بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دینے والی ٹولی کا پردہ فاش،اصل سرغنہ صداقت خان دہلی ایرپورٹ سے گرفتار
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر سائبر جرائم کروانے والی ٹولی کا پولیس نے پردہ فاش کردیا ۔ تلنگانہ سائبر سیکوریٹی بیورو نے ٹولی کے اصل سرغنہ صداقت خاں کو دہلی ایرپورٹ سے گرفتار کرلیا جب کہ اس معاملہ میں سائی پرساد ساکن جگتیال ، عابد حسین انصاری ساکن پونے متوطن بہار اور شاداب عالم ساکن بہار کو پہلے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ یہ ٹولی بے روزگار نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر ان سے جرائم کروا رہی تھی ۔ سرسلہ علاقہ کے ساکن ایک شخص نے بیٹے کے روشن مستقبل کی فکر میں بیٹے کو ان ایجنٹس کے ذریعہ روانہ کیا ۔ ایجنٹس نے شکایت گذار کے بیٹے کو کمبوڈیا منتقل کیا اور وہاں اس نوجوان کو سائبر جرائم میں جھونک دیا ۔ شکایت کے بعد سائبر سیکوریٹی بیورو نے رابطہ بناتے ہوئے شکایت گذار کے بیٹے کو ملک واپس لالیا اور ان ایجنٹس کی تلاش میں تھے ۔ تاہم صداقت خاں ساکن اترپردیش پولیس کے ہاتھ نہیں آرہا تھا ۔2 نومبر کو پولیس نے دہلی ایرپورٹ سے صداقت خاں کو گرفتار کرلیا جس کی عمر 37 سال ہے ۔ تلنگانہ سائبر سیکوریٹی بیورو کے مطابق لڑکے کو کمبوڈیہ منتقل کرنے کے بعد 16 تا 17 گھنٹے ہر دن کام لیا جارہا تھا ۔ اطلاعات کے مطابق 500 تا 600 ہندوستانی جبراً سائبر جرائم میں جھونکے گئے جو اذیت ظلم و زیادتی کا شکار ہیں ۔۔ع
پنجہ گٹہ میں ہٹ اینڈ رن، ہوم گارڈ زخمی
ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی، کار اور ڈرائیور کی نشاندہی
حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ کے علاقہ میں ہٹ اینڈ رن کا معاملہ منظر عام پر آیا جہاں ایک ہوم گارڈ زخمی ہوگیا جو گاڑی کو روکنے کی کوشش کررہا تھا۔ پنجہ گٹہ کے حدود میں گاڑیوں کے گلاس پر بلیک فریم اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی تلاشی اور نشاندہی جاری تھی۔ پولیس کی ٹیمیں مختلف مقامات اور چوراہوں پر تلاشی لے رہے تھے۔ رمیش نامی ہوم گارڈ ناگرجنا سرکل کے قریب ایک پولیس ٹیم کے ساتھ موجود تھا کہ اس دوران ایک کار آئی اور جیسے ہی پولیس کی ٹیم کو دیکھا کار نے اپنی رفتار بڑھادی لیکن رمیش نے اس کار کو روکنے کی کوشش اور ناکام لیکن زخمی ہوگیا۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے کار اور ڈرائیور کا پتہ لگالیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کار محمد سید نامی شخص چلا رہا تھا۔ ع
اعظم آباد میں ملبوسات کی دکان جلکر خاکستر
کوئی جانی نقصان نہیں، برقی شاک سے آگ کی نشاندہی، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ اعظم آباد میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جہاں ایک ملبوسات کی دکان جل کر خاکستر ہوگئی۔ چکڑپلی پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رام نگر چوراہے پر واقعہ ایک ملبوسات کے شوروم میں کل رات اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دکان مالک دکان بند کرکے گھر کیلئے روانہ ہوا۔ دکان بند کرنے کے کچھ دیر بعد ہی دکان سے شعلے بھڑک رہے تھے۔ مقامی عوام نے فوری پولیس کو اطلاع دی اور فائر بریگیڈ عملہ کو طلب کرلیا گیا۔ دکان بند ہونے کے سبب دکان میں کوئی نہیں تھا اور جانی نقصان ٹل گیا۔ تاہم قریبی دکانات اور مکانات تک آگ پھیلنے کے ڈر کے سایہ میں پڑوسی عوام نے رات گذاری ۔ راحت کاری اقدامات کے دوران چکڑپلی علاقہ میں ٹریفک جام ہوگئی اور عوام میں خوف و دہشت دیکھی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد چکڑپلی پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ برقی شاک سرکٹ کے سبب ہوا چونکہ دکان کو مالک ہی کی جانب سے بند کرنے کی اطلاع ہے اور بند کرنے کے تھوڑی دیر بعد حادثہ پیش آیا۔ پولیس چکڑپلی اس سلسلہ میں مصروف تحقیقات ہے۔ ع
سرکاری دواخانے سے نومولود کا اغواء کرنے والی خاتون رنگے ہاتھوں گرفتار
ملزمہ کا سابقہ ریکارڈ بھی خراب، ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ کی شکایت پر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) سرکاری دواخانہ سے بچہ چرانے والی ایک خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ سلطان بازار پولیس انسپکٹر سرینواس چاری نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ 45 سالہ عسکری بیگم ساکن رین بازار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس خاتون پر دواخانہ سے نومولود کو چرانے کا الزام ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عسکری بیگم نے ایک نومولود بچے کو اپنی گود میں لے لیا تھا کہ عین وقت خاتون کو پکڑ لیا گیا۔ عسکری بیگم پیشہ سے گھریلو ملازمہ بتائی گئی ہے۔ سلطان بازار پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ کوٹھی میٹرنیٹی ہاسپٹل میں پیش آیا اور ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کو انجام دیا۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ خاتون کو بچہ کا اغواء کرتے وقت پکڑا گیا۔ عسکری بیگم اپنی بیٹی کی زچگی میں مدد کے لئے استپال میں موجود تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ کی ملاقات ایک نامعلوم شخص سے ہوئی تو جس نے اسے ایک بچہ حوالے کرنے پر 50 ہزار روپے دینے کی پیشکش کی تھی۔ ملزمہ سابقہ میں ایسے واقعات میں ملوث ہونے کے بھی الزامات کا سامنا کررہی ہے۔ ع
عوامی مقامات پر شہریوں کو پریشان کرنے والے زنخے گرفتار
حیدرآباد ۔ 8 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : عوامی مقامات پر شہریوں کو پریشان کرنے والے 11 زنخوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ویمن اینڈ چائیلڈ سیفٹی وینگ دی پرسنا کمار کی ہدایت پر سائبر آباد حدود میں کارروائی کی گئی ۔ عوامی مقامات ، تقاریب اور بازاروں میں عوام کے لیے درد سر کا سبب بننے والوں کے خلاف سائبر آباد پولیس کو شکایت وصول ہوئیں اور اس جانب پولیس نے توجہ مبذول کرتے ہوئے اینٹی ہیومن ٹرائفکنگ یونٹ اے آر اور مقامی پولیس کے ساتھ سات خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا ۔ پولیس نے مادھا پور ، گچی باولی اور اللہ پور پولیس اسٹیشن حدود میں کارروائی کی اور گیارہ زنخوں کو حراست میں لے لیا ۔۔ ع
آندھرا پردیش سے حیدرآباد آنے والی خانگی بس میں سرقہ کی واردات
پندرہ لاکھ روپے مالیتی زیورات چوری
حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) عبداللہ پور میٹ پولیس نے بس میں سرقہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست آندھرا پردیش سے آرہی ایک خانگی بس میں خاتون دیگر مسافرین کی طرح سفر کررہی تھی جیسے ہی بس حیدرآباد کے مضافات میں پہنچی بس میں سرقہ کا علم ہوا۔ ایک خاتون کے بیاگ سے 15 لاکھ روپے مالیتی طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا گیا۔ صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آئے واقعہ کے بعد بس کو عبداللہ پور میٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا اور صبح سے پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ پولیس خاطیوں کا پتہ چلانے اور ابتدائی تحقیقات کے تحت بس میں سوار مسافرین کو روک لیا۔ ذرائع کے مطابق بس ریاست آندھرا پردیش کے منڈا پیٹا سے حیدرآباد آرہی تھی اور بس میں 40 مسافرین سوار تھے۔ بس کو پہلے آر ایف سی کے پاس روک دیا گیا اور پھر بعد میں شکایت کیلئے بس کو سیدھا عبداللہ پور میٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ ع