اے ٹی ایم میں سرقہ کرنے والی بین ریاستی ٹولی بے نقاب
پانچ ملزمین گرفتار ، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ سدھیر بابو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /26 مارچ ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس نے اے ٹی ایم میں سرقہ کرنے والی ایک بین ریاستی ٹولی کا پردہ فاش کرتے ہوئے 5 ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر سدھیر بابو نے بتائی ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ملزمین کو پیش کیا جن کے چہرے ڈھکے ہوئے تھے ۔ پولیس نے شناخت کے مسئلہ پر ان کے چہروں کو ڈھانکے رکھا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ راہول خان ساکن پہاڑی شریف ،مستقیم خان ساکن پٹن چیرو ، وحید خان شکیل خان اور سرفراز متوطن راجستھان کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ اس ٹولی کے دیگر اراکین صباالدین ہریانہ ، رفیق خان راجستھان پرویز ، شاہ رخ ، بشیر خان ، بڈن خان فرار ہوگئے ہیں۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ 2 مارچ کو یہ 5 افراد ایک کار میں رادی رالہ میں واقع ایس بی آئی اے ٹی ایم پہونچے ۔ اے ٹی ایم میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں پر اسپرے رنگ کا استعمال کیا اور اے ٹی ایم سے 29,69,900 روپئے لوٹ کر فرار ہوگئے بنک کے ڈپٹی منیجر شراونی کی شکایت پر پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور رچہ کنڈہ پولیس نے اس واردات کو چیالنج کے طور پر قبول کرتے ہوئے حل کرلیا اور خاطیوں کو گرفتار کرنے کے علاوہ ان کے قبضہ سے 4 لاکھ نقد رقم ایک کار آکسیجن سلینڈر، کٹنگ پلیر اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ ع
تجارت اور سرمایہ داری کے نام دھوکہ ، دو افراد گرفتار
شہری کی شکایت پر سائبر کرائم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /26 مارچ ( سیاست نیوز ) سائبر کرائم پولیس حیدرآباد نے تجارت اور سرمایہ داری کے نام پر دھوکہ دینے والے دو دھوکہ باز افراد کو گرفتار کرلیا ۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق حیدرآباد کے ایک 32 سالہ شہری کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 39 سالہ امرناتھ سنگھ اور رنویر سنگھ 46 سالہ ساکنان دہلی کو گرفتارکرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ ان دنوں دھوکہ بازوں نے متاثرہ شکایت گذار شخص سے رابطہ قائم کیا اور شکایت گذار کو بزنس کے آرڈر فراہم کرنے کا تیقن دلایا اور اس شخص سے فوری رجسٹریشن کروانے کی درخواست کی ۔ شکایت گذار کو جال میں پھانسنے کیلئے فرضی میل روانہ کرتے ہوئے پراڈکٹ کی تعریف کی اور مارکٹ بہت زیادہ طلب ہونے کا جھوٹا میل روانہ کرتے ہوئے بے خوف بنایا ۔ ان دھوکہ بازوں کی باتوں پر یقین کرتے ہوئے متاثرہ شخص نے 9,50,531 روپئے ادا کردئے ۔ سائبر کرائم پولیس نے بتایا کہ ملک بھر میں ان کے خلاف 17 مقدمات درج ہیں اور ان میں ایک تلنگانہ ریاست میں انجام دیا گیا ۔ سائبر کرائم پولیس حیدرآباد نے ان دھوکہ باموں کو گرفتار کرلیا ۔ ع
عادی مجرمین گرفتار ، مسروقہ زیورات اور سیل فونس ضبط
حیدرآباد /26 مارچ ( سیاست نیوز ) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ ایسٹ زون پولیس نے سعیدآباد پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں 2 عادی مجرمین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 15 لاکھ روپئے مالیتی طلائی زیورات اور قیمتی سیل فون کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے کارروائی میں 37 سالہ حبیب محمد عرف چھوٹو ساکن شاہین نگر اور 49 سالہ حبیب علی ساکن سلطان شاہی کو گرفتار کرلیا جو مسروقہ اشیاء حاصل کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ ان کی گرفتاری کے ذریعہ حالیہ دنوں سعیدآباد پولیس حدود میں انجام دئے گئے مقدمہ کی یکسوئی کرلی گئی اور ان کے خلاف 5 غیر ضمانتی وارنٹس زیر التواء تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ حبیب محمد سال 2000 سے وارداتیں انجام دے رہا ہے جو تقریباً 59 وارداتوں میں ملوث ہے جو اس نے رچہ کنڈہ کے علاوہ حیدرآباد حدود میں انجام دی ۔ اس کے علاوہ حبیب علی 8 وارداتوں میں قصوروار ہے ۔ سال 2024 جولائی میں مغل پورہ پولیس نے انہیں ایک کارروائی میں گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کیا تھا جاریہ سال فروری میں ان کی جیل سے رہائی عمل میں آئی ۔ جس کے بعد پھر وارداتوں کو انجام دینا شروع کردیا ۔ 23 اور 24 مارچ کی رات منصوبہ کے تحت حبیب محمد نے سعیدآباد حدود میں واردات کو انجام دیا اور ایک کارروائی میں گرفتار کرلئے گئے ۔ ع
نقلی خرگوش کے خون کو آن لائن فروخت کرنے والا دھوکہ باز گرفتار
حیدرآباد /26 مارچ ( سیاست نیوز ) سائبر کرائم پولیس نے نقلی خرگوش کے خون کو آن لائن فروخت کرنے والے ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جو معروف کمپنی کے نام سے حلاوئی اور نقلی خرگوش کے خون فروخت کر رہا تھا ۔ ایک شکایت کے بعد حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 21 سالہ اشیش احوبا ساکن اجبین مدھویہ پردیش کو گرفتار کرلیا جو نقلی اشیاء کی تیاری اور فروخت کر رہا تھا ۔ پولیس نے اس معاملے میں چوہان نیرل بابو بھائی اور 27 سالہ نیل نکل بھائی ساکنان صورت گجرات کو گرفتار کرتے ہوئے چار مارچ کے دن عدالتی تحویل میں دے دیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس بڑے ریاکٹ میں مزید افراد جو ملزمین بتائے جارہے ہیں مفرور ہیں۔ جن میں پرساد ، علیشاں ، اور ششانت سنگھ کے علاوہ ہرتک کامت بتائے گئے ہیں۔ ع
سکندرآباد میں خوفناک سڑک حادثہ ، دو لڑکے ہلاک
حیدرآباد /26 مارچ ( سیاست نیوز ) سکندرآباد کے علاقہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں دو لڑکے ہلاک ہوگئے ۔ پولیس مہانکالی کے مطابق دو لڑکے جو ایک اسپورٹس موٹر سائیکل پر سوار تھے ۔ ایس پی روڈ سے آج صبح گذرنے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق 18 سالہ پرنئے اور 21 سالہ ہرشت جو بنسی لعل پیٹ علاقہ کے ساکن جی ایچ ایم سی ویسٹ کنٹرول روم میں کام کرتے تھے ۔ ان کی موٹر سائیکل کو ایک تیز رفتار کار نے ٹکر دے دی ۔ اس حادثہ میں پرنے برسر موقع ہلاک ہوگیا اور ہرش دوران علاج گاندھی ہاسپٹل میں فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ع
مسافروں کے جیب کترنے اور رہزنی کرنے والی ٹولی کا پردہ فاش
حیدرآباد /26 مارچ ( سیاست نیوز ) افضل گنج پولیس نے مسافرین کو لوٹنے ،پریشان کرنے جیب کترنے اور رہزنی کی وارداتوں کو انجام دینے والی ٹولی کا پردہ فاش کردیا اور 4 ملزمین کو گرفتار کرلیا جبکہ ٹولی کے دیگر تین افراد مفرور بتائے گئے ہیں۔ افضل گنج پولیس نے 19 مارچ کے دن پیش آئی ایک واردات کی تحقیقات کر رہی تھی ۔ جہاں ایک شہری کے گلے سے طلائی چین چھین لیا گیا ۔ افضل گنج پولیس نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے 32 سالہ کے سرینو ،36 سالہ محمد محبوب ،45 ویملوہ سرینو اور 22 سالہ کامبلے ویکاس ساکنان افضل ساگر مانگوڑ بستی حبیب نگر کو گرفتار کرلیا جبکہ اس ٹولی کے دیگر اراکین وجئے کرن اور صدام مفرور بتائے گئے ہیں۔ افضل گنج پولیس کے مطابق 19 مارچ کے دن شکایت گذار شہری ایم جی بی ایس پہونچا اور جیسے ہی وہ بس سے اترا اس دوران مسافرین کو لوٹنے والی ٹولی نے اسے دیکھ لیا اور ڈھائی تولہ طلائی چین چھین لیا۔ ع
پولیس افضل گنج نے اس ٹولی سے طلائی چین کو ضبط کرلیا اور 7 مقدمات کی یکسوئی کرلی جن میں لالہ گوڑہ ، نارائن گوڑہ ، سلطان بازار اور افضل گنج پولیس اسٹیشن حدود شامل ہیں۔ ع