جـــرائـــم و حـــادثــات

   

پرانے شہر میں 7 سالہ لڑکی کا قتل
ہاتھ پاوں بندھی نعش واٹر ٹینک سے دستیاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے پرانے شہر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ 7 سالہ لڑکی جس کا نام ثمینہ ہے منگل کے روز اپنی والدہ کے ہمراہ مادنا پیٹ، چھاؤنی نادِ علی بیگ میں واقع اپنی نانی کے گھر آئی ہوئی تھی اور اسی دن لاپتہ ہو گئی تھی۔ پولیس کو شکایت موصول ہونے پر منگل کی رات مقدمہ درج کیا گیا اور بچی کی تلاش کے لیے کوششیں شروع کی گئیں۔جب پولیس کی ٹیمیں بچی کو تلاش کر رہی تھیں تو چہارشنبہ کی شام بچی کی نعش گھر کی چھت پر واقع پانی کی ٹنکی میں ملی۔ بچی کے دونوں ہاتھ اور پاوں بندھے ہوئے تھے جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کسی نے اس کا قتل کردیا۔ پولیس نے اس معاملہ میں کیس درج کرکے چھان بین شروع کردی ہے۔ش

سکندرآباد میں سڑک حادثہ ، کم عمر لڑکا ہلاک
حیدرآباد۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) سکندرآباد کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک کم عمر لڑکا ہلاک ہوگیا اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ رام گوپال پیٹ پولیس حدود میں یہ حادثہ پیش آیا۔ سب انسپکٹر گنگا دھر کے مطابق سید زین جس کی عمر 10 سال بتائی گئی ہے، اپنے رشتہ بھائی ریحان کے ساتھ ایکٹیوا موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ایک چیتک گاڑی کے ٹکرانے سے دونوں سڑک پر گر پڑے اور ایک ڈی سی ایم کی زد میں آگئے۔ اس حادثہ میں سید زین جو پاٹی گڈہ علاقہ کے ساکن سید جاوید کا بیٹا تھا، ہلاک ہوگیاجبکہ ریحان زخمی بتایا گیا ہے۔ رام گوپال پیٹ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع

نقلی کراچی مہندی ضبط
حیدرآباد۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ ایسٹ زون ٹیم اور بنڈلہ گوڑہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نقلی کراچی مہندی تیار کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ اور اس کے قبضہ سے نقلی کراچی مہندی اور مشنری کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے مصطفی ہلز، غوث نگر میں دھاوا کیا۔ اس کارروائی میں 54 سالہ محمد عبدل وسیم ساکن وٹے پلی کو گرفتار کرلیا۔ وسیم مسرت مہندی یونٹ کے نام سے کاروبار کررہا تھا۔ خفیہ اطلاع پر پولیس نے کارروائی کو انجام دیا اور مزید کارروائی کیلئے بنڈلہ گوڑہ پولیس کے حوالے کردیا۔ع

غیرقانونی پٹاخوں کے گودام پر دھاوا
حیدرآباد۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) ٹاسک فورس نے غیرقانونی طور پر ذخیرہ کئے گئے پٹاخوں کے گودام پر دھاوا کرتے ہوئے 6 لاکھ روپئے مالیتی پٹاخوں کو ضبط کرلیا اور ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ ایسٹ زون نے ایک خفیہ اطلاع پر افضل گنج علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے 23 سالہ مہیپال سنگھ ساکن کولسا واڑی ، بیگم بازار کو گرفتار کرلیا۔ ٹاسک فورس پولیس نے بتایا کہ گرفتار شخص نے غیرقانونی طور پر پٹاخوں کا ذخیرہ کیا اور اس نے کسی سرکاری ایجنسی یا ادارے سے اجازت نہیں لی اور نہ ہی وہ کوئی مصدقہ لائسنس رکھتا ہے۔ ٹاسک فورس پولیس نے ضبط شدہ پٹاخوں کے ساتھ مہیپال سنگھ کو افضل گنج پولیس کے حوالے کردیا۔ ع

پولیس ملازم ٹرین کی زد میں آکر ہلاک
حیدرآباد۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) وقارآباد ضلع کے تانڈور ریلوے اسٹیشن میں ایک پولیس ملازم ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق 49 سالہ ماروتی جو کلبرگی ضلع میں بحیثیت اے ایس آئی کی خدمات انجام دے رہا تھا۔ ٹرین میں سفر کے دوران گرکر فوت ہوگیا۔ ماروتی ڈیوٹی پر روانگی کی جلدی میں تھا اور کل رات تقریباً 11 بجے تانڈور ریلوے اسٹیشن پہونچا اور ٹرین میں سفر کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ ماروتی یشونت پور ایکسپریس کے ذریعہ سفر کرنے کی کوشش میں تھا۔ ریلوے اسٹیشن پر موجود ریلوے ملازمین نے فوری ماروتی کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں وہ علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ع

گانجہ کے بین ریاستی ریاکٹ کا پردہ فاش
حیدرآباد۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ایگل ٹیم نے گانجہ کے ایک بڑے بین ریاستی ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا۔ وشاکھاپٹنم سے راجستھان منتقل کئے جارہے 400 کیلو گانجہ کو ایگل ٹیم نے ضبط کرلیا۔ شہر کے مضافاتی علاقہ پداعنبرپیٹ میں یہ کارروائی کی گئی جس کی خفیہ اطلاع ایگل ٹیم کو حاصل تھی۔ ذرائع کے مطابق ناریل کے درمیان گانجہ کو منتقل کیا جاتا تھا جیسا کہ دو دن قبل رچہ کنٹہ پولیس کی کارروائی میں ہزار کیلو سے زائد گانجہ کو ضبط کیا گیا تھا جو سیمنٹ کے تھیلوں کے درمیان منتقل کیا جارہا تھا۔ اتفاق کے یہ گانجہ بھی راجستھان ہی منتقل کیا جارہا تھا۔ ایگل ٹیم نے ڈی سی ایم گاڑی کو ضبط کرلیا۔ع