کمسن سمیہ قتل کیس میں ملوث جوڑا گرفتار
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) مادنا پیٹ پولیس نے کمسن سمیہ قتل کیس میں ملوث جوڑے کو گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈی سی پی ساوتھ ایسٹ زون مسٹر سریکانت نے بتایا کہ 36 سالہ میر سمیع علی اور 28 سالہ یاسمین بیگم ساکنان چھاونی یاقوت پورہ کو گرفتار کرلیا۔ متوفی سمیہ سمیع علی کی بھانجی تھی اور دونوں میاں بیوی نے منصوبہ بند طریقہ سے لڑکی کا قتل کیا۔ اس کے ہاتھ پیر باندھ کر پانی کی ٹانکی میں لڑکی کو ڈال دیا تھا۔ پولیس کے مطابق جائیداد کے تنازعہ کے تحت بدلہ لینے کی خاطر کمسن کو قتل کیا گیا۔ سمیع کی تین سالہ لڑکی گزشتہ سال نومبر میں خرابی صحت کے سبب فوت ہوگئی تھی اور اس جوڑے کو شبہ تھا کہ کالا جادو کرواتے ہوئے اس کی بہن شبانہ سلطانہ نے بچی کو مروایا۔ کالے جادو کے سبب ان کی بچی فوت ہوگئی۔ وہ اس شبہ میں بدلہ لینے کی فراق میں تھے۔ دوسری طرف جائیداد کے متعلق تنازعہ سے پریشان تھے۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا۔ع
سائبردھوکہ بازوں کے حوصلے بلند
پولیس ملازمین کو بھی نشانہ بنانے لگے
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) سائبردھوکہ بازوں کے حوصلے اس قدر بلند ہوگئے ہیں کہ اب وہ پولیس ملازمین کو بھی نشانہ بنانے لگے ہیں۔ ایک تازہ واقعہ میں ڈی سی پی سطح کے عہدیدار کا نقلی فیس بک اکاؤنٹ تیار کرلیا گیا۔ تاہم فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے ڈی سی پی ٹریفک راہول ہگڈے نے سائبردھوکہ بازوں کی کوشش کو ناکام بنادیا تاہم اب ان کی شدت سے تلاش جاری ہے۔ ڈی سی پی ٹریفک حیدرآباد راہول ہگڈے نے فیس بک کے اپنے ساتھیوں کو پیغام دیا ہیکہ وہ فرضی اکاؤنٹ کو بلاک کردیں چونکہ ان کے نام سے تیار کردہ فرضی فیس بک اکاؤنٹ سے دوستی کو ریکوسٹ اور پھر رقمی مطالبہ کیا جارہا ہے اور دوستوں سے درخواست کی کہ وہ رقمی مطالبہ کی کوئی درخواست پر یقین نہ کریں۔ سائبر کرائم پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ع
درگا مورتیوں کے وسرجن کیلئے نصب کرین الٹ گیا
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) سرورنگر تالاب پر مورتیوں کے وسرجن کا کرین الٹ گیا جو درگا مورتیوں کے وسرجن کیلئے نصب کیا گیا تھا۔ تاہم اس کرین حادثہ میں کوئی جانی نقصان کا واقعہ پیش نہیں آیا۔کرین الٹ کر تالاب میں گر پڑا۔ کرین کا رخ موڑ جاتا اور سڑک پر الٹ جاتا تو کئی ہلاکتوں کا اندیشہ تھا۔ تاہم عوام نے اس واقعہ پر بلدیہ حکام کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا اور کرین کمپنی سے بلدیہ کے سازباز کا الزام لگاتے ہوئے لاپرواہی کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ع
انٹرمیڈیٹ طالبہ کی خودکشی کا معاملہ، رشتہ دار سرینواس گرفتار
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) پیٹ بشیرآباد پولیس نے انٹرمیڈیٹ طالبہ کی خودکشی معاملہ میں کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کے تایا سرینواس کو گرفتار کرلیا۔ یاد رہیکہ گزشتہ روز انٹر طالبہ نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ 6 ماہ قبل لڑکی کے والد کی موت ہوگئی تھی اور انہیں ایک فینانس کمپنی کی جانب سے ہراسانی کا سامنا تھا۔ اس کے والد نے کمپنی سے قرض لیا تھا اور اس کی ادائیگی کیلئے تایا کی جانب سے ہراسانی کا سامنا تھا۔ آئے دن سرینواس لڑکی کے گھر پہنچ کر دستاویزات کیلئے پریشان کررہا تھا۔ ان پریشانیوں سے تنگ آ کر لڑکی نے خودکشی کرلی اور خودکشی نوٹ میں وجوہات کو بیان کردیا۔ پولیس نے اس خودکشی نوٹ اور لڑکی کی والدہ کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کے تایا سرینواس کو گرفتار کرلیا۔ع
آئی آر ایس آفیسر کی کار سے قیمتی اشیاء غائب
آندھرا پردیش میں 9.45 لاکھ مالیتی زیورات و دیگر سامان کا سرقہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے ایک آئی آر ایس آفیسر شانتی راجہ جمعرات کی رات آندھرا پردیش کے باپٹلا ضلع کے تینالی قصبے میں اپنی کار سے 9.45 لاکھ روپئے مالیت کے سونے کے زیورات ، تین موبائل فون نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان پر مشتمل بیگ پارکنگ علاقے سے کھو دیا ۔ تینالی III ٹاون پولیس کے مطابق آئی آر ایس آفسر تینالی میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے ۔ انہوں نے گنٹور جانے کے لیے خانگی ڈرائیور کو عارضی طور پر رکھا تھا ۔ جب وہ تینالی پہنچے تو شانتی راجہ نے بریج کے قریب کار سے اتر گئے اور ڈرائیور سے کہا کہ وہ بیگ کو محفوظ رکھے ۔ اس میں قیمتی سامان رکھا ہوا ہے ۔ ڈرائیور جب ضرورت سے فارغ ہونے گیا اور جب وہ واپس آیا تو کار کا شیشہ ٹوٹا ہوا تھا اور کار سے بیگ غائب تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ شکایت کے مطابق چوری شدہ بیگ میں 5 لاکھ روپئے نقد رقم ، سونے کے زیورات ، تین موبائل فونس اور شناختی کارڈز وغیرہ موجود تھے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔۔ ش
چلتی ٹرین میں سوار ہونے کے دوران
خاتون مسافر بال بال بچ گئی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : چرلا پلی ریلوے اسٹیشن میں چلتی ٹرین میں سوار ہونے والی ایک مسافر بال بال بچ گئی۔ ممبئی لوک مانیہ تلک ایکسپریس ٹرین اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 4 پر رکی ۔ زیبا امیرالدنادر 26 سالہ خاتون سامان خریدنے ٹرین سے اتری جب وہ سامان خرید رہی تھی اس وقت ٹرین آگے بڑھنا شروع ہوئی ۔ ٹرین کو آگے بڑھتے دیکھتے ہی خاتون ٹرین کی طرف بھاگی اور ٹرین میں سوار ہوئی اور اپنا کنٹرول کھو بیٹھی اور وہ جب گرنے والی تھی کہ اسٹیشن پر موجود ڈیوٹی آفیسر آر پی ایف کانسٹبل پی وجیا نے خاتون کو بچالیا اور ٹرین کو روک کر خاتون کو ٹرین میں محفوظ طریقے سے سوار کروادیا گیا ۔۔ ش
دو سارق بشمول خاتون گرفتار
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) پہاڑی شریف پولیس نے دو سارق بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا جو سارق کی مدد کرتی تھی اور مسروقہ اشیاء کو فروخت کرنے کا اس خاتون پر الزام ہے۔ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران حبیب محمد کو گرفتار کرلیا جس کے بعد مہہ جبین کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 20 گرام سونا، 270 گرام چاندی کے زیورات اور 36 دستی گھڑیوں کو ضبط کرلیا۔ مہہ جبین کی عمر 39 سال بتائی گئی ہے۔ حبیب سرقہ کی تقریباً 50 وارداتوں میں ملوث بتایا گیا ہے۔ بند مکانات کو نشانہ بنانا قفل شکنی کے ذریعہ واردات کو انجام دینے میں حبیب ماہر ہے۔ پولیس مزید تحقیقات کو انجام دے رہی ہے۔ع
شرابی بیٹے نے ماں کا قتل کردیا
ضلع رنگاریڈی میں انسانیت سوز واقعہ
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) شراب پینے کیلئے پیسے دینے سے انکار پر ایک بیٹے نے والدہ کا قتل کردیا۔ یہ انسانیت سوز قتل کی واردات منچال ضلع رنگاریڈی میں پیش آئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق 48 سالہ ایلا اماں اپنے بیٹے کی حملہ میں ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ ایلااماں اس کے شوہر سومایا اور تین بچوں کے ساتھ اروٹلہ میں زندگی بسر کررہی تھی۔ اس کا بڑا بیٹا 32 سالہ سریکانت شراب کے نشہ کا عادی بن گیا جو اکثر شراب کے نشہ میں جھگڑا کرتا تھا۔ کل رات اس نے اپنی والدہ ایلاماں سے شراب پینے کیلئے پیسے مانگے لیکن خاتون نے رقم دینے سے انکار کردیا۔ اس دوران سریکانت نے بحث و تکرار کے بعد لوہے کی سلاخ سے حملہ کردیا۔ اس حملہ میں ایلاماں شدید زخمی ہوگئی جس کو افراد خاندان نے فوری ہاسپٹل منتقل کیا لیکن وہ درمیان راستہ میں ہی فوت ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق قاتل کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
الوال میں آتشزدگی
6 دکانات جل گئے
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ الوال میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ ایک سیکل کی دکان میں لگی آگ پھیل گئی اور قریبی دوکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہیکہ لوٹ کنٹہ الوال میں سیکل کی دوکان میں آگ لگنے سے سنسنی پھیل گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے بھیانک رخ اختیار کرلیا جس کے سبب 6 دوکانات میں آگ پھیل گئی اور دوکانات تباہ ہوگئے۔ اطلاع کے ساتھ ہی آتش فرو عملہ نے موقع واردات پہنچ کر آگ پر قابو پانے کے اقدامات کرتے ہوئے آگ پر کنٹرول کرلیا۔ سائیکل کی دوکان مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور دیگر 6 دوکانات تباہ ہوئے۔ آگ لگنے کی وجہ برقی شاک سرکٹ بتایا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع