جـرائم و حـادثـات

   

خاتون آئی اے ایس عہدیدار کے خلاف سوشیل میڈیا پر کردار کشی پرناراضگی
صحافیوں کو حد میں رہ کر کام کرنے کا مشورہ ، ڈی جی پی شیودھر ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد: 14 جنوری (سیاست نیوز) ریاست کی خاتون آئی اے ایس عہدیدار کیخلاف خبر نشر کرنے کے سلسلہ میں درج کئے گئے دو مقدمات کے سلسلہ میں تلگو ٹی وی چینل کے تین ساتھیوں کی گرفتاری پر ریاستی پولیس سربراہ نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ۔ تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس بی شیودھر ریڈی نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہونے والی شخصی کردار کشی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ ایک بیان میں انہوں نے محکمہ کی پالیسی کو دہرایا۔ اپنی سابقہ ہدایات کو یاد کرتے ہوئے ڈی جی پی نے بتایا کہ آفس سنبھالنے کے فوراً بعد یکم اکتوبر کو صحافیوں کے اجلاس میں سوشل میڈیا استعمال پر واضح ہدایات جاری کی تھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ قانونی حدود پار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈی جی پی نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا کے پردے میں شخصی کردار کشی، دوسروں کی عزت کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہونے والوں کے خلاف ناگزیر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ افراد یا ان کے خاندان کے ارکان کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلانا، بے بنیاد الزامات لگانا، جعلی خبریں گردش کرنا یا ذاتی زندگیوں میں مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی جی پی نے کہا کہ قانونی دائرے میں تعمیری تنقید یا رائے کا اظہار کرنے پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن ان حدود کو پار کرتے ہوئے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرکے جھوٹ پھیلانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ب
صحافیوں کی گرفتاری پر کمشنر پولیس سجنار کا ردعمل
حیدرآباد : 14 جنوری (سیاست نیوز) تلگو ٹی وی چینل کے صحافیوں کی گرفتاری پر پولیس کمشنر حیدرآباد وی سی سجنار نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شخص بھی ہندوستان کے قانون سے بالاتر نہیں ہے ۔ انہوں نے خاتون آئی اے ایس عہدیدار کے خلاف نشر کردہ پروگرام کے سلسلہ میں سی سی ایس میں درج کئے گئے مقدمہ اور بعض صحافیوں کی گرفتاری پر کہا کہ جب ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تحقیقات کے سلسلہ میں رپورٹرس کو طلب کررہی ہے تو کیوں پولیس کے روبرو حاضر ہونے کے بجائے فلائیٹ سے فرار ہونے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ سجنار نے کہا کہ ٹی وی چینل کے رپورٹرس نے ایس آئی ٹی کے روبرو حاضر ہونے اور اپنا موقف واضح کرنے کے بجائے بینکاک کا ٹکٹ بک کرواکر یہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے صحافتی حلقوں میں پولیس کی اس کارروائی کا تقابل ایمرجنسی رول سے کرنے پر کہا کہ اگر ایمرجنسی نافذ ہوتی تو کیا کوئی بھی رپورٹرس آزادی سے کام کرسکتے تھے جبکہ انہیں پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہوتا ۔ تنقید یا رائے قانون کے دائرے میں ہونی چاہئیے اور خواتین کیلئے بالخصوص بہت ہی احتیاط سے اپنی رائے کا اظہار کرنا لازم ہے لیکن کسی بھی خاتون چاہے وہ سرکاری عہدیدار ہو یا پھر گھریلو خاتون اس کی شخصی کردار کشی کی اجازت قانون نہیں دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینل کے رپورٹرس کی گرفتاری پر تفصیلی بیان جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے ٹی وی چینل اور اس سے متعلق ملازمین بشمول رپورٹرس سے یہ اپیل کی ہے کہ وہ اس کیس میں ایس آئی ٹی سے تعاون کریں ۔ ب

راہگیروں کو گلاب کی طرز پر زندگی گذارنے کا مشورہ
چینی مانجے کے خلاف آصف نگر پولیس کی انوکھی مہم
حیدرآباد۔ 14 جنوری (سیاست نیوز) شہر میں چینی مانجے کے خلاف ایک طرف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں تو وہیں دوسری طرف آصف نگر پولیس نے چینی مانجھے کے خلاف انوکھی مہم شروع کردی ہے۔ راہگیروں کا راستہ روک کر ان میں چینی مانجھے کے خلاف شعور بیدار کیا جارہاہے۔ چینی مانجھے کے سبب خود اور شہریوں کو لاحق خطرات سے شہریوں کو واقف کرواتے ہوئے اس کے خطرناک اثرات کا ذکر کیا جارہا ہے۔ شہریوں کو مہم سے جوڑنے کے لئے آصف نگر پولیس نے شہریوں میں لال گلاب تقسیم کیا۔ پھول کے ذریعہ اپنی پھول جیسی زندگی کو چینی مانجھے کے اثرات سے بچانے کی تلقین کی جارہی ہے اور پھول کی خاصیت اور خصوصیت سے شہریوں کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ پھول کی طرح اپنے بہترین عمل سے اپنی خوشبو سماج میں بکھیرتے رہیں۔ پھول ایک بہترین پیغام دیتا ہے اور شہریوں کو اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت خطرناک چینی مانجھے سے خود بھی دور رہتے ہوئے سوسائٹی سے چینی مانجھے کے مکمل بائیکاٹ اور اس کو مسترد کرنے کے لئے درخواست کی جارہی ہے۔ آج مہدی پٹنم چوراہے پر آصف نگر پولیس کی جانب سے شہریوں میں پھول تقسیم کئے گئے اور انہیں چینی مانجھے کے خلاف جاری جدوجہد کا حصہ بننے کی خواہش کی گئی۔ ع

چینی مانجہ فروختگی کے خلاف سخت انتباہ : رکشیتا کے مورتی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سکندرآباد زون ڈی سی پی رکشیتا کے مورتی آئی پی ایس نے چہارشنبہ کو وارثی گوڑہ اور چلکل گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود کا دورہ کیا ۔ اپنے دورے میں ڈی سی پی نے پتنگوں کی دکانوں کا معائنہ کیا اور چینی مانجہ فروخت نہ کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی چینی مانجہ فروخت کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈی سی پی نے عوام سے اپیل کی کہ تہوار کو خوشیوں کے ساتھ منائے ۔ چینی مانجے سے انسانوں کے ساتھ پرندوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ اگر کوئی دکان پر چینی مانجہ فروخت کررہا ہے تو مقامی پولیس اسٹیشن کو اطلاع کرنے کی بھی ڈی سی پی نے اپیل کی ۔۔ ش

کراچی مہندی کے غیر قانونی مینوفیکچرنگ یونٹس بے نقاب ، سپلائیر گرفتار
حیدرآباد۔ 14 جنوری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ ایسٹ زون ٹیم نے بالاپور اور افضل گنج پولیس کے تعاون سے دو جگہوں پر چھاپہ مار کر نقلی کراچی مہندی کے کونس کا غیر قانونی مینوفیکچرنگ یونٹ پر دھاوا کیا اور ایک سپلائر کو بھی گرفتار کر لیا۔ ضبط شدہ مشینری اور نقلی کراچی مہندی کی مالیت تقریباً 8 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے ضبط کرلئے ۔ تفصیلات کے مطابق بالاپور پولیس اسٹیشن کے حدود میں مینار کالونی پر واقع مینوفیکچرنگ یونٹ اور افضل گنج پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایس کے ایس ٹریولز اینڈ کارگو پر بیک وقت دھاوا کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 48 سالہ محمد آصف مینوفیکچرنگ یونٹ چلا رہا تھا جبکہ 25 سالہ دیپک کمار ساکن گولکنڈہ ہول سیلر اور سپلائر تھا۔ پولیس نے اس کارروائی میں نقلی کراچی کون کے 8400 کونس ، مشین وغیرہ برآمد کرلئے ۔ محمد آصف نے اپنے یونٹ میں بغیر برانڈ کے مہندی بنانا شروع کیا تھا، لیکن کم طلب کی وجہ سے نقلی ’’کراچی مہندی‘‘ بنانا شروع کر دیا جو مارکیٹ میں بہت مقبول ہے۔ وہ دیپک کمار کے ذریعے جعلی ٹرانسپورٹ کے ذریعے شہر اور دیگر مقامات پر فروخت کرتا تھا اور عوام کو دھوکہ دے کر بھاری منافع کما رہا تھا۔ یہ کارروائی انسپکٹر ایس سیدا بابو کی نگرانی میں کی گئی ۔ ب

سنگاریڈی میں سڑک حادثہ ، ایک ہلاک ، سات زخمی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سنگاریڈی میں آر ٹی سی بس اور ٹرالی آٹو کی ٹکر کے نتیجے میں ایک لڑکی ہلاک اور 7 افراد زخمی ہوگئے ۔ انسپکٹر انیل کمار نے بتایا کہ نارائن کھیڑ ڈپو کی آر ٹی سی بس جو سنگاریڈی سے نارائن کھیڑ جارہی تھی جس میں 72 مسافر موجود تھے ۔ جیسے ہی بس مضافاتی علاقے میں پہنچی آٹو ٹرالی بس سے ٹکرا گئی ۔ جس کے نتیجہ میں ٹرالی میں موجود فلیکس اور لوہے کی سلاخیں بس میں پہنچ گئی ۔ جس میں سوار آئی آئی آئی ٹی سال اول کی طالبہ 18 سالہ پوجا کے سرپرگہرے زخم آئے جسے 108 ایمبولنس کے ذریعہ دواخانہ منتقل کرنے ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ اس حادثے میں بس ڈرائیور سمیت سات مسافر زخمی ہوگئے ۔ اطلاع ملتے ہی ضلع ایس پی پرشیوتھ پنکج نے مقام کا معائنہ کیا ۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے اس حادثے پر اپنے گہرے غم کا اظہار کیا ۔ پولیس نے آٹو ٹرالی ڈرائیور کو حراست میں لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ۔۔ ش

شمس آباد میں سڑک حادثہ ، تین افراد زخمی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد ایرپورٹ میں اے ٹی سی روٹری کے قریب ایک سڑک حادثہ میں تین افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق وشاکھا پٹنم ضلع کے پیندورتی منڈل سے تعلق رکھنے والی گناپتما سنکرانتی کے موقع پر اس کی بیٹی تیجسونی پانچ ماہ کی حاملہ جو شمس آباد میں رہ رہی تھی اسے لیجانے کے لیے آئی اور ہوائی جہاز کا ٹکٹ بک کر کے شمس آباد سے ایرپورٹ کے لیے کیاب میں روانہ ہوئی ۔ اے ٹی سی روٹری کے قریب کار بے قابو ہوگئی اور درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں کار ڈرائیور سائی کیشوا ، گناپتما اور تیجسونی زخمی ہوگئے ۔ فوراً ایمبولنس کو طلب کرلیا گیا لیکن زخمی تیجسونی سڑک پر بیٹھی رہی ایک گھنٹے تک بھی ایمبولنس نہیں آئی ۔ سڑک پر جانے والے دیگر مسافروں نے زخمی حاملہ خاتون کو دیکھ کر دواحانہ منتقل کردیا ۔ ایک گھنٹے تک بھی ایمبولنس نہ آنے پر عوام نے تعجب کا اظہار کیا ۔۔ ش