شمس آباد ایرپورٹ پر بھاری مقدار میں گانجہ ضبط ، ایک شخص گرفتار
شمس آباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد ایرپورٹ میں بھاری مقدار میں گانجہ کو پکڑا گیا اور اس سلسلہ میں ایک حیدرآبادی شخص کو گرفتار کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بینکاک سے حیدرآباد آنے والے ایک مسافر جس کی شناخت سید رضوی کے طور پر کی گئی اس کے قبضہ سے گانجہ ہائیڈروپونک 13.9 کیلو برآمد ہوا ۔ جس کی مالیت تقریبا 14 کروڑ روپئے بتائی گئی ۔ عہدیداروں نے مسافر کو گرفتار کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ۔۔ ش
شمس آباد ایرپورٹ پر مسافروں سے چپکلیاں ضبط
دو افراد گرفتار ، ضبط شدہ چپکلیاں بینکاک روانہ ، کسٹمس عہدیداروں کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد ایرپورٹ پر کسٹمس عہدیداروں نے دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے غیر ملکی نایاب چپکلیاں ضبط کرلی جو بینکاک سے حیدرآباد اسمگلنگ کی جارہی تھی ۔ تفصیلات کے مطابق بیناک سے انڈیگو فلائیٹ نمبر 6E-1068 منگل کو شمس آباد ایرپورٹ پہنچی ۔ کسٹمس عہدیداروں نے دو مسافرین ستیش بابو سارتھی اور کنین سرونن وشنو جو بینکاک سے شمس آباد ایرپورٹ پہنچے جن کے لگیج کی تلاشی لینے پر ان کے لگیج سے Green Keeled چپکلیاں 4 اور Girdle چپکلیاں 10 برآمد ہوئی جس کی تصدیق وائلڈ لائف ٹیم نے کی ۔ عہدیداروں نے دونوں مسافروں کے خلاف وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 اور CITES 1975 کے تحت خلاف ورزی کا مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔ عہدیداروں نے ان نایاب چپکلیوں کو دوبارہ خصوصی طیارے کے ذریعہ بینکاک واپس روانہ کردیا ۔۔ ش
چیتنیہ پوری میں مسلم نوجوان کو زدوکوب کرنے والے تین افراد گرفتار
حیدرآباد /10 ستمبر ( سیاست نیوز ) چیتنیہ پوری پولیس نے مسلم نوجوان کو زدوکوب کرنے کے معاملہ میں تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ چیتنیہ پوری پولیس کے مطابق 26 سالہ وی نوین عرف وڈلے ساکن گنیش پوری کالونی 22 سال ایم مہیش کمار عرف سونو ساکن آسمان گڑھ ملک پیٹ اور 25 سالہ گنگارام سائی کمار ساکن آسمان گڑھ ملک پیٹ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 7 اور 8 ستمبر کی رات ایک پان شاپ پر جو دلسکھ نگر میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع ہے ۔ آن لائن ادائیگی کیو آر کوڈ اسکیان کے مسئلہ پر نوین اور زخمی اعظم خان ساکن سلیم نگر ملک پیٹ کے درمیان بحث و تکرار ہوئی تھی ۔ نوین نے گرفتار دیگر دو ساتھیوں کو طلب کرتے ہوئے اعظم خان پرحملہ کیا ۔ ان تینوں کے حملہ میں اعظم خان کا ایک ہاتھ ٹوٹ گیا ۔ اور سر پر گہرے زخم آئے ۔ پولیس نے کارروائی میں انہیں گرفتار کرلیا اور جیل منتقل کردیا۔ ع
حیدرآباد میں خاتون کا بے ہیمانہ قتل
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کوکٹ پلی علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق 50 سالہ رینو اگروال نامی خاتون، جو کوکٹ پلی کے سوانڈیک اپارٹمنٹس میں مقیم تھیں، نامعلوم افراد کے ہاتھوں ہلاک ہوئیں۔ اطلاع ملتے ہی کوکٹ پلی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور تحقیقات شروع کر دی۔ خاتون کی نعش ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے حالت میں ملی۔ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوا کہ انہیں پہلے پریشر کُکر کے ڈھکن سے سر پر زور سے مارا گیا اور پھر چاقو سے وار کر کے قتل کیا گیا۔شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس گھناونی واردات میں گھر میں کام کرنے والے دو بہاری نوجوان ملوث ہیں۔ قتل کے بعد وہ مبینہ طور پر زیورات اور نقدی لے کر موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔ تاہم پولیس کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ ش
پیٹ بشیرآباد میں اندرون گھنٹہ دو سرقہ کی سنگین وارداتیں
رہزنوں کی دہشت ، سائبرآباد پولیس کی کارکردگی پر سوال
حیدرآباد /10 ستمبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد حدود میں رہزنوں نے پھر ایک مرتبہ دہشت مچادی ایک گھنٹہ میں دو وارداتوں کو انجام دیتے ہوئے پولیس کیلئے مسئلہ بنا دیا اور پولیس کی چوکسی اور موجودگی پر سوالیہ نشان لگادیا ۔ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے حدود پیٹ بشیرآباد میں پیش آئی رہزنی کی دو وارداتوں سے سنسنی پھیل گئی ۔ حالانکہ ایک واردات میں نامعلوم رہزن ناکام ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق کے وی ریڈی نگر میں پیش آئی واردات میں ایک 60 سالہ خاتون کے گلے سے 5 تولہ طلائی چین کا سرقہ کرلیا گیا جبکہ این سی ایل کالونی میں ایک نوجوان خاتون کے گلے سے چین چھینے کی ناکام کوشش کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار جو چہرے کو ڈھانکے ہوئے تھے۔ایک 60 سالہ خاتون بالامنی کے قریب پہونچے اور اس کے گلے سے طلائی چین کو چھین لیا اور اس کے بعد بس کے انتظار میں بس اسٹاپ کے قریب موجود ایک نوجوان خاتون کو نشانہ بنایا گیا ۔ خاتون کے گلے سے رہزنی کی کوشش کی گئی جبکہ اس میں وہ ناکام رہے ۔ گلے سے چین کو زور دیکر کھینچا گیا لیکن چین ٹوٹی نہیں اور رہزن فرار ہوگئے ۔ اطلاع کے بعد پیٹ بشیرآباد پولیس نے رہزنوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔ع
موٹر سائیکل سارقوں کی دو رکنی ٹولی گرفتار، مسروقہ موٹر سائیکلس اور موبائل فونس ضبط : ڈی سی پی
حیدرآباد /10 ستمبر ( سیاست نیوز ) ٹولی چوکی پولیس نے موٹر سائیکلوں کا سرقہ کرنے والے دو سارقوں بشمول ایک کم عمر سارق کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 5 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ ویسٹ زون مسٹر چندرا موہن نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں ٹولی چوکی پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کیا اور بتایا کہ 23 سالہ ایس جی بھاسکر ریڈی ساکن حکیم پیٹ متوطن راجمنڈری اور اس کے ساتھی کم عمر لڑکے کو حراست میں لے لیا جو ہم وطنی بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 5 موٹر سائیکلوں کو ضبط کرلیا۔ 8 ستمبر کو پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی شکایت کے مطابق سمتا کالونی ٹولی چوکی کے ساکن میر معراج حسین فائر اینڈ سیفٹی آفیسر نے موٹر سائیکل سرقہ ہونے کی شکایت درج کروائی تھی ۔ ٹولی چوکی پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے موثر کارروائی کو انجام دیا اور ان دونوں سارقین کو گرفتار کرلیا ۔ کرائم ٹیم ٹولی چوکی نے سنٹرل ایکوپمنٹ ایڈیٹیٹی رجسٹرار CEIR پورٹل کی مدد سے 10 مسروقہ موبائل فونس حاصل کیا اور ڈی سی پی کے ہاتھوں مالکین میں حوالے کیاگیا ۔ اس موقع پر اے سی پی کو گولکنڈہ ڈیویژن سید فیاض انسپکٹر ٹولی چوکی رمیش نائیک اور دیگر موجود تھے ۔ ع
پاکستانی شہری ملک بدر، حیدرآباد سٹی پولیس کی کارروائی
ملزم حیدرآباد میں چار فوجداری مقدمات میں سزاء یافتہ
حیدرآباد /10 ستمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد سٹی پولیس نے آج ایک پاکستانی شہری کو ملک بدر کردیا ۔ مرکزی وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے اشتراک سے پاکستانی شہری 48 سالہ محمد عثمان عرف ایم ڈی عباس اکرام کو پنجاب کے اٹاری سرحد سے کامیاب انداز میں اس کے ملک روانہ کردیا گیا ۔ سٹی پولیس کے مطابق عثمان سال 2011 میں بذریعہ نیپال غیر قانونی طورپر بھارت میں داخل ہوا تھا ۔ اس کے خلاف حیدرآباد میں چار فوجداری مقدمات درج تھے اور ان مقدمات کے تحت ایک ماہ سے 5 سال تک جیل کی سزا کاٹ چکا ہے ۔ قانونی مسائل کی یکسوئی کے بعد عثمان کو ستمبر 2024 سے حیدرآباد میں سی سی ایس کے ڈیٹینشن سنٹر میں رکھا گیا تھا ۔ جس کے بعد شرائط کے مطابق عثمان کو پاکستانی رینجرس کے حوالے کردیاگیا ۔ اگست 2018 میں قائم کردہ سی سی ایس کے ڈیٹینشن سنٹر میں تاحال19 ممالک سے تعلق رکھنے والے 150 افراد موجود ہیں۔ جن میں 150 کو ان کے ممالک روانہ کردیاگیا ۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ غیر قانونی طور پر مقیم اور بردہ فروشی میں ملوث 20 بنگلہ دیشی باشندوں کو انڈو۔ بنگلہ دیش سرحد کے ذریعہ روانہ کردیا گیا ۔ ع
گنیش وسرجن اور پوجا کے دوران خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ چھیڑچھاڑ
پچاس سال سے زائد عمر کے 43 افراد کے خلاف شی ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد /10 ستمبر ( سیاست نیوز ) نوجوان لڑکیوں اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں میں اب عمر کی کوئی قید نہیں رہی ۔ 50 سال سے زائد عمر والے افراد بھی خواتین اور نوجوان لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے نوجوان سے پیچھے نہیں رہے ۔ شی ٹیم کی تازہ کارروائی میں 45 ایسے افراد کو حراست میں لیا گیا جن کی عمریں 50 سال سے زائد ہے ۔ جو گنیش وسرجن اور پوجا کے دوران بھیڑ کا فائدہ اٹھاکر خواتین اور لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کر رہے تھے اور ان کے جسم کو چھو رہے تھے ۔ شی ٹیم حیدرآباد کی جانب سے گنیش تہوار کے دوران خصوصی چوکسی اختیار کی گئی تھی اور ٹیموں کو تعینات کیا گیا تھا ۔ اس دوران شی ٹیم حیدرآباد نے 1,612 افراد کو حراست میں لیا بھجن میں 1544 بالغ اور 68 کم عمر کے لڑکے پائے گئے ۔ شی ٹیم نے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کی عمر کا تجزیہ کرتے ہوئے اپنی کارروائی کی رپورٹ جاری کی ۔ شی ٹیم کے مطابق 18 سال سے کم عمر والے 68 افراد 18 تا 20 سال عمر کے 290 ، 21 تا 30 سال کے 646 ، 31 تا 40 سال عمر کے 397 اور 41 تا 50 سال کے درمیان عمر والے 166 افراد اور 50 سال سے زائد عمر کے 45 افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ شی ٹیم نے کونسلنگ کے بعد 168 مقدمات کو درج کیاگیا اور عدالت میں پیش کیا گیا جن میں 70 پیش کئے جاچکے ہیں ۔ نامپلی کی عدالت نے 50 روپئے جرمانہ فی کس 10 مقدمات میں 1050 روپئے فی کس جرمانہ 59 مقدمات میں اور ایک مقدمہ میں دو دن کی سزا سنائی ہے۔ ع