سے تنگ آکر خود کشی کرلی ۔ عطا پور پولیس کے مطابق 27 سالہ سپنا جو پانڈو رنگا نگر عطا پور علاقہ کے ساکن امریش کی بیوی تھی کو شوہر کی جانب سے زائد جہیز کے لیے ہراساں کیا جارہا تھا ۔ ضلع بیدر سے اس خاندان نے سال 2022 میں شادی کے بعد حیدرآباد کا رخ کیا اور بی ایچ ای ایل میں قیام پذیر تھے ۔ جس کے بعد انہوں نے عطا پور منتقل کیا ۔ امریش ٹک ٹاک میں کام کرتا تھا ۔ دیڑھ سال قبل سپنا نے ایک لڑکی کو جنم دیا جس کا نام تروپتی رکھا گیا ۔ لڑکی کی پیدائش کے بعد سے شوہر زائد جہیز کا مطالبہ کرتے ہوئے سپنا کو پریشان کررہا تھا اور اس کے مطالبہ کی ایک سے زائد مرتبہ تکمیل کی گئی ۔ باوجود اس کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ بیوی کو پریشان کررہا تھا ۔ جس سے تنگ آکر سپنا نے خود کشی کرلی ۔ ع
عطا پور پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع