بیوی کی ہراسانی کا شکار شوہر کی خودکشی
حیدرآباد /19 مارچ ( سیاست نیوز ) بیوی کی ہراسانی سے دلبرداشتہ ایک شخص نے والدہ کو فون پر آپ بیتی سنانے کے بعد پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ شہر کے علاقہ جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 35 سالہ محمد نواز نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ نواز فلم انڈسٹری میں بحیثیت کیمرہ مین کام کرتا تھا ۔ جس کا آبائی مقام بانسواڑہ ضلع نظام آباد سے بتایا گیا ہے ۔ نواز کے خلاف اس کی بیوی نے کریم نگر ، بانسواڑہ اور بالانگر پولیس میں شکایت درج کروائی تھی ۔ پولیس کی کارروائی سے دھمکاکر جیل منتقل کرنے کی دھمکیاں دیتی تھی اور مقامی روڈی غنڈہ عناصر کے ساتھ دھمکانے اور مارپیٹ کے بھی نواز کی بیوی پر سنگین الزامات ہیں۔ نواز نے اپنی والدہ کو بتایا تھا کہ وہ اپنے آبائی مقام پر موجود 30 لاکھ مالیتی جائیداد کو اپنے نام کرنے کیلئے دباؤ ڈالتے ہوئے ہراساں و پریشان کر رہی تھی ۔ محمد نواز نے سال 2020 میں جیڈی میٹلہ علاقہ سے تعلق رکھنے والی شویتا ریڈی سے لو میاریج کیا تھا ۔ شادی کے چند عرصہ بعد دونوں میں لڑائی جھگڑا شروع ہوگیا ۔ شویتا ریڈی نے نواز کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی تھی ۔ پولیس کی کونسلنگ کے بعد دونوں میاں بیوی کرشنا نگر علاقہ میں رہنے لگے تھے ۔ نواز نے بیوی کی دھمکیوں اور ہراسانی سے دلبرداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کرلیا ۔ بیٹے کی خودکشی کے خلاف والدہ نے جوبلی ہلز پولیس میں شکایت درج کروائی ہے اور پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع
فلائیٹ میں ایمرجنسی ایگزٹ کھولنے کی کوشش کرنے والا شخص جیل منتقل
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : شمس آباد آر جی آئی اے آوٹ پوسٹ پولیس نے ایک شخص کو ایمرجنسی ایگزٹ کھولنے کی کوشش میں گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق سوربھ کمار چھبے ساکن بہار جو فلائیٹ میں سوار ہونے کے بعد فلائیٹ کی کور پلیٹ کھولنے کی کوشش کررہا تھا جسے فلائیٹ کے عملہ نے دیکھ کر پائیلٹ کو اس کی اطلاع دی اور اسے پولیس کے حوالہ کردیا گیا ۔ پولیس نے مسافروں کی جان کے ساتھ کھیلنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔ اس شخص نے پولیس کو بتایا کہ وہ صرف ایمرجنسی ایگزٹ ڈور کو چیک کررہا تھا ۔۔ ش
منجیرا ڈیم میں
ایک شخص حالت نشہ میں غرقاب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ کے ضلع منجیرا ڈیم میں نشہ کی حالت میں ایک شخص ڈوب کر ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق 30 سالہ ایم نریش ساکن اندول جو اننتا پور کا متوطن تھا جو اپنے دوستوں کے ساتھ ڈیم پہنچا اور نشہ کرنے کے بعد وہ پانی میں اترا اور ڈوب گیا ۔ یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا جس کی نعش کو غوطہ خوروں کی مدد سے منگل کی شام نکالا گیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ منتقل کردیا ۔۔ ش
جوبلی ہلز میں انٹر طالبہ کی خودکشی
حیدرآباد /19 مارچ ( سیاست نیوز ) جوبلی ہلز علاقہ میں ایک انٹر طالبہ کی خودکشی کا واقعہ پیش آیا ۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 17 سالہ سدھا جو وینکٹ گیری علاقہ کے ساکن سوامی کی بیٹی تھی ، لڑکی انٹر سال اول کی طالبہ تھی ۔ جس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ لڑکی امتحان میں ناکامی کے خوف سے دلبرداشتہ ہوگئی تھی ۔ جوبلی ہلز پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
نومولود بچوں کو فروخت میں ملوث افراد گجرات میں گرفتار
مختلف شہروں میں بچوں کی فروختگی کا انکشاف ، رچہ کنڈہ کمشنر پولیس سدھیر بابو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /19 مارچ ( سیاست نیوز ) نومولود بچوں کو فروخت کرنے والے ریاکٹ کو فروغ میں مصروف پولیس رچہ کنڈہ نے ایک اور سنسنی خیز کاروائی کو انجام دیا ہے۔ سابق میں گرفتار ملزمین کی اطلاعات پر جاری تحقیقات میں پولیس نے پیشرفت جاری رکھتے ہوئے گجرات سے وندانا کو اور اس کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کرلیا ۔ اس خصوص میں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کمشنر پولیس سدھیر بابو نے بتایا کہ اس کیس میں تاحال 27 ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور 16 بچوں (لڑکے اور لڑکیوں ) کو پولیس نے آزاد کروالیا ۔ ریاست گجرات اور کرناٹک سے بچوں کو حیدرآباد اور مہاراشٹرا میں فروخت کیا جارہا ہے تھا لاولد جوڑوں کو یہ بچے فروخت کئے جارہے تھے ۔ اور تمام تر کارروائیاں اور اقدامات غیر قانونی تھیں ۔ پولیس نے تازہ کارروائی میں امولیہ ، وائشال ، کارتک ، سجن اگروال ، بی سنگادیا ، بی ناگراجو ، آر اشوک ، شیخ اسماعیل اور ڈی کرشنا کو گرفتار کرلئے گئے ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ دپتی جو گجرات سے تعلق رکھتی ہے 5 مختلف گروپس کے ساتھ کام کرتی ہے ۔ دپتی اور اسماعیل ، دپتی اور پروین ، دپتی امولیہ دپتی پروین ، اوما کے ساتھ بچوں کی خرید و فروخت کرتی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ ممبئی ، کانپور ، رائے پور ، امراوتی ( مہاراشٹرا ) اور حیدرآباد سے بچوں کو خریدا گیا اور کولکتہ ، چینائی ، بنگلور ، گنٹور اور حیدرآباد میں فروخت کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق مزید 9 بچوں کو آزاد کروایا جائے گا ۔ اور اس کیلئے ملک کے مختلف مقامات پر ٹیموں کو روانہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکے کو 4 تا 6 لاکھ اور لڑکی کو 2 تا 4 لاکھ روپئے میں فروخت کیا گیا ۔ پولیس اس معاملہ میں مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔ ع