جـــرائـــم و حـــادثــات

   

موبائیل فون سارقین کی ٹولی بے نقاب
تین افراد گرفتار، جیڈی میٹلہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) موبائیل فونس کا سرقہ کرنے والی ایک بدنام زمانہ ٹولی کو جیڈی میٹلہ پولیس نے بے نقاب کردیا اور ٹولی کے تین افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 13.57 لاکھ روپئے مالیتی فونس کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 19 سالہ وجئے ناتھ عرف ورون ساکن کوکٹ پلی ، 21 سالہ آر شیوا ساکن دین بندھو کالونی جگت گیری گٹہ اور 23 سالہ آر نریش نائک ساکن انجیا نگر جگت گیری گٹہ کو گرفتار کرلیا جبکہ وینکٹ اور کمار مفرور بتائے گئے۔ 27 جولائی کے دن 21 سالہ لڑکی اکھیلا نے پولیس میں شکایت کی تھی ۔ لڑکی پیشہ سے خانگی ملازمہ ہے جو بس اسٹاپ سے اپنے ہاسٹل کی جانب جارہی تھی کہ دو نامعلوم افراد آئے اور لڑکی کا سیل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔ رہزن موٹر سیکل پر سوار تھے اور اپنے پیر ڈھانکے ہوئے تھے ۔ جیڈی میٹلہ پولیس لڑکی کی شکایت کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا ور ٹکنیکل شواہد اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سارقوں کی شناحت کرلی اور انہیں گرفتار کرلیا ۔ پو لیس نے بتایا کہ یہ ٹولی منصوبہ بند طر یقہ سے وارداتوں کو انجام دے رہی تھی ۔ گرفتار سارقوں میں شیوا سابق میں عصمت ریزی کے معاملہ میں سعید آباد پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ نریش سال 2016 سے وارداتوں میں ملوث ہے جس نے کوکٹ پلی ، باچو پلی اور سعید آباد میں 10 وارداتیں انجام دیں ہیں۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ ع

ریمس ہاسپٹل عادل آباد میں میڈیکل طالب علم کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : عادل آباد ضلع کے ریمس ہاسپٹل میں ایک میڈیکل طالب علم نے خود کشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق 19 سالہ ساحل چودھری ساکن راجستھان جو ایم بی بی ایس دوسرے سال میں زیر تعلیم تھا چہارشنبہ کی صبح اس نے ہاسٹل کے کمرے میں پنکھے سے پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ چہارشنبہ کی صبح اس کے ساتھیوں نے نعش کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس ایک مقدمہ درج کرلیا اور نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری دواخانہ منتقل کردیا ۔ خود کشی کی وجہ کا پتہ نہیں چلا ۔۔ ش

نارسنگی میں سڑک حادثہ ، ایک شخص ہلاک
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) نارسنگی حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک شخص فوت ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق 40 سالہ شیخ فہیم اللہ جو ابراہیم باغ علاقہ کے ساکن شیخ رحمت اللہ کے فرزند تھے ۔ بلٹ موٹر سیکل پر جارہے تھے کہ نارسنگی حدود میں ایک کار کی لاپرواہی کے سبب حادثہ پیش آیا۔ سڑک کنارے موجود کار اچانک سڑک پر آگئی اور بلٹ کار سے ٹکرانے کے سبب حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں شدید زخمی فہیم اللہ علاج کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ، نارسنگی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع

سڑک حادثہ میں اسکوٹی سوار خاتون ہلاک
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : منی کونڈہ علاقے میں ایک افسوسناک سڑک حادثے میں خاتون آئی ٹی ملازمہ کی موت ہوگئی ۔ یہ واقعہ رائے درگم پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا ۔ جہاں ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے اسکوٹی کو ٹکر دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق متوفیہ کی شناخت 38 سالہ شالینی کے طور پر ہوئی ہے جو ایک معروف آئی ٹی کمپنی میں سافٹ ویر انجینئر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں ۔ منگل کی صبح جب اسکول بس مقررہ وقت پر گھر نہ پہنچی تو شالینی نے اپنے دونوں بچوں کو اسکوٹی پر قریبی بس اسٹاپ تک پہنچایا ۔ بچوں کو بس میں بٹھاکر واپس آتے وقت منی کونڈہ سندرگارڈن کے قریب ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے اس کی گاڑی کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں خاتون کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔۔ ش

ایرپورٹ پر 14 کروڑ روپئے ما لیتی گانجہ ضبط
خاتون مسافر گرفتار ، نارکوٹک کنٹرول بیورو کی بڑی کارروائی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) نارکوٹک کنٹرول بیورو نے ایک بڑی کارروائی میں خاتون مسافر سے 14 کروڑ مالیتی گانجہ کو ضبط کرلیا ۔ نارکوٹک کنٹرول بیورو نے حیدرآباد ایرپورٹ سے اسی خاتون مسافر کو حراست میں لے لیا جو چیک ان بیاگس کے ذریعہ حیڈرو فونک گانجہ منتقل کر رہی تھی ۔ این سی بی نے اس خاتون مسافر کے قبضہ سے 40.2 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا جس کی مارکٹ قیمت 14 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ نارکوٹک کنٹرول بیورو حیدرآباد آشش چکراورتی کے مطابق خاتون مسافر نے اس حیڈروفونک گانجہ کی خریداری بنکاک سے کی اور بذریعہ دبئی حیدرآباد پہنچی ، گانجہ کی منتقلی کیلئے اس نے دبئی سے حیدرآباد آنے کا فیصلہ کیا ۔ اس دوران حاصل خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نارکوٹک کنٹرول بیورو نے خاتون کے سامان کی تلاشی لی اور اسے گرفتار کرلیا ۔ سپرنٹنڈنٹ نارکوٹک کنٹرول بیورو نے بتایا کہ بنکاک اور تھائی لینڈ سے کسی گروہ سے تعلقات اور ملک میں اس خاتون کے نیٹ ورک کا پتہ لگانے کیلئے این سی بی کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔ع

سیل فون کے زیادہ استعمال پر والدین کی ڈانٹ ، اسکولی طالبہ کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سیل فون سے لگاؤ اور مصروفیت ایک 10 ویں جماعت کی طالبہ کی موت کا سبب بن گئی ۔ سورارم پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 14 سالہ لکشمی کماری نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی ۔ لڑکی کو سیل فون سے بہت زیادہ لگاؤ ہوگیا تھا اور وہ اکثر سیل فون میں ساتھیوں سے بات چیت اور چیاٹنگ میں مصروف رہتی تھی ۔ لڑ کی اس قدر مصروف ہوگئی تھی کہ تعلیم پر بھی اس کی کوئی توجہ نہیں تھی ۔ لڑکی کی سیل فون پر مصروفیت ماں باپ کیلئے تشویش کا باعث بن گئی اور انہوں نے فون سے دور رہنے کیلئے لڑکی کو پابند کردیا ۔ یہ بات لڑ کی کو گوارہ نہیں ہوئی اور اس نے ماں باپ کی نصیحت کو نظر انداز کردیا اور پھانسی لے کر انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس کے مطابق لکشمی کمار حمید بستی کے ساکن رام سنگھ کی بیٹی کو اس خاندان کا تعلق بہار سے بتایا گیا ہے ۔ لڑکی 10 ویں جماعت میں زیر تعلیم تھی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ع

محبوبہ کے والد کی دھمکی سے دل برداشتہ محبوب کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) محبوبہ کے والد کی دھمکی سے دلبرداشتہ ایک نامراد عاشق نے خودکشی کرلی ۔ اپل پولیس حدود میں پیش آئے اس واقعہ میں پولیس نے لڑکے کی والدہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 26 سالہ ترون جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ، اپل حدود میں رہتا تھا۔ ترون ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا اور اس بات کا پتہ لڑکی کے گھر والوں کو ہوا اور ترون کے خلاف شکایت کرتے ہوئے قانونی کارروائی کی گئی ۔ پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور ترون کو جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔ حالیہ دنوں ترون جیل سے رہا ہوکر آیا تھا جس کے بعد ترون کو لڑکی کے والد کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی تھی ۔ جیل کی سزا کے بعد رسوائی اور رہائی کے بعد جان سے مارنے کی دھمکیوں سے تنگ آکر ترون نے خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع

اسکراپ کٹنگ کے دوران دھماکہ ، ایک شخص ہلاک دوسرا زخمی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) اسکراپ کٹنگ کے دوران پیش آئے دھماکہ میں ایک شخص ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا ۔ یہ حادثہ کوکٹ پلی پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 34 سالہ محمد مبین اسکراپ کٹنگ کے دوران پیش آئے حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ مبین کا تعلق اترپردیش سے بتایا گیا ہے جو یہاں روزگار کے سلسلہ میں آیا تھا اور اپنے ساتھی جمیل احمد کے ساتھ کام کر رہا تھا۔ مبین سبھاش نگر جیڈی میٹلہ میں رہتا تھا ۔ کل کوکٹ پلی حدود میں مبین جمیل احمد کے ساتھ کام میں مصروف تھا کہ اس دوران دھماکہ پیش آیا۔ اس دھماکہ کی شدت سے مبینہ کی برسر موقع موت ہوگئی جبکہ جمیل احمد شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے ۔ پولیس کوکٹ پلی نے مدقدمہ درج کرلیا ہے ۔ اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع