نقلی اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے اصلی عہدیداروں کو نشانہ بنایا
ورنگل میں آر ٹی اے عہدیداروں سے 10 لاکھ روپئے دھمکاکر لوٹ لئے گئے
حیدرآباد۔ 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) بدعنوان عہدیداروں کیلئے اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) چاہے اصلی ہو یا نقلی ہر طرح سے پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔ اس طرح کے ایک واقع میں نقلی اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے آر ٹی اے عہدیداروں سے اصلی رقم لوٹ لی۔ دھوکہ دہی اور لوٹ کا یہ انوکھا واقعہ شہر ورنگل میں پیش آیا۔ جہاں اے سی بی عہدیداروں کے بھیس میں لٹیروں نے آر ٹی اے عہدیداروں سے 10 لاکھ 20 ہزار روپئے لوٹ لئے۔ تجسس بھرے فلمی منظر کی حقیقی منظرکشی کرتے ہوئے اے سی بی عہدیداروں کی کارروائی کی نقل کی گئی۔ چند روز قبل ورنگل کے آر ٹی اے دفتر میں اے سی بی نے دھاوا کیا اور دھاوے کے دوران چند نقائص اور خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔ ویسے تو آر ٹی اے دفاتر چاہے وہ ریاست کے کسی بھی حصہ میں ہوں، بدعنوانیوں کا انہیں سامنا رہتا ہے۔ اس کارروائی کی آڑ میں نقلی عہدیداروں نے اپنا کام کردیا۔ اس دھاوے کی اطلاع کے بعد نقلی اے سی بی نے کارروائی شروع کی۔ ایک گمنام شخص نے جو دھوکہ باز نکلا، اپنی شناخت اے سی بی کے ڈی ایس پی کی حیثیت سے ظاہر کی اور آر ٹی اے کے دو عہدیداروں کو فون پر دھمکیاں دیں۔ تمہارے خلاف بدعنوانیوں کی بہت زیادہ شکایات ہیں، لہٰذا کارروائی سے اگر بچنا ہو تو فوری رقم آن لائن ٹرانسفر کی جائے۔ خوف کے مارے ان دو عہدیداروں نے مرحلہ وار سطح پر 10 لاکھ 20 ہزار روپئے ادا کردیا۔ فون پر بات چیت کے دوران ایک عہدیدار کو شبہ ہوا اور اس نے اصل ڈی ایس پی سے رابطہ کیا۔ اس اصل عہدیدار نے فوری تحقیقات کروائی اور معاملہ کھل کر سامنے آگیا۔ آر ٹی اے عہدیداروں نے اس دھوکہ باز اجنبی کے خلاف پولیس میں شکایت کی۔ یہ معاملہ صرف آر ٹی اے عہدیداروں تک محدود نہیں رہا بلکہ دیگر محکمہ بھی اس طرح کی دھوکہ دہی کا شکار ہوسکتے ہیں، چونکہ سائبر دھوکہ باز جدید عصری ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے عام شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں اور اب سرکاری عہدیدار بھی شکار بننے لگے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعہ کسی کی بھی آواز میں آسانی سے دھوکہ دینا اب ممکن ہوچکا ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے اس طرح کے کسی بھی واقعہ پر مقامی دفاتر سے تصدیق کرنے یا پھر عہدیادروں کی مکمل شناخت کو حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ کسی بھی عہدیدار کے نام سے اس طرح کے فون کالس حاصل ہونے پر اس عہدیدار کے متعلقہ دفتر پہنچ کر عہدیدار کی شناخت کی تصدیق کرنی چاہئے۔ اے سی بی نے عوام اور عہدیداروں کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا۔ع
آندھرا ۔ اڑیسہ سرید پر گانجہ منتقل کرنے والی لاری اور گانجہ ضبط
حیدرآباد ۔ 22 اکتوبر ۔ ( سیاست نیوز) انسداد منشیات فورس (ایگل ) کھمم اور نارکوٹیک کنٹرول بیورو رانچی کی ایک مشترکہ کارروائی میں آندھرا ۔اُڈیشہ سرحد پر گانجہ منتقل کرنے والی لاری کو اپنے قبضہ میں لیتے ہوئے 500 کیلو گانجہ ضبط کرلیا ۔ بھاری مقدار میں گانجہ منتقل کرنے کی اطلاع پر نارکوٹیک کنٹرول بیورو رانچی اور ایگل فورس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دس ٹائیر والی لاری کو روک کر اُس کی تلاشی لینے پر پیاکیٹس میں پیاک کئے ہوئے گانجے کے لوڈ کو برآمد کیا۔ اس کارروائی میں ہریانہ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ نسیم قمرالدین کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ گانجہ حاصل کرنے والے مشتاق خان اور عارف جن کا تعلق ہریانہ سے ہے اور وارانسی اُترپردیش میں مقیم ہیں مفرور ہیں۔ ب
میاں بیوی کے جھگڑے میں
شوہر کی موت
حیدرآباد۔ 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) دیوالی تہوار کے موقع پر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا شوہر کی موت کا سبب بن گیا۔ سکندرآباد کے علاقہ تکارام گیٹ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ 39 سالہ مہیش نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ مہیش پیشہ سے ویلڈر تھا اور اس کی بیوی ایک خانگی اسکول میں بس اٹینڈر کا کام کرتی تھی۔ دونوں کی شادی 15 سال قبل ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔ اکثر میاں بیوی میں جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ مہیش نشہ کی حالت میں بیوی سے لڑتا تھا۔ دیوالی کے دن بھی دونوں میں جھگڑا ہوا اور بیوