جـــرائـــم و حـــادثــات

   

محبت کرنے والے بھی سائبر دھوکہ بازوں کے جال میں
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سائبر فراڈ کرنے والے گروہ اب محبت کرنے والوں کو جعلی او ٹی ٹی سبسکرپشن آفرز کے ذریعے نشانہ بنا رہے ہیں ۔ انہیں نقصان دہ لنکس اور اپلی کیشنز انسٹال کرنے پر مجبور کر کے انہیں دھوکہ دے رہے ہیں جب کہ مختلف مشہور او ٹی ٹی پلیٹ فارمس حقیقی سالانہ سبسکرپشن کی قیمت 1499 روپئے ہے ۔ دھوکہ باز واٹس ایپ ، ٹیلی گرام اور دیگر سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر صرف 500 روپئے میں اسی پیکیج کا وعدہ کرتے ہوئے پیغامات کو گردش کررہے ہیں ۔ ان پر یقین کرتے ہوئے صارفین کو دھوکہ دیا جارہا ہے ۔ جیسے ہی وہ رقم منتقل کررہے ہیں دھوکہ باز صارفین کے اکاونٹس کو منٹوں میں خالی کررہے ہیں ۔ تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ جعلساز ان لنکس کے ذریعے APK فائیلس اور Any Desk جیسی ریموٹ ایکسیس ایپس تقسیم کررہے ہیں ایک بار انسٹال ہونے کے بعد Malware خفیہ طور پر متاثرہ کے آلے میں داخل ہوجاتا ہے جس سے سائبر کریمنلس کو بینکنگ کی تفصیلات پیان ، آدھار ، تصاویر اور دیگر حساس معلومات تک رسائی ملتی ہے ۔ ڈی سی پی سائبر کرائم ڈی کویتا نے کہا کہ او ٹی ٹی سبسکرپشن کے لیے گوگل کی سادہ تلاش بھی گمراہ کن ہوسکتی ہے کیوں کہ مجرم جعلی اشتہارات چلا رہے ہیں جو تلاش کے نتائج کے اوپر نظر آتے ہیں ۔ ان اشتہارات پر کلک کرنے سے اکثر صارفین کو اسکامس کے ذریعے چلائے جانے والے واٹس ایپ چیٹس پر بھیج دیا جاتا ہے ۔ فراڈ صرف مالی ڈیٹا کی چوری تک محدود نہیں ہے ۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ او ٹی ٹی سبسکرائبرز کی تفصیلات بشمول فون نمبرز ، ای میل آئی ڈیز ، سبسکرپشن ہسٹری کو منظم سائبر کرائم نیٹ ورک کے ذریعے لیک اور غلط استعمال کیا جارہا ہے ۔ ایسے جعلی پیغامات کی اطلاع فوری طور پر سائبر کرائم ہیلپ لائن 1930 یا نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل پر دیں ۔۔ ش

اسکول میں ساتھی کے حملہ میںطالب علم شدید زخمی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) اسکول میں پارٹی کے دوران ساتھی طالب علم کے حملہ سے ایک طالب علم شدید زخمی ہوگیا۔ جسم کے نازک حصہ پر مارنے کے بعد طالب علم شدید زخمی ہوگیا ۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے اس واقعہ کا خود زخمی طالب علم ریشانت ریڈی کی والدہ نے خلاصہ کیا اور ناچارم پو لیس ا سٹیشن میں شکایت کرتے ہوئے طالب علم چرن اور اسکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ لڑکے کی والدہ بی سنیتا نے پولیس میں دی گئی شکایت میں اسکول انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا۔ ریشانت ریڈی دہلی پبلک اسکول ناچارم برانچ میں 9 ویں جماعت ای سیکشن کا طالب علم بتایا گیا ہے جو اپنی سالگرہ کے موقع پر 29 اگست کے دن اسکول گیا تھا ۔ اسکول میں پارٹی ’’برتھ ڈے بمس‘‘ رکھی جو کلاس روم میں تھی ۔ اس دوران چرن نے کھیل کے درمیان ریشانت ریڈی پر حملہ کیا۔ پیر کے گھٹنے سے ریشانت ریڈی کے پرائیوٹ پارٹ پر حملہ کردیا ۔ اس حملہ کے بعد ریشانت کو خون بہنے لگا اور اس کی صحت بگڑ گئی۔ لڑکے کی والدہ کا کہنا ہے اس دوران اگر اسکول انتظامیہ اور متعلقہ عملہ فوری اقدام کرتے تو شائد ان کے لڑ کے کی ا یسی حالت نہیں ہوتی جس کی مکمل تین مہینے کے بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ پو لیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ ع

بدعنوان محکمہ برقی کا ملازم، 14 دن کی عدالتی تحویل میں
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) بدعنوانیوں اور غیر محسوب اثاثہ جات کے الزام میں گرفتار محکمہ برقی کے اے ای ڈی امبیڈکر کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے ۔ کل کی گئی کارروائی میں اے سی بی عہدیداروں نے مختلف مقامات پر دھاوا کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کے غیر محسوب اثاثہ جات کا پتہ لگایا تھا ۔ اے سی بی کی 15 ٹیموں نے مختلف مقامات امبیڈکر کے ساتھیوں اور رشتہ داروں کے مکانات پر کارروائی کی تھی اور اسی دوران ایک رشتہ دار کے گھر سے دو کروڑ 18 لاکھ روپئے کی رقم برآمد ہوئی تھی ۔ اے سی بی ذرائع کے مطابق امبیڈکر کے خلاف کارروائی میں پتہ لگایا گیا کہ گچی باؤلی میں پانچ منزلہ عمارت کے علاوہ ایک قیمتی مکان 6 پلاٹس ، ایک ہزار گز رہائشی اراضی پلاٹ، سوریہ پیٹ میں 110 ایکڑ زرعی اراضی کے علاوہ برقی عہدیدار امبیڈکر کے مکان میں سونا اور 78 لاکھ روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا گیا ۔ اے سی بی ذرائع کے مطابق رات دیر گئے تک کارروائی جاری رہی اور امبیڈکر کو گرفتاری کے بعد نامپلی کی خصوصی اے سی بی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اس بدعنوان عہدیدار کو دو ہفتوں کی عدالتی تحویل میں دے دیا۔ ع

دو رہزن گرفتار
سونے کی چین برآمد
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ملازمت کی تفصیلات کے بہانے خاتون کے گلے سے طلائی چین کی رہزنی کرنے والے دو افراد کو پولیس گچی باؤلی نے گرفتار کرلیا ۔ گچی باؤ لی پولیس کے مطابق 24 سالہ سی نریندر ساکن عثمان پورہ ملک پیٹ اور 24 سالہ اے آشش کمار ساکن کاچی گوڑہ کو گرفتار کرلیا گیا ۔ گزشتہ روز ایک 26 سالہ خاتون آر ریلہ گوڈ نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ ان گرفتار رہزنوں میں ملزم نمبر ایک نریندر نے خاتون سے جب وہ امیزان کمپنی سے باہر نکل رہی تھی ملازمت کے تعلق سے دریافت کیا اور بات چیت کے دوران اس نے خاتون کے گلے سے 6 تولہ طلائی چین چھین لی جبکہ دوسرا ملزم آشش موٹر سیکل پر اس کا انتظار کر رہا تھا۔ پولیس نے ان دونوں کوگرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 480 گرام سونا ، دو موبائیل فون اور موٹر سیکل کو ضبط کرلیا ۔ع

جینڈر ایپ کے ذریعہ دوستی
ایک شخص کو لوٹ لیا گیا
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ہم جنس پرستوں کی ایپ کے ذریعہ دوستی اور ملاقات کے بہانے ایک شخص کو لوٹنے والے افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس راجندر نگر نے ایک کارروائی کے دوران عطا پور کے ساکن سہیل 24 سالہ کے علاوہ سلیمان نگر علاقہ کے ساکنان 25 سالہ مخدوم اور 25 سالہ واصف کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ سہیل کو شکایت گزار متاثرہ شخص سے بذریعہ جینڈر ایپ ہوئی تھی جو ہم جنس پرست استعمال کرتے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے آپس میں فون نمبرات کا تبادلہ کیا اور ملاقات کا منصوبہ بنایا ۔ سہیل نے متاثرہ شخص کو پہلے گولڈن ہائیٹس علاقہ میں طلب کیا جس کے بعد ایک دوسرے مقام پر لے گیا اور اپنے دیگر دو گرفتار ساتھیوں کو بلا لیا ۔ انہوں نے متاثرہ شخص کو دھماکر اس کے قبضہ سے 10 ہزار روپئے ٹرانسفر کروالئے ۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ع