محبوب قتل کیس کے ملزمین گرفتار، جگت گیری گٹہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /6اگست ( سیاست نیوز ) محبوب قتل کیس میں ملوث چار افراد کو جگت گیری گٹہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بالانگر ڈیویژن سائبرآبادمسٹر بی نریش ریڈی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ چار افراد 48 سالہ سید فاضل ،23 سالہ سید جہانگیر، 23 سالہ شیخ کریم ساکنان ایلمابنڈہ اور 23 سالہ شیخ امیر ساکن بورا بنڈہ کو گرفتار کرلیا۔ اے سی پی نے بتایا کہ محبوب اور فاضل کے درمیان رقمی لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا ۔ مقتول محبوب مشیرآباد پولیس اسٹیشن سے وابستہ روڈی شیٹر بتایا گیا ہے ۔ فاضل نے 5 سال قبل محبوب کو گیارہ لاکھ روپئے کا قرض دیا تھا اور اس کی ادائیگی میں محبوب ٹال مٹول کر رہا تھا اور شدید اذیت پہونچا رہا تھا ۔ اس مسئلہ پر ان کے درمیان کئی مرتبہ بحث و تکرار ہوئی محبوب نے فاضل کو رقمی مطالبہ پر جان سے ماردینے کی دھمکی بھی دی تھی ۔ اس بات سے فاضل بہت پریشان تھا ۔ اس نے اپنے رشتہ دار اور ساتھیوں کے ہمراہ محبوب کے قتل کا منصوبہ بنایا اور اس کو ہلاک کردیا ۔ پولیس نے گرفتار قاتلوں کے قبضہ سے چار موبائل فونس ،3 خنجر ایک، گیاس کٹر چاقو اور دو ترکاری چاقو اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ ع
معطل شدہ کانسٹیبل خودسوزی کے دوران شدید جھلس گیا
حیدرآباد /6 اگست ( سیاست نیوز )شہر میں ایک معطل شدہ کانسٹیبل خودسوزی کے دوران شدید جھلس گیا جو ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ یہ واقعہ چلکل گوڑہ پولیس حدود میں پیش آیا ۔ 37 سالہ کرن بابو ملازمت سے معطلی کے بعد بحال ہونے کی کوشش میں مسلسل ناکام ہوگیا تھا ۔ جس نے اپنے جسم پر پٹرول ڈال کر آگ لگالی ۔ جس کا علاج جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق کرن بابو کو کلثوم پورہ پولیس اسٹیشن میں خدمات کے دوران بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے الزامات پر معطل کردیا گیا تھا اور انکوائری میں بھی رپورٹ اس کے خلاف آئی اور اس نے عدالت کا رخ کیا تھا اور عدالت نے کرن بابو کی درخواست کو مسترد کردیا تھا ۔ جس کے بعد معطل شدہ کانسٹیبل ریاپیڈو چلاکر زندگی بسر کر رہا تھا۔ حالات سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے انتہائی اقدام کی کوشش کی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ع
کوکٹ پلی میں خاتون کی مشتبہ موت سے سنسنی
حیدرآباد /6 اگست ( سیاست نیوز ) کوکٹ پلی میں ایک خاتون کی مشتبہ موت کے بعد علاقہ میں سنسنی پیدا ہوگئی۔ 32 سالہ منگلی سریتا جو شوہر کی موت کے بعد تنہا رہتی تھی۔ اس خاتون کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا ۔ جو گھر میں پھانسی پر لٹکی ہوئی تھی اور مکان کا دروازہ باہر سے لگاہوا تھا ۔ پڑوسیوں نے منگلی سریتا کی نعش کو پھانسی پر لٹکا دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کوکٹ پلی پولیس کے مطابق 32 سالہ سریتا جو گنگادھر کی بیوی تھی ۔ شوہر کی موت کے بعد سریتا سنگیتا نگر علاقہ میں رہتی تھی ۔ گذشتہ تین سالوں سے سریتا سنتوش نامی شخص کے ہمراہ لیوان ریلیشن میں تھی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کل 5 اگست کو سریتا اور سنتوش کے درمیان جھگڑا ہوا تھا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ع
محبوبہ کی بے رخی سے دلبرداشتہ عاشق کی خودکشی
حیدرآباد /6 اگست ( سیاست نیوز ) محبوبہ کی بے رخی سے دلبرداشتہ عاشق نے خودکشی کرلی ۔ سورارم پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس کے مطابق 20 سالہ جی سندیپ جو راجیو گاندھی نگر علاقہ کے ساکن وٹھل کا بیٹا تھا ۔ پیشہ سے ڈیلیوری بوائے کا کام کرتا تھا ۔ سندیپ کی پہچان وجئے واڑہ علاقہ سے تعلق رکھنے والی لڑکی کاویا سے ہوئی تھی ۔ یہ ملاقات آن لائن ہوئی تھی اور عاشقی میں بدل گئی گذشتہ چار سالوں سے ان کے درمیان یہ سلسلہ جاری تھا ۔ تاہم گذشتہ چند روز سے کاویا نے سندیپ سے بے رخی اختیار کرلی تھی اور بہت زیادہ اپنے آپ کو مصروف کرلیا تھا ۔ اس بات سے دلبرداشتہ سندیپ نے کل پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ ع
آدی بٹلہ میں ایک شخص کی چوتھی منزل سے چھلانگ کے ذریعہ خودکشی
