جـــرائـــم و حـــادثــات

   

جگت گری گٹہ میں آلو کے گودام میں آتشزدگی ، کوئی جانی نقصان نہیں
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : جگت گری گٹہ پولیس اسٹیشن حدود میں واقع پاپی ریڈی نگر علاقہ میں واقع آلو کے گودام میں چہارشنبہ کو آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔ شعلوں کے ساتھ گہرے دھویں سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ فائیر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا ۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ تاہم مالی نقصان امکان ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ۔ آگ لگنے کی وجہ کا علم نہ ہوسکا ۔۔ ش

نیلور میں لال صندل کی اسمگلنگ کا ریاکٹ بے نقاب
50 لاکھ روپئے مالیتی صندل کی لکڑی ضبط ، ٹاسک فورس کا دھاوا
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : لال صندل کے اسمگلروں نے نقل و حمل کے دوران صندل کا پتہ لگانے سے بچنے کے لیے کچے نوشتہ جات کو پتلے تختوں اور لکڑی کی پٹیوں میں تبدیل کر کے اپنے طریقوں کو تبدیل کرنا شروع کردیا ہے ۔ اس تازہ ترین حربے کا پردہ فاش ریڈسینڈرز اینٹی اسمگلنگ ٹاسک فورس کے ایک آپریشن کے دوران کیا گیا جس کے نتیجہ میں ضلع نیلور میں چیجولا کے جنگلاتی علاقے کے قریب تقریبا 50 لاکھ روپئے مالیت کے 192 ریڈسینڈرز کے ٹکڑے ضبط کیے گئے ۔ یہ آپریشن آر ایس اے ایس ٹی ایف کے سربراہ ایل سبارائیڈو اور ٹاسک فورس کے ایس پی پی سرینواس کی ہدایت پر کیا گیا تھا ۔ انٹلی جنس کی بنیاد پر ڈی ایس پی بال ریڈی و دیگر عملہ کے ساتھ پیر کی رات چیجولا کے جنگلاتی علاقوں میں مشترکہ آپریشن کیا گیا ۔ منگل کی صبح کے وقت ٹاسک فورس جنگل میں پہنچی جہاں ایک کار اور ایک موٹر سیکل پر مشتمل مشتبہ سرگرمی کی نشاندہی کی اور چار افراد کو گرفتار کرلیا جن کا تعلق دو تمل ناڈو اور دو افراد کا ضلع نیلور سے ہے ۔ ان کے قبضہ سے 192 ٹکڑے اور تختے ، موٹر سیکل اور کار کو ضبط کرلیا گیا اور انہیں مزید تحقیقات کے لیے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔۔ ش

عاشق کی ہراسانی اور جان سے مارنے کی دھمکی سے دلبرداشتہ لڑکی کی خودکشی
حیدرآباد۔ 16 جولائی (سیاست نیوز) عاشق کی ہراسانی اور جان سے مارنے کی دھمکی سے دلبرداشتہ ایک لڑکی نے خودکشی کرلی۔ جوبلی ہلز پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 19 سالہ بانوت رینوکا جو یوسف گوڑہ علاقہ کے ساکن بانوت ملور کی بیٹی تھی۔ مادھاپور کی خانگی کمپنی میں ہاوز کیپنگ ملازمہ کا کام کرتی تھی۔ رینوکا کی پہچان دو سال قبل ونئے کمار سے ہوئی تھی جو نشہ کا عادی ہے جس سے تنگ آکر لڑکی گھر والوں کی نصیحت پر عاشق سے دوری اختیار کررہی تھی لیکن ونئے کمار رینوکا کے پیچھے پڑ گیا تھا اور اس کے کام کرنے کے مقام پر جاکر لڑکی کو پریشان کررہا تھا۔ 9 جولائی ونئے کمار مادھاپور پہنچا اور رینوکا کی اسکوٹی گاڑی لے لیا اور گاڑی پر رینوکا کے علاوہ اس کی سہیلی دیپکا کو سوار کرلیا۔ تینوں اسکوٹی پر سوار جارہے تھے کہ جوبلی ہلز پولیس کی جانب سے ڈرنک اینڈ ڈرائیو جاری تھا۔ اس دوران نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسکوٹی کو ضبط کرلیا۔ گاڑی ضبط ہونے کے بعد رینوکا کی پریشانی مزید بڑھ گئی اور اس نے اپنی والدہ سے بھی گاڑی کے متعلق جھوٹ بولا کہ گاڑی مرمت کو دی گئی ہے۔ دوسری طرف ونئے کمار گاڑی کے سوال پر پیسے دینے کا مطالبہ کررہا تھا اور بات چیت بند کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دے رہا تھا۔ اس بات سے شدید ذہنی تناؤ کا شکار لڑکی نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع

آن لائن سٹہ کا شکار شخص کی خودکشی
حیدرآباد۔ 16 جولائی (سیاست نیوز) آن لائن سٹہ کا شکار ایک اور شخص نے خودکشی کرلی۔ پہاڑی شریف پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 35 سالہ یادگیری نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی۔ یادگیری پیشہ سے ماروتی شوروم میں مینجر تھا جو تکو گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا۔ 7 جولائی سے یادگیری لاپتہ تھا جس کی گمشدگی رپورٹ بھی پولیس میں کروائی گئی تھی جس نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا تھا اور عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں زیر علاج تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یادگیری کل رات فوت ہوگیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا کہ یادگیری آن لائن سٹہ کا شکار ہو گیا تھا۔ ع

انجینئر ان چیف محکمہ پنچایت راج رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
حیدرآباد۔ 16 جولائی (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے پنچایت راج ڈپارٹمنٹ کے انجینئر ان چیف کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اے سی بی سٹی رینج یونٹ 2 کی ٹیم نے ویراویلی کنکارتنم انجینئر ان چیف پنچایت راج انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو 50 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ کنکا رتنم نے شکایت گذار کے ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے لئے رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔ اے سی بی عہدیداروں نے گرفتار انجینئر ان چیف کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔ ع