جــرائــم وحــادثـات

   

عاشق سے شادی کرنے ماں نے تین بچوں کو قتل کردیا، ملزمہ رچیتا اور عاشق شیوا گرفتار
حیدرآباد ۔ 2 اپریل ۔ ( سیاست نیوز) ریاست کے سنسنی خیز تین بچوں کی مشتبہ موت کے واقعہ کا سنسنی خیز خلاصہ ہوا ہے ۔ تین بچوں کی مشتبہ موت کے واقعہ کو پولیس نے قتل قرار دیا اور انتہائی حیرتناک اور انسانیت کو شرمسار کرنے والی حقیقت کا یہ خلاصہ کیاگیا کہ ان بچوں کا قتل کسی اور نے نہیں بلکہ اُن بچوں کی ماں نے کیا جو اپنے عاشق سے شادی کرنا چاہتی تھی ۔ کہا جاتا ہے کہ ڈائن بھی 40 گھر چھوڑ کر وار کرتی ہے لیکن دنیا کے اس عظیم رشتہ کو پامال کرنے والی خاتون سے شائد ڈائن بھی شرما جائے ۔ اس پورے واقعہ کی حقیقت کو مقامی پولیس نے منظرعام پر لایا ہے ۔ پولیس امین پور نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رچیتا اور اس کے عاشق شیوا کو گرفتار کرلیا ہے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز امین پور میں تین بچوں کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ اس واقعہ نے جہاں سارے علاقہ کو غم کی لہر میں لے لیا تھا ، آج اس واقعہ کی حقیقت نے انسانیت کو شرمسار کردیا ۔ اس واقعہ میں 12 سالہ سائی کرشنا ، 10 سالہ لڑکی مدھو پریہ اور 8 سالہ گوتم کی موت ہوگئی تھی ۔ یہ خاندان امین پور کے راگھویندرا کالونی میں رہتا تھا ۔ رجیتا کا کا شوہر چنیا واٹر ٹینکر کا ڈرائیور ہے اور رجیتا ایک خانگی اسکول میں ٹیچر بتائی گئی ہے ۔ 6 ماہ قبل اس لو اسٹوری کا آغاز ہوا ۔ دسویں جماعت کے کلاس میٹس نے گٹ ٹوگیدر کا فیصلہ کیا اور ایک تقریب منعقد کی گئی۔ اس دوران تمام بچپن کے ساتھیوں کی ملاقات ہوئی اور شیوا اور رجیتا کی ملاقات بھی ہوئی جو دن بہ دن مضبوط ہوتے ہوئے ناجائز تعلقات تک پہونچی ۔ ہر دن فون پر بات چیت ، واٹس ایپ چیاٹنگ ، ویڈیو کالس اور جسمانی وابستگی تک بات پہونچ گئی ۔ رجیتا اور اُس کے شوہر چنیا کے درمیان 20 سالہ عمر کا فرق ہے ۔ رجیتا سے اُس کا شوہر عمر میں 20 سال بڑا ہے اور رجیتا کو چنیا پسند نہیں تھا ۔ اُن کی شادی سال 2013 ء میں ہوئی اور اس پسند نا پسند کے درمیان تین بچے بھی پیدا ہوئے اور میاں بیوی میں اکثر جھگڑے ہوا کرتے تھے ۔ رجیتا اور شیوا نے ایک دوسرے سے شادی کی اپنی مرضی کو ظاہر کیا ۔ رجیتا شوہر سے بیزار تھی لیکن شیوا بچوں اور شوہر کی موجودگی کے سبب پریشان تھا اور خواہش ظاہر کی تھی کہ اگر بچے نہ ہوتے تو شادی میں کوئی رکاوٹ نہ تھی ۔ عاشق کی اس خواہش پر عاشق سے شادی کی خواہش کی تکمیل کیلئے اس ڈائن صفت ماں نے تینوں بچوں کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ پولیس امین پور کے مطابق رجیتا نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ہے ۔ ع

آن لائن سٹہ بٹنگ کا ریاکٹ کا پردہ فاش، پانچ افراد گرفتار ، دیگر مفرور
حیدرآباد ۔ 2 اپریل ۔ ( سیاست نیوز)کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے شہر میں آن لائن چلائے جارہے سٹہ بیٹنگ ریاکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے چلکل گوڑہ پولیس کے ساتھ کی گئی مشترکہ کارروائی میں 32 سالہ ٹی سداشیوڈو ساکن چلکل گوڑہ متوطن ورنگل ، 40 سالہ ایم یادگیری ساکن الوال ، 23 سالہ وائی کارتیک ساکن ورنگل ، 25 سالہ فیضان خان ساکن مہاراشٹرا اور 26 سالہ ٹی پونم چندرا گوڑ ساکن ورنگل کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے لیاب ٹاپ ، موبائیل فون ، پرنٹر ، نقد رقم کل 4 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ حسن پرتی سے تعلق رکھنے والی راجندر نے تین سال قبل چلکل گوڑہ علاقہ میں کمرہ کرایہ پر حاصل کیا اور اس میں سٹہ چلانے اور جوا چلانے کیلئے ضروری ساز و سامان کو فراہم کیا ۔ راجندر جو اس ریاکٹ کا اصل سرغنہ ہے مفرور بتایاگیا ہے ۔ اس نے اپنی ٹولی کے دیگر ساتھیوں کو شامل کرلیا اور آن لائن جوا شروع کردیا ۔ سٹہ بھی آن لائین اور رقمی لین دین بھی آن لائین جاری تھی ۔ اسی دوران خفیہ اطلاع پر پولیس نے کارروائی انجام دی اور آن لائین جوے کے ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا ۔ پولیس کو مفرور ملازمین کی تلاش جاری ہے ۔ ع

بیوی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ضعیف شخص نے خودکشی کرلی
حیدرآباد ۔ 2 اپریل ۔ (سیاست نیوز) بیوی کو قتل کرنے کی کوشش میں ناکامی کے بعد جیل کی سزاء کاٹنے والے 80 سالہ شیخ فخرالدین نے خودکشی کرلی ۔ شیخ فخرالدین کاچی گوڑہ نہرو نگر علاقہ کے ساکن شیخ بڑے صاحب کے بیٹے تھے ۔ فخرالدین پر بیوی کو جان سے مارنے کی کوشش کا الزام تھا ۔ گزشتہ سال فخرالدین نے ان کی بیوی کو قتل کرنے کی غرض سے اُس پر حملہ کیا تھا اور پولیس میں شکایت کے بعد فخرالدین کو جیل کی سزاء سنائی گئی تھی ۔ گزشتہ چند عرصہ قبل فخرالدین جیل سے رہا ہوا اور اپنے گھر پہونچا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ فخرالدین شدید ذہنی تناؤ کا شکار تھا جس نے کل آئسیڈ کا استعمال کرلیا جس کو اُس کے چھوٹے بیٹے نے ہاسپٹل منتقل کیا جہاں وہ فوت ہوگیا ۔ ع

مامیڈی پلی میں جرمن خاتون کی عصمت ریزی ، کیاب ڈرائیور گرفتار
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : رچہ کنڈہ کے علاقہ پہاڑی شریف کے قریب واقع مامیڈی پلی میں 22 سالہ جرمن خاتون کی عصمت ریزی کا واقعہ پیش آیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے کیاب ڈرائیور اسلم ساکن ایس آر ٹی کالونی یاقوت پورہ کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق 22 سالہ جرمن خاتون جرمن سے ہندوستان گھومنے جنوری میں آئی جس کے ساتھ ایک اور ساتھی بھی تھا جو اٹلی میں تعلیم کے دوران حیدرآباد کے شخص سے دوستی ہوئی تھی ۔ حیدرآباد کے دورہ کے دوران وہ اپنے دوست سے ملنے اور عید کے دن شہر کے ماحول کو دیکھنے پہنچے ۔ کیاب ڈرائیور اسلم خاتون اور اس کے ساتھی کو شہر میں سیر و تفریح کروارہا تھا کہ خاتون کا ساتھی تصاویر لینے کیلئے کار سے اترا تب موقع پاکر کیاب ڈرائیور نے متاثرہ خاتون کو مزید مقامات بتانے کا بہانہ کرتے ہوئے کار کچھ دور لے گیا اور اسے ڈرا دھمکاکر اس کی عصمت ریزی کر کے وہاں سے فرار ہوگیا ۔ متاثرہ خاتون کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ۔۔ ش

شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی
ہراسانی سے خاتون کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 2 اپریل ۔ ( سیاست نیوز) شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی سے تنگ آکر ایک خاتون نے خودکشی کرلی ۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس حدود میں یہ واردات پیش آئی ۔ پولیس کے مطابق 24 سالہ سوجنیا جو کوکٹ پلی علاقہ کے ساکن شخص رجنی کانت کی بیوی تھی اس خاتون نے کل رات انتہائی اقدام کرتے ہوئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس کے مطابق سوجنیا اور رجنی کانت کی شادی سال 2020 ء میں ہوئی تھی خاتون کو شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی شدید ہراسانی کا سامنا تھا ۔ شوہر نے 31 مارچ کو خاتون کو شدید مار پیٹ کا نشانہ بنایا تھا اور خاتون نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ ع