جـــرائـــم و حـــادثــات

   

جوبلی ہلز انتخابات کے پیش نظر پولیس کی تلاشی مہم
تاحال 88 لاکھ 45 ہزار 200 روپئے ضبط ، فلائنگ اسکواڈ اور دیگر ٹیموں کی تشکیل
حیدرآباد ۔ 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کے اعلامیہ جاری ہونے کے بعد سے ہی انتخابی ضابطہ اخلاق عمل میں آ گیا ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مسلسل مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ 6 اکٹوبر کو انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کئے جانے کے بعد سے اب تک حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں الیکشن عہدیداروں اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 88,45,200 ضبط کی جاچکی ہے جبکہ 255.56 لیٹر شراب، .77 گرام ڈرگس کو ضبط کیا گیا ہے جبکہ رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے مفت میں تقسیم کئے جانے والے اشیاء جس کی قیمت 72.740 روپئے مالیتی اشیاء کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔ ضبط شدہ رقم میں فلائنگ اسکواڈ ٹیم نے 12.90، اسٹیٹک سرویلنس ٹیم نے 45,72 لاکھ اور مقامی پولیس کی جانب سے 29,82 لاکھ نقد رقم ضبط کی جاچکی ہے۔ اسی طرح غیرقانونی طور پر منتقل کی جانے والی شراب کو محکمہ آبکاری کے عہدیداروں نے ضبط کرلیا ہے۔ پریشر کوکرس، ساڑیاں اور لیاپ ٹاپ تقسیم کرنے پر 21 مقدمات جبکہ نقد رقومات کی منتقلی پر 19 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ دیگر معاملات میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اب تک جملہ 48 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت کیلئے سی ویجل موبائیل ایپ کے ذریعہ شکایتیں درج کی جاسکتی ہیں اور شکایت حاصل ہونے پر متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا جاتا ہے۔ اندرون 15 منٹ تا 30 منٹ خصوصی ٹیم اس مقام پر پہنچ جاتی ہے جہاں پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اطلاع دی جاتی ہے۔ ویڈیو سرٹیفکیشن اینڈ مانیٹرنگ کے ذریعہ خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور یہ 24 گھنٹے کارکرد ہے جس میں 36 ملازمین بیک وقت ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی کیلئے 45 فلائنگ اسکواڈ ٹیم (ایف ایس ٹی)، اسٹیٹکس سرویلنس ٹیم (ایس ایس ٹی) قائم کئے گئے ہیں اور 38 حساس علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور اس کیلئے سیکٹر عہدیداروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ب

