جـــرائـــم و حـــادثــات

   

موسیٰ پیٹ میں کار مسافرین کو دھمکیاں
حالت نشہ میں نوجوان کی سڑک پر ہنگامہ آرائی ، مسافروں میں افراتفری
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے جس میں ایک شخص چلتی کار کے بونٹ پر چڑھ کر کار میں موجود افراد کو دھمکیاں دے رہا ہے ۔ یہ واقعہ حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ موسیٰ پیٹ میں پیش آیا ۔ یہ نوجوان نشہ کی حالت میں تھا جس نے سڑک کے درمیان گاڑی کو روک کر افراتفری مچائی ۔ جس کے بعد راہگیروں نے مداخلت کرتے ہوئے اسے کار سے نیچے اتار دیا ۔ اس واقعہ کے بعد مقامی افراد نے بتایا کہ نشہ کی حالت میں لوگ کچھ نہ کچھ حرکت کرتے رہتے ہیں ۔ شراب اور منشیات کے استعما کے بعد انہیں کسی چیز کا ہوش نہیں رہتا ۔۔ ش

دوسروں کو مکان دلانے کا وعدہ ، خود کے مکان تعمیر
قطب اللہ پور ایم ایل اے کیمپ آفس میں کام کرنے والا شخص گرفتار
حیدرآباد /23 جولائی ( سیاست نیوز ) دوسروں کو مکان دلانے کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دیکر اپنا مکان تعمیر کرنے والے ایک دھوکہ باز کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جیڈی میٹلہ پولیس نے شکایت کے بعد تحقیقات کرتے ہوئے قطب اللہ پور ایم ایل اے کیمپ آفس میں کام کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ جس پر الزام ہے کہ اس نے 83 افراد کو ڈبل بیڈروم مکان فراہم کرنے کا جھانسہ دیا اور فی کس ایک لاکھ روپئے وصول کرتے ہوئے دھوکہ دیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بالانگر ڈیویژن نریش ریڈی نے بتایا کہ 14 جولائی کو ٹی رمیش نامی شخص نے بی شٹی ہری بابو کے خلاف شکایت کی تھی جو رکن اسمبلی قطب اللہ پور کے کیمپ آفس میں بحیثیت اسسٹنٹ خدمات انجام دے رہا تھا ۔ پولیس کے مطابق شکایت گذار کو اس نے اپنی جعلسازی کا شکار بنایا اور ڈبل بیڈروم مکان دلانے کا وعدہ کرتے ہوئے اس شخص سے ایک لاکھ روپئے حاصل کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ شکایت گذار کی اطلاع کے مطابق شٹی ہری بابو نے تقریباً 83 افراد سے فی کس ایک لاکھ روپئے حاصل کیا اور انہیں ڈبل بیڈروم مکان فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران 8 متاثرین سے بات چیت کی اور ان کے بیان کو حاصل کرلیا اور بی شٹی ہری بابو کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ ع

گمشدہ و مسروقہ موبائل فونس ضبط و مالکین کے حوالے
سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کے تحت پانچ زون میں 45 دن کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد پولیس کی جانب سے 827 گمشدہ مسروقہ موبائل فونس کو ضبط کرلیا گیا اور ان موبائل فونس کو ان کے مالکین کے حوالے کردیا گیا ۔ سائبر آباد سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے گذشتہ 45 دنوں میں کارروائی کرتے ہوئے دو کروڑ روپئے مالیتی 827 موبائل فونس کو حاصل کیا ۔ اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ڈپٹی کمشنر آف پولیس کرائم سائبر آباد اے میتم ریڈی نے بتایا کہ سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کے 5 زونس میں 45 دنوں سے کارروائی کی گئی ۔ سائبر آباد پولیس نے سنٹرل ایکوپمـنٹ آئڈینٹیٹی رجسٹرار ( سی ای آئی آر ) کی مدد سے کارروائی کو انجام دیا ۔ ع
انہوں نے بتایا کہ سی سی ایس مادھا پور کی جانب سے 180 بالا نگر سی سی ایس کی جانب سے 174 میڑچل سی سی ایس کی جانب سے 176 شمس آباد سی سی ایس کی جانب سے 144 راجندر نگر سی سی ایس کی جانب سے 153 موبائل فون ضبط کئے گئے ۔ سائبر آباد پولیس کی جانب سے مسروقہ گمشدہ موبائل فونس کی تلاشی اور ضبط کرنے کی کارروائی کا یہ آٹھواں مرحلہ تھا ۔ ان مرحلوں میں پولیس کی جانب سے 6233 موبائیل فونس کو ضبط کیا گیا ۔۔ع

ضلع رنگاریڈی میں
ایک لڑکی کی خودکشی
حیدرآباد /23 جولائی ( سیاست نیوز ) ضلع رنگاریڈی کے علاقہ دوما میں ایک نوجوان لڑکی نے خودکشی کرلی ۔ دوما پولیس کے مطابق 19 سالہ نینارت لکشمی جو پیرلہ گٹہ تانڈہ علاقہ کے ساکن ہری چند کی بیٹی تھی ۔ لڑکی پیشہ سے ٹیلرنگ کرتی تھی ۔ اس لڑکی کی دوستی اسی علاقہ کے جی راہول سے ہوئی تھی اور دونوں میں دوستی عاشقی میں بدل گئی۔ راہول نے لڑکی سے شادی کا وعدہ کیا اور اس سے تین تولہ سونا اور 30 ہزار روپئے حاصل کرلیا ۔ چند روز قبل راہول نے یہ کہتے ہوئے لڑکی سے شادی سے انکار کردیا کہ ذات کے خاطر سے ان کی شادی ممکن نہیں۔ وہ رشتہ میں بھائی بہن ہوتے ہیں۔ جس کے بعد لڑکی نے اپنا سونا اور رقمی واپس کرنے کا مطالبہ کیا ۔ لیکن راہول نے اس سے نکار کردیا ۔ اس بات سے شدید دلبرداشتہ ہوکر لڑکی نے خودکشی کرلی ۔ پولیس دوما نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع

عثمانیہ یونیورسٹی علاقہ میں سڑک حادثہ ، سب انسپکٹر پولیس کی موت
حیدرآباد /23 جولائی ( سیاست نیوز ) عثمانیہ یونیورسٹی علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک انسپکٹر پولیس فوت ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 53 سالہ راجیشور راؤ جو پیشہ سے انٹلی جنس انسپکٹر تھا ۔ 20 جولائی کو پیش آئے سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ پولیس عثمانیہ یونیورسٹی ذرائع کے مطابق راجیشور راؤ بونال ڈیوٹی کی انجام دہی کے بعد تارناکہ سے حبشی گوڑہ کی جانب جارہا تھا کہ میٹرو پلر نمبر 1012 کے قریب موٹر سائیکل حادثہ کا شکار ہوگئی اور راجیشور راؤ اس حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا ۔ جنہیں فوری علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع