فلک نما میں قتل کی سنگین واردات،ناجائز تعلقات پر جھگڑا ، پولیس کی لاپرواہی بھی آشکار
حیدرآباد /10 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں کل رات قتل کی سنگین واردات پیش آئی ۔ بیوی سے بات کرنے پر اعتراض شوہر کی ہلاکت کا سبب بن گیا ۔ تاہم اس سنگین واردات 38 سالہ محمد ساجد کا قتل کردیا گیا ساجد کا قتل کرنے والوں کی نشاندہی اور سازش کا انکشاف ہونے کے باوجود بھی فلک نما پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ مقتول کے افراد خاندان کا فلک نما پولیس پر الزام ہے کہ پولیس نے اگر مسئلہ پر کارروائی کی ہوتی تو شاید ساجد کا قتل نہیں ہوتا ۔ ذرائع کے مطابق ساجد پیشہ سے اسکراپ کا کاروبار کرتا تھا ۔ جو امجد اللہ باغ فاطمہ نگر علاقہ کے ساکن محمد عابد کا بیٹا تھا ۔ ساجد کی بیوی روبینہ انجم سے صدیق نامی شخص بات کرتا تھا اور ان دو دنوں کے درمیان ناجائز تعلقات کے بھی سنگین الزامات پائے جاتے ہیں ۔ بیوی سے بات چیت پر ساجد کو سخت اعتراض تھا اور دونوں کے درمیان جھگڑا بھی ہوا تھا ۔ صدیق اور ساجد کے درمیان جھگڑے کے بعد پولیس میں شکایت بھی درج کی گئی تھی ۔ اور دو سال سے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کے الزامات پائے جاتے ہیں لیکن ساجد اپنی بیوی روبینہ انجم کے ساتھ ہی رہتا تھا ۔ صدیق پیشہ سے کار ڈرائیور ہے جو اکثر ساجد کے مکان کے قریب آیا کرتا تھا ۔ اس بات پر اعتراض اور دونوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی تھی ۔ تاہم کل صدیق اپنے ساتھ ہتھیار لایا اور اعتراض کرنے پر ہتھیار سے حملہ کرتے ہوئے ساجد کا قتل کردیا ۔ اس سلسلہ میں فلک نما پولیس کے انسپکٹر ادی ریڈی کا بیان حیرت کا سبب بنا ہوا ہے ۔ انسپکٹر جیسے ذمہ دار عہدے پر فائز اس عہدیدار کو علاقہ کے حالات کا کوئی اندازہ نہیں، جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا کہ دونوں کے درمیان جھگڑا تھا اور مقتول کے افراد خاندان پولیس پر الزام لگارہے ہیں کہ کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو ادی ریڈی کا کہنا ہے کہ انہیں ان حالات اور واقعہ کا کوئی علم نہیں ۔ انہوں نے دو سال قبل جھگڑے کا حوالہ دیا ۔ ایک انسپکٹر سطح کے عہدیدار کی اس طرح غیر ذمہ دارانہ کارروائی اور علاقہ کے حالات سے عدم واقفیت کا اعلی پولیس عہدیداروں کو جائزہ لینا چاہئے ۔ چونکہ سابقہ کمشنر کے دور میں شاہ علی بنڈہ اور فلک نما کا علاقہ زیادہ سرخیوں میں چھایا رہا ۔ سٹی پولیس کمشنر کو چاہئے کہ وہ ایسے عہدیداروں کو ذمہ داری کا احساس دلائیں اور علاقہ میں امن کو یقینی بنانے کے اقدامات پر سختی سے عمل کروائیں ۔ ع
ریلوے کنٹراکٹر کو دھمکیاں ، کروڑہا روپیوں کا مطالبہ کرنے والا فرضی نکسلائیٹس گرفتار
ٹاسک فورس ایسٹ زون اور عثمانیہ یونیورسٹی پولیس کی مشترکہ کارروائی
حیدرآباد /10 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ریلوے کنٹراکٹر کو دھمکاکر کروڑہا روپئے کا مطالبہ کرنے والے فرضی نکسلائیٹس کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ چار افراد پر مشتمل ٹولی نے ریلوے کنٹراکٹر سے رقم حاصل کرنے کیلئے فرضینکسلائیٹس کا بھیس اختیار کیا اور دھمکیاں دینے لگے ۔ کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون پولیس نے عثمانیہ یونیورسٹی پولیس کے ساتھ کی گئی کارروائی میں 4 افراد کو ( نقلی نکسلائیٹس ) کو گرفتار کرلیا جو ریلوے کنٹراکٹر سے 5 کروڑ روپئے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ ٹاسک فورس کے مطابق 28 سالہ روی نائیک ساکن میاں پور، 36 سالہ پرساد سانولکا عرف پردیپ ساکن ای سی آئی ایل، 37 سالہ ستیادیا ساکن شاہ آباد اور 37 سالہ کماری شیشااپا عرف راجو ساکن شاہ آباد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان نقلی نکسلائیٹس کے قبضہ سے 6 موبائل فونس ضبط کرلئے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ پرساد سالونکا عرف پردیپ کا تعلق تانڈور وقارآباد سے بتایا گیا ہے ۔ جو حیدرآباد منتقل ہوگیا تھا ۔ اس نے پہلے انٹرئیر ڈیزائنر کی حیثیت سے کام کیا ۔ اس دوران سال 2010 اور 2012 کے درمیان ریلوے کنٹراکٹر کے یہاں گیا اور اس کی تمام تفصیلات آمدنی سے وہ واقف ہوگیا ۔ پرساد سالونکا سابق میں دفینہ کی تلاش اور کھدوائی کے معاملات میں ملوث تھا ۔ خاطر خواہ آمدنی نہ ہونے کے سبب اس نے منصوبہ بنایا اور ریلوے کنٹراکٹر کو لوٹنے کی سازش تیار کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں کو شامل کرلیا۔ اس جبراً وصولی کے معاملات کو انجام دینے کیلئے اس ٹولی نے سم کارڈز علحدہ طور پر حاصل کیا۔ ٹاسک فورس عثمانیہ یونیورسٹی پولیس کے ساتھ کارروائی میں انہیں گرفتار کرلیا۔ ع
اڈیشہ سے مغویہ کمسن بچہ برآمد ، راچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : اڈیشہ سے اغواء کئے گئے ایک کمسن بچے کو راچہ کنڈہ پولیس نے برآمد کرلیا ۔ اڈیشہ کے کومنا پولیس کی درخواست پر راچہ کنڈہ کمشنر نے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے مغویہ لڑکے کو برآمد کرلیا اور دو افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم بھونگیر زون اور بومالا رامارم پولیس کی جانب سے کی گئی مشترکہ کارروائی میں 30 سالہ دریودھن بریہا اور 35 سالہ پدمنی ساجھی عرف پدمنی بجھل اڈیشہ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے مغویہ لڑکے کو شکایت کے اندرون 24 گھنٹے برآمد کرلیا ۔ بچہ کا اڈیشہ سے اغوا کرنے کے بعد راچہ کنڈہ حدود منتقل کردیا گیا تھا اور بچہ کے مقام کا اور اس کی موجودگی کی نشاندہی میں اڈیشہ پولیس کو دشواری پیش آرہی تھی ۔ راچہ کنڈہ پولیس نے اس مسئلہ کو حل کرلیا ۔۔ ع
سیل فون رہزنوں کی ٹولی بے نقاب
تین افراد بشمول کم عمر لڑکا گرفتار
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ٹاسک فورس پولیس نے سیل فون رہزنوں کی ایک ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد بشمول ایک کم عمر لڑکے کو گرفتارکرلیا ۔ کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم اور مارکیٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی میں 18 سالہ اومکار یادو ناورے ساکن بہادر پلی اور 19 سالہ سنجے گوڑ ساکن سورارم کے ساتھ ایک کم عمر لڑکے کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کی گرفتاری سے دو مقدمات کی یکسوئی کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی بچپن سے دوستی ہے اور اپنے ذوق و بری عادتوں کی تکمیل کے لیے انہوں نے سرقہ کی وارداتوں کو انجام دینے کا فیصلہ کیا اور موبائل فون کی رہزنی کی وارداتوں کو انجام دینے لگے ۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔۔ ع