مسلم جنگ پل میں ایک شخص کا قتل
حیدرآباد /30 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) مسلم جنگ پل علاقہ میں ایک شخص کا قتل کردیا گیا ۔ شاہ عنایت گنج پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ جس کی عمر تقریباً 35 سال ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ایک اطلاع پر کارروائی کی گئی ۔ اس نامعلوم شخص کے جسم پر زخموں کے متعدد نشانات پائے گئے، ہوسکتا ہے اس شخص کا قتل کرنے کے بعد نعش کو مسلم جنگ پل کے قریب پھینک دیا گیا ۔ جہاں ایک اسکول واقع ہے ۔ پولیس شاہ عنایت گنج نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
جیڈی میٹلہ میں خوفناک سڑک حادثہ ، سابقہ فوجی ہلاک
حیدرآباد /30 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) جیڈی میٹلہ پولیس حدود میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک سابق فوجی ہلاک ہوگیا ۔ جس کو خانگی ٹراویل بس نے ٹکر دینے کے بعد 500 میٹر تک سڑک پر گھسٹ کر لے گیا ۔ اس واقعہ کی اطلاع کے بعد جیڈی میٹلہ پولیس مقام حادثہ پہونچی اور مقدمہ درج کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 34 سالہ ہری کرشنا جو پیشہ سے جی ایچ ایم سی کے ڈمپنگ یارڈ سرکل انچارج تھا جو سابقہ فوجی بتایا گیا ہے ۔ ہری کرشنا یاچارم علاقہ میں رہتا تھا جو روزآنہ کے معمول کی طرح ڈیوٹی پر جارہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع
کم عمر لڑکی کی عصمت ریزی ، ملزم کو عمر قید کی سزا
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : کم عمر لڑکی کی عصمت ریزی اور لڑکی کو حاملہ بنانے والے 54 سالہ شخص کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ نامپلی کی خصوصی عدالت نے بوئن پلی پولیس اسٹیشن کے سال 2020 کے مقدمہ میں فیصلہ سنایا اور 54 سالہ بی سائیلو ساکن نظام آباد کو عمر قید کی سزا اور 5 ہزار روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق سائیلو نے کم عمر متاثرہ لڑکی کے ساتھ زبردستی کی اور اس کی عصمت ریزی کی جس کے نتیجہ میں لڑکی چار ماہ کی حاملہ بن گئی ۔ بوئن پلی پولیس نے اس مقدمہ میں چارج شیٹ کو داخل کردیا اور عدالت نے فیصلہ سنایا ۔۔ ع
دوست کی غداری سے دلبرداشتہ شخص کی خودکشی
حیدرآباد /30 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) میاں پور علاقہ میں دوست کی غداری سے دلبرداشتہ ایک شخص نے خودکشی کرلی ۔ میاں پور پولیس کے مطابق 34 سالہ دنیش کمار جو نیو حفیظ پیٹ علاقہ میں کرانہ دکان چلاتا تھا جو راجستھان کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ دنیش نے دوست کی غداری اور دغا بازی سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی ۔ اور خودکشی نوٹ میں دوست کو اس کا ذمہ دار ٹہرایا ۔ دنیش کے دوست دیپ چند نے اس کی بیوی پر بری نظر ڈالی اور اس کی بیوی کو اپنے جال میں پھانسنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ لیکن دنیش کی بیوی دیپ چند کا شکار نہیں ہوئی اور دونوں ساتھیوں میں جھگڑا ہوا ۔ ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان دوستی ہوکر صرف 7 ماہ کا عرصہ ہوا تھا ۔ دیپ چند یادو ہر دن دنیش کی دکان آتا اور اس کو شراب پینے کیلئے اپنے ساتھ لے جایا کرتا تھا ۔ دنیش کی بیوی بھی شوہر کے ساتھ دوکان میں رہتی تھی ۔ ہر دن شراب نوشی سے ان کی دوستی مزید گہری ہوگئی اور دنیش نے کاروبار سے توجہ ہٹادی اور دیپ چند نے اس کی بیوی پر توجہ مرکوز کردی ۔ اس دوران جھگڑے کے بعد دلبرداشتہ ہوکر دنیش نے خودکشی کرلی ۔ پولیس میاں پور نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
گھر سے دفتر چلانے والا سرکاری عہدیدار معطل
حیدرآباد /30 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) گھر سے دفتر چلانے والے سرکاری عہدیدار کو معطل کردیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ ایکسائز پربھو ونئے کو خدمات سے معطل کردیا گیا جو گذشتہ چار ماہ سے دفتر سے غیر حاضر ہونے کے باوجود تمام سرکاری امور کو گھر سے انجام دے رہا تھا ۔ ضروری فائلز اور حاضری رجسٹرار سپرنٹنڈنٹ اپنے گھر پر منگواتا تھا اور خدمات کو انجام دینے کا دعوی کیا جارہا تھا ۔ تاہم اس عہدیدار کی مشتبہ نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے اندرونی طور پر تحقیقات کروائی گئی ۔ تحقیقات میں پتہ چلاکہ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ ایکسائز نے سرویس رجسٹر میں بھی ہیرا پھیری کی اپنی تاریخ پیدائش کا غلط اندراج کروایا ۔ اس کے علاوہ سینیاریٹی لسٹ میں بھی دھاندلیاں کی گئیں ۔ ع