جــرائــم و حادثـات

   

تماپور میں سڑک حادثہ ،میاں بیوی ہلاک
حیدرآباد۔/27 مارچ، ( سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کے تما پور میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں میاں بیوی ہلاک ہوگئے۔ یہ دونوں پیشہ سے سرکاری ملازم تھے جو اپنے آبائی مقام سے واپس ہورہے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پانڈو جس کی عمر تقریباً 40 سال بتائی گئی اس کی بیوی 36 سالہ سکو بائی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر تما پور سے گذررہے تھے ان کا تعلق نہر نگر رمنتا پور سے بتایا گیا ہے۔ دونوں اسکوٹی پر سوار تھے اور تما پور سے گذر رہے تھے کہ ہائی وے پر حادثہ پیش آیا۔ ریت سے لدی ٹریکٹر بے قابو ہوگئی اور وہ لاری سے ٹکرا گئی اور اسکوٹی سے ٹکرا کر دونوں شدید زخمی ہوگئے اور سکو بائی برسر موقع ہلاک اور پانڈو دواخانہ منتقل کرنے کے دوران فوت ہوگیا۔پانڈو پولیس کانسٹبل اور سکو بائی ریوینیو ملازمہ بتائی گئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع

شادی میں تاخیر سے دلبرداشتہ نوجوان کی والد سے جھگڑے کے بعد خودکشی
حیدرآباد /27 مارچ ( سیاست نیوز ) شادی میں تاخیر سے دلبرداشتہ ایک نوجوان نے والد سے جھگڑے کے بعد خودکشی کرلی ۔ پہاڑی شریف پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 24 سالہ روی ساگر جو جل پلی علاقہ میں رہتا تھا ۔ پیشہ سے ڈرائیور بتایا گیا ہے ۔ تین سال قبل ساگر کی والدہ کی موت ہوئی تھی اور وہ اپنے والد کے ساتھ جل پلی علاقہ میں رہتا تھا ۔ ساگر کیلئے رشتہ تلاش کئے جارہے تھے ۔ تاہم شادی میں رکاوٹ اور تاخیر سے ساگر شدید پریشان ہوگیا تھا اور ذہنی تناؤ کا شکار بن گیا تھا ۔ کل رات ساگر نشہ کی حالت میں گھر پہونچا اور کھانے کے مسئلہ پر والد سے جھگڑا کیا اور اس کے بعد انتہائی اقدام کرلیا ۔۔ ع

بیوی کے گھر چھوڑکر جانے سے دلبرداشتہ شوہر کی خودکشی
حیدرآباد /27 مارچ ( سیاست نیوز ) جھگڑے کے بعد بیوی کے گھر چھوڑ کر چلے جانے سے دلبرداشتہ شوہر نے خودکشی کرلی ۔ ایل بی نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس کے مطابق 45 سالہ ٹی شنکر چاری منصورآباد علاقہ کا ساکن تھا ۔ کل اس نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق شنکر چاری پیشہ سے مزدوری کرتا تھا اور اکثر نشہ کی حالت میں مکان پہونچکر بیوی سے جھگڑا کرتا تھا اور نشہ کی حالت میں بیوی سے جھگڑا کرنا اس کی عادت بن گئی تھی ۔ کل اس کی بیوی نے روزآنہ کے جھگڑوں سے تنگ آکر شوہر کا مکان چھوڑ دی ۔ اس بات سے دلبرداشتہ شنکر چاری نے خودکشی کرلی ۔ ایل بی نگر پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع

چھتری ناکہ میں طالبہ کی خودکشی
حیدرآباد /27 مارچ ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ چھتری ناکہ میں ایک طالبہ نے خودکشی کرلی ۔ خودکشی نوٹ میں لکھا کہ وہ گھر میں ناکام ہوگئی تھی اور اس وجہ سے انتہائی اقدام کر رہی ہے ۔ چھتری ناکہ پولیس کے مطابق 19 سالہ بی سواپنا جو اپوگوڑہ علاقہ کے ساکن شخص وینکٹیش کی بیٹی تھی ۔ یہ لڑکی طالبہ تھی ۔ کل اپنے مکان میں انتہائی اقدام کرلیا ۔ خودکشی نوٹ میں جو سمجھا جارہا ہے کہ سواپنا کی جانب سے لکھا گیا ہے لڑکی نے والدین سے معافی مانگی اور لکھا کہ لوگ محبت اور امتحانات میں ناکامی سے خودکشی کرتے ہیں لیکن میں گھر میں ناکامی سے انتہائی اقدام کر رہی ہوں۔ پولیس نے خط کو حاصل کرلیا ہے اور اس کی تحقیقات جاری ہے۔ ع

سلیمان نگر سے کمسن بچہ لاپتہ
حیدرآباد۔/27 مارچ، ( سیاست نیوز) راجندر نگر حلقہ کے سلیمان نگر کے علاقہ وادی محمد سے سمرین بیگم زوجہ عاصم الدین حقانی 25 سالہ اور ان کا 18 ماہ کا لڑکا ابوبکر 22 مارچ 2025 کی شام سے لاپتہ ہیں۔ عطا پور پولیس نے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو بھی یہ نظر آئیں تو فوری پولیس کو اطلاع کریں۔ فون نمبرات 8712566902 اور 9032683190 پر ربط پیدا کریں۔ ش

طلاق اور تنہائی سے دل برداشتہ
خاتون کی خود کشی
حیدرآباد۔/27 مارچ، ( سیاست نیوز) شوہر سے طلاق اور تنہائی سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔ پہاڑی شریف پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں28 سالہ منجولہ نے خودکشی کرلی۔ منجولہ پیشہ سے خانگی ملازمہ تھی جو تکوگوڑہ علاقہ میں رہتی تھی۔ 12 سال قبل خاتون کی شادی ہوئی تھی اور شادی کے چند روز بعد ہی اس کا طلاق ہوگیا تھا۔ خاتون تکو گوڑہ میں رہتے ہوئے زندگی بسر کررہی تھی۔ کل منجولہ نے اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ ع

ڈاکٹر کی خود کشی
حیدرآباد۔/27 مارچ، ( سیاست نیوز) سکندرآباد کے علاقہ میں پیش آئے ایک واقعہ میں ڈاکٹر نے خودکشی کرلی جو لوگوں کی بیماری کا علاج کرتا تھا لیکن وہ خود اپنی بیماری سے پریشان تھااور شادی میں رکاوٹ بن رہی بیماری اور کمزوری سے دلبرداشتہ ہوگیا تھا جس نے ٹرین کے آگے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ سکندرآباد کے علاقہ میں پیش آئے اس واقعہ کے بعد ریلوے پولیس نے ضابطہ کی کارروائی کو انجام دیا اور مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پروہیت کشور پیشہ سے ایم بی بی ایس ڈاکٹر تھا جو سکندرآباد علاقہ میں اپنے افراد خاندان کے ساتھ رہتا تھا۔ کشور کے والد پرکاش لال کا تعلق گجرات سے ہے جو کئی سال قبل حیدرآباد منتقل ہوگئے تھے اور کشور پرکاش لال کا چھوٹا بیٹا تھا جو الوال علاقہ کے ایک بستی دواخانہ میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ کشور کاکچھ عرصہ قبل رشتہ ہوا تھا اور بات چیت بھی مکمل ہوئی تھی لیکن اس دوران کشور کے سرپر بال نہ ہونے اور کم بال ہونے سے اس ڈاکٹر کا رشتہ ٹوٹ گیا تھا اور گھر والے اس کے لئے رشتہ تلاش کررہے تھے۔ رشتہ طئے ہونے میں تاخیر اور طئے ہوچکا رشتہ ٹوٹنے سے دلبرداشتہ کشور نے خودکشی کرلی۔ ع