حیدرآباد /6 اگست ( سیاست نیوز ) شہر کے مضافاتی علاقہ میں آدی بٹلہ میں ایک شخص نے چھلانگ لگاکر اپنی جان گنوائی ۔ آدی بٹلہ پولیس کے مطابق 48 سالہ موہن راؤ جو ٹی سی ایس کا ملازم تھا ۔ اس نے عمارت کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ آج صبح جب موہن راؤ نے اپنے موبائل سے لوکیشن اور ایک وائس مسیج بیوی کو روانہ کیا تھا ۔ موہن راؤ سے رابطہ نہ ہونے پر اس کی بیوی نے بھائی کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہونچکر گمشدگی کی رپورٹ کردی تھی ۔ وائس مسیج میں موہن راؤ نے قرض سے پریشانی کا ذکر کیا اور انتہائی اقدام کرلیا ۔ آدی بٹلہ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
بیوی اور معشوقہ کی ہراسانی سے دلبرداشتہ شخص کی خودکشی
حیدرآباد /6 اگست ( سیاست نیوز ) بیوی اور معشوقہ کی ہراسانیوں سے دلبرداشتہ ایک پریشان حال شخص نے خودکشی کرلی ۔ میڈپلی پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 34 سالہ نوین کمار نے کل رات انتہائی اقدام کرلیا نوین پیشہ سے خانگی ملازم تھا اور میڈپلی علاقہ میں رہتا تھا ۔ نوین کی شادی سال 2017 میں سری ریکھا نامی لڑکی سے ہوئی تھی اور ان دونوں نے یہ شادی اپنی پسند سے کی تھی باوجود اس کے نوے کا سواتی نامی لڑکی پر دل آگیا تھا ۔ اور وہ اس کے ساتھ رہنے لگا میاں بیوی میں اختلافات کے بعد گذشتہ دو سال سے نوین کمار سواتی کے ساتھ لیو ان ریلیشن میں تھا ۔ اس بات کا پتہ سری ریکھا کو ہوا اور اس نے سخت اعتراض کیا ۔ جس کے بعد نوین کی بیوی نے اس کی معشوقہ کو نشانہ بنانا شروع کردیا ۔ اکثر بیوی اور معشوقہ آپس میں جھگڑے ہوا کرتے تھے اور یہ مسئلہ دن بہ دن شدت اختیار کیا جارہا تھا ۔ نوین کی بیوی نے اس کی معشوقہ کے ساتھ ہاتھا پائی بھی شروع کردی تھی ۔ ان دونوں کے جھگڑوں اور ہراسانی سے تنگ آکر نوین کمار نے خودکشی کرلی ۔ ع
کالاپتھر کے سوئمنگ پول میں
چھلانگ لگانے کے دوران زخمی شخص کی موت
حیدرآباد /6اگست ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ کالاپتھر میں واقع سوئمنگ پول میں ایک شخص کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا ۔کالاپتھر پولیس کے مطابق 54 سالہ دادر پاشاہ جو شبلی گنج علاقہ کے ساکن محمد یوسف کے بیٹے تھے ۔ کل دادر پاشاہ چندولعل بارہ دری میں واقع سرکاری سوئمنگ پول گئے اور سوئمنگ پول میں چھلانگ لگانے کے دوران شدید زخمی ہوگئے ۔ جنہیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ چھلانگ لگانے کے دوران زخمی ہونے کے سبب دادر پاشاہ کی موت ہوگئی تاہم کالاپتھر پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع
شوہر کا قتل کروانے والی بیوی عاشق اور ساتھی کے ساتھ گرفتار
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ضلع کریم نگر میں ایک خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کا قتل کروایا ۔ تفصیلات کے مطابق سمپت 45 سالہ جو کریم نگر کے ایک لائبریری میں سویپر اور بیوی رما دیوی سڑک کے کنارے اشیاء فروخت کرتی تھی ۔ رما دیوی کی ملاقات اشیاء فروخت کرنے کے دوران راجیا 50 سالہ سے ہوئی اور دونوں میں ناجائز تعلقات قائم ہوگئے ۔ 31 جولائی کو رما دیوی ، راجیا اور اس کا دوست سرینواس سمپت کو پارٹی کے بہانے طلب کیا کثرت سے شراب پلائی جس کے بعد راجیا نے اس کے کان میں کیڑے مار دوا ڈال دی جس سے اس کی موت ہوگئی ۔ اگلے دن رما دیوی نے پولیس میں گمشدگی کی شکایت درج کروائی ۔ یکم اگست کو نعش برآمد ہوئی تو بیوی نے پوسٹ مارٹم نہ کرنے کی اپیل کی ۔ جس پر پولیس کو شک ہوا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے کال ڈاٹا ، فون لوکیشن اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے تینوں کو حراست میں لے لیا ۔ پولیس کی پوچھ گچھ میں رما دیوی نے اعتراف کیا ۔ تینوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔۔ ش
وقار آباد میں کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کی کوشش ، ایک شخص گرفتار
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : وقار آباد ضلع میں ایک نوسالہ لڑکی کی عصمت ریزی کرنے کی کوشش میں چنگومول پولیس نے ایک لیبر کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ریڈار اسٹیشن پر لڑکی کے والدین کام کے لیے گئے ہوئے تھے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لیبر نے لڑکی کی عصمت ریزی کی کوشش کی ۔ متاثرہ لڑکی کی چیخ و پکار سن کر علاقے کے لوگ جمع ہوگئے اور لڑکی کو اس کے چنگل سے چھڑا لیا اور اسے پولیس کے حوالہ کردیا گیا ۔ ملزم کے خلاف پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ۔۔ ش