جـــرائـــم و حــادثــات

   

مسجد سے مقدس کتب کے سرقہ کی کوشش ۔ چھتری ناکہ علاقہ میں کشیدگی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر کے علاقہ میں اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب ایک شخص نے مسجد کی بے حرمتی کرتے ہوئے مذہبی کتابیں چرانے لگا۔ اکثریتی فرقہ سے تعلق رکھنے والے اس شخص کی حرکت سے مقامی مسلمانوں میں بے چینی پیدا ہوگئی اور اس واقعہ کی اطلاع فوری پولیس کو دی گئی ۔ اکثریتی فرقہ سے تعلق رکھنے والا شخص جو شراب کے نشہ کی حالت میں دھت تھا ۔ مقامی مسجد میں داخل ہوگیا اور مسجد کی بے حرمتی کرتے ہوئے مذہبی کتابوں کو سمیٹنے لگا جو ان مذہبی کتابوں کو ردی کی دکان میں فروخت کرتا تھا ۔ اطلاع کے ساتھ ہی چھتری ناکہ پولیس فوری چوکس ہوگئی اور انسپکٹر وی سرینواس ریڈی فوری مقام پر پہونچ گئے اور اس غیر مسلم شخص کو گرفتار کرلیا ۔ اس واقعہ سے علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی تاہم مسلمانوں کی اکثریت نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاملہ کو پولیس پر چھوڑ دیا ۔ پولیس چھتری ناکہ نے اس غیر مسلم کو پولیس اسٹیشن منتقل کرتے ہوئے ہر زاویہ سے تحقیقات کی مسلمانوں نے مسجد کی بے حرمتی پر شدید ناراضگی ظاہر کی ۔ بعد ازاں انسپکٹر پولیس چھتری ناکہ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ ملزم کی شناخت کرلی گئی ہے ۔ یادگیری نامی 32 سالہ شخص فٹ پاتھ پر زندگی بسر کرتا ہے جو کچرا چننے کے علاوہ تعمیراتی مقامات سے سامان کو چرا کر فروخت کرتا ہے اور اس سے شراب نوشی کرتا ہے ۔ یادگیری کا تعلق مہیشورم سے بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے یادگیری کو جیل منتقل کردیا ۔۔ ع

لڑکی کی عریاں ویڈیو بنانے والے بد معاش کے خلاف مقدمہ
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز )کم عمر لڑکی کی عریاں ویڈیو ریکارڈنگ کرنے اور ویڈیو کو سوشیل میڈیا پر پوسٹ کرنے والے ایک بدمعاش کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ ساتھی لڑکی کے ذریعہ فون نمبر حاصل کرنے کے بعد 18 سالہ لوکیش نے 16 سالہ لڑکی سے دوستی کی ۔ اپنی باتوں میں پھانس کر لڑکی سے قربت بڑھائی اور چند روز بعد لڑکی پر دباؤ ڈالنے لگا اور دھمکا کر اس سے عریاں ویڈیو کال کیلئے مجبور کرتا رہا ۔ جب لڑکی نے عریاں ویڈیو کالنگ شروع کی تو اس نے ریکارڈنگ کرلی اور لڑکی کو مجبور کررہا تھا کہ وہ اس کی خواہش کی تکمیل کرے اور جب وہ چاہے گا عریاں ویڈیو کال کیا جائے ۔ لڑکی نے لوکیش کی اس حرکتوں سے تنگ آکر اپنا فون نمبر بدل لیا جس کے بعد اس نے لڑکی سے دشمنی پیدا کرلی اور عریاں ویڈیو کو سوشیل میڈیا پر پوسٹ کردیا ۔ لوکیش کی دن بہ دن بڑھتی ہراسانیوں سے تنگ آکر لڑکی نے انتہائی اقدام کا فیصلہ کرلیا اور حسین ساگر میں چھلانگ لگاکر خود کشی کی کوشش کرنے تیار ہوگئی لیکن لڑکی نے اپنی بہن کو اس کی اطلاع دی ۔ بہن نے دلاسہ دیا اور اپنی بہن کو حوصلہ دیتے ہوئے حالات کا مقابلہ کرنے ذہنی طور پر تیار کیا اور پولیس اسٹیشن مدھورا نگر پہونچکر اس واقعہ کی شکایت کی گئی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع
سوشیل میڈیا پر چیف منسٹر کے خلاف مہم چلانے والے افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سوشیل میڈیا پر چیف منسٹر کے خلاف مہم چلانے اور چیف منسٹر کی تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرکے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو رسوا کرنے والے افراد کو سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ کے ٹی آر للیتا رنگاریڈی کے نام سے ایک واٹ ایپ گروپ میں چیف منسٹر کی تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرکے بے بنیاد اطلاعات کو پیش کیا گیا ۔ اس حرکت پر صرف چیف منسٹر کو رسوا کیا گیا بلکہ عوام میں بے چینی و کشیدگی پھیلانے کی کوشش کی گئی ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے 27 سالہ گڈم انیل کمار ساکن پدا پلی اور 48 سالہ کے رمیش ساکن کندرگ محبوب نگر کو گرفتار کرلیا ہے ۔۔ ع

گانجہ کی فروخت ‘ دو افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : اسپیشل ٹاسک فورس نے بنجارہ ہلز میں تین افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 2 لاکھ روپئے مالیتی گانجہ کو ضبط کرلیا ۔ کھمم اور ورنگل کے افراد کے گانجہ فروخت کرنے کی اطلاع پر ایس ٹی ایف نے کارروائی کی اور تین افراد کو گرفتار کرلیا جب کہ دو مفرور ہیں ۔ روڈ نمبر 36 پر ریسٹورنٹ کے قریب کارروائی میں تین افراد ڈی راج کمار ، پی ہرشیت اور سوریہ ساکنان ورنگل کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ایس ٹی ایف گانجہ خریدنے والے دیپک کمار تیجاریڈی کو بھی حراست میں لے لیا ۔ ع
ایک خاندان کے تین افراد کی خودکشی
حیدرآباد5 اکتوبر(یواین آئی) تلنگانہ کے نظام آباد کے بودھن کے وڈی پلی گاوں میں ایک ہی خاندان کے تین افراد نے خودکشی کرلی۔ہریش نامی شخص آن لائن سٹہ بازی پر تقریبا 20لاکھ روپئے سے محروم ہوگیا تھا۔اس سٹہ بازی کی لعنت کے نتیجہ میں اس کے ارکان خاندان کو اپنا کھیت فروخت کرناپڑا۔ مالی پریشانیوں کی وجہ سے باپ سریش، ماں ہیمالتا، بیٹے ہریش نے خودکشی کرلی۔