شیخ پیٹ میں حالت نشہ میں ایک شخص کی ہنگامی آرائی سے سنسنی
حیدرآباد ۔ 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر علاقہ شیخ پیٹ میں آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک شخص نے حالت نشہ میں سڑک پر ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے خود کو بلیڈ سے زخمی کرلیا۔ یہ واقعہ چہارشنبہ کی دوپہر پیش آیا۔ ایک نامعلوم شخص جو حالت نشہ میں بتایا گیا ہے، نے سڑک پر گالی گلوچ کرتا ہوا راہگیروں کو پریشان کررہا تھا جس پر فلم نگر پولیس کی ٹیم پہنچ کر اسے حراست میں لینے کی کوشش کی جس پر اس نے اپنے پاس موجود ریزر بلیڈ سے خود کو زخمی کرلیا اور وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور کچھ دیر کیلئے ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا ہوا۔ فلم نگر پولیس نے اس شخص کو اپنی حراست میں لیکر پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور علاج کیلئے دواخانہ کو بھیجا گیا۔ اس شخص کے خلاف پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ب
جوبلی ہلز ضمنی انتخابات ، پولیس کی تلاشی مہم
غیرمجاز شراب کی فروخت ، دو خواتین گرفتار
حیدرآباد ۔ 15 اکتوبر ۔ ( سیاست نیوز ) جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے پیش نظر جہاں پولیس کی جانب سے تلاشی مہم رقمی منتقلی اور دیگر سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی گئی ہے وہی محکمہ آبکاری کی جانب سے بھی اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں شراب کی منتقلی روکنے اور غیرمجاز طورپر شراب کی فروخت کے خلاف کارروائی کی جانے لگی ہے ۔ اسٹیٹ ٹاسک فورس ٹیم نے بورا بنڈہ علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے شراب فروخت کرنے والی دو خواتین کو گرفتار کرلیا ۔ ضمنی انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی کے بعد ہی سے ایکسائیز پولیس نے اپنی تیار کرلی تھی اور اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ایسے علاقوں پر ایکسائیز پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے جو سیاسی رسہ کشی کے معاملہ میں حساس ہیں۔ تلاشی مہم کے دوران ایکسائیز پولیس نے اندرانگر بورا بنڈہ میں شراب فروخت کرنے والی دو خواتین ماریا اور ایشوراماں نامی خواتین کو گرفتار کرلیا۔ ان خواتین کو اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جب وہ تھیلوں میں شراب کی بوتلیں لیکر فروخت کررہی تھیں۔ کوائڈ ، ہاؤ باٹل ، بیر باٹل تھیلے میں فروخت کررہی تھیں۔ ایکسائیز پولیس نے ان کے قبضہ سے (173) شراب کی بوتلوں کو ضبط کرلیا ۔ ایکسائیز پولیس کی خصوصی ٹیم نے خواتین اور ضبط شدہ شراب کو مزید کارروائی کیلئے امیرپیٹ ایکسائیز پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا ۔ ع
چلتی ٹرین میں چاقو کی نوک پر خاتون کی عصمت ریزی
دونوں تلگو ریاستوں میں سنسنی ، متاثرہ کی شکایت پر مقدمہ درج
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ٹرین میں سفر کے دوران ایک اجنبی کی جانب سے خاتون کی عصمت ریزی کا واقعہ پیش آیا ۔ چلتی ٹرین میں سفر کے دوران چاقو کی نوک پر عصمت ریزی کی واردات دونوں تلگو ریاستوں میں سنسنی کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ متاثرہ خاتون کی شکایت پر آر بی ایس سکندرآباد نے مقدمہ درج کرتے ہوئے مقدمہ کو آندھراپردیش منتقل کردیا ۔ خاتون 13 اکتوبر کی رات چرلہ پلی روانگی کیلئے راجمندری اسٹیشن سے سفر کیا۔ خاتون منترا گاچی اسپیشل ایکسپریس میں سفر کر رہی تھی جو لیڈیز کوچ میں سوار تھی۔ ٹرین جیسے ہی گنٹور اسٹیشن پہنچی ایک اجنبی شخص جس کی عمر تقریباً 40 سال بتائی گئی ہے ، ٹرین میں زبردستی لیڈیز کوچ میں داخل ہوگیا ۔ خاتون کے اعتراض کے باوجود وہ کوچ میں گھس گیا اور اس نے لیڈیز کوچ کا دروازہ بند کردیا جس کے بعد چاقو کی نوک پر خاتون کو دھمکاتے ہوئے اس کی عصمت ریزی کی اور خاتون کے ساتھ مارپیٹ کرتے ہوئے اس کے سفر کے سامان کو چھین لیا۔ خاتون بیاگ میں کپڑے اور نقد رقم لے کر سفر کر رہی تھی ، شکایت میں خاتون نے ریلوے پولیس کو بتایا کہ اس کے بیاگ میں 5600 روپئے نقد رقم کپڑے اور موبائیل فون تھا۔ ٹرین جیسے ہی پدا کراپاڈو اسٹیشن پہنچی اس درمیان ٹرین کی رفتار کا فائدہ اٹھاکر وہ ٹرین سے کود کر فرار ہوگیا ۔ ریلوے پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع

پوکسو عدالت سے مدرسہ کے ٹیچر کو 21 سال کی سزا
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) پوکسو کی خصوصی عدالت نے مدرسہ کے ٹیچر کو کمسن طالب علم کے ساتھ غیر فطری عمل کرنے کے الزام میں 21 سال کی سزا سنائی ۔ بارھویں ایڈیشنل سیشن جج جو پوکسو کی عدالت ہے ، نے 25 سالہ محمد عبدالمجیب ساکن ممتاز کالونی سپوٹہ باغ کو اکتوبر سال 2023 میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ مدرسہ ٹیچر نے کمسن طالب علم کے ساتھ غیر فطری عمل کرنے پر اس نے یہ بات اپنے ماں باپ کو بتائی تھی جس پر پولیس نے اسے گرفتار کرتے ہوئے پوکسو ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔ ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر اے رام ریڈی نے استغاثہ کی پیروی کی تھی جس پر عدالت نے آج محمد عبدالمجیب کو 21 سال کی سزا قید بامشقت اور 20 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا۔ متاثرہ لڑکے کو دو لاکھ روپئے کا ہرجانہ بھی دینے کا احکام دیا۔ب

جونیل ہوم کے کمسن لڑکے کا جنسی استحصال کرنے والا گارڈ جیل منتقل
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) سعید آباد پولیس نے جونیل ہوم میں قید کم عمر لڑکے کا جنسی استحصال کرنے والے اسٹاف گارڈ عبدالرحمن کو گرفتار کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا۔ مذکورہ گارڈ کے خلاف تازہ ترین ایک اور مقدمہ پوکسو ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ تین دن قبل جونیل ہوم کے 13 سالہ کم عمر لڑکے نے اپنی ماں کو یہ بتایا تھا کہ جونیل ہوم کا اسٹاف گارڈ اس کا چند مہینوں سے جنسی استحصال کر رہا ہے جس پر اس کے خلاف پولیس سعید آباد میں شکایت درج کی گئی تھی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سعید آباد اے وینکٹ ریڈی جو اس کیس کے تحقیقاتی عہدیدار ہیں، نے اپنی تحقیقات کے دوران اس بات کا پتہ لگایا تھا کہ عبدالرحمن 13 سالہ کم عمر لڑکے کے علاوہ 17 سالہ کم عمر لڑکے کا بھی استحصال کیا تھا ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کو نامپلی کریمنل کورٹ میں پیش کرتے ہوئے چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا۔ اس واقعہ کے بعد جونیل ہوم کے سپرنٹنڈنٹ کا تبادلہ کردیا گیا ہے جبکہ دیگر دو ملازمین کو بھی معطل کیا گیا۔ب

ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کے
مکان پر ہنگامہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کے مکان واقع جوبلی ہلز کالونی میں آج اس وقت کشیدگی دیکھی گئی جب سابق او ایس ڈی سمنت کی تلاش میں ان کے مکان پہنچی ۔ سمنت پر غلط برتاؤ کرنے کا الزام ہے جس پر حکومت نے اس کو ہٹادیا تھا ۔ اس موقع پر کونڈا سریکھا کی دختر کونڈا سشمیتا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ایم او پر الزامات عائد کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کونڈا سریکھا اور ریونیو وزیر پی سرینواس ریڈی کے درمیان 71 کروڑ روپئے مالیتی ٹنڈرس کے مسئلہ پر اختلافات پائے جاتے ہیں ۔ کونڈا سریکھا نے ان کے محکمہ میں مداخلت کرنے کا پی سرینواس ریڈی پر الزام عائد کیا ہے ۔۔

سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز)گوشتہ محل اور شاد نگر پولیس حدود میں پیش آئے دو علحدہ سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ گوشہ محل پولیس کے مطابق 35 سالہ شخص بی راجو جو جمعرات بازار علاقہ کا ساکن تھا ، پیشہ سے لیبر بتایا گیا ہے ۔ راجو جمعرات بازار سے مسلم جنگ پل کی جانب جارہا تھا کہ ایک نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ شاد نگر پولیس کے مطابق 45 سالہ اے یادیا جو فاروق نگر کا ساکن تھا پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے ۔ ۔ یادیا سڑک پر پیدل گزر رہا تھا کہ پرگی سے شادنگر جانے والی ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
پکوان کے دوران جھلس جانے والی خاتون کی علاج کے دوران موت
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ٹولی چوکی کے علاقہ برنداون کالونی میں پیش آئے واقعہ میں خاتون جھلس کر فوت ہوگئی۔ انسپکٹر پولیس ٹولی چوکی مسٹر رمیش نائک کے مطابق 28 سالہ افشاں انجم جو برنداون کالونی علاقہ کے ساکن سید سلیم کی بیوی تھی، گزشتہ روز پکوان کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید جھلس گئی تھی جو کل رات علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ ٹولی چوکی پولیس کے مطابق افشاں انجم اپنے مکان میں روزانہ کے معمول کی طرح کام میں مصروف تھی ، یہ حادثہ 8 اکتوبر کو پیش آیا۔ اس دوران خاتون شدید جھلس کر متاثر ہوگئیں جو علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ پولیس ٹولی چوکی نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ضابطہ کی کارروائی کو انجام دیا۔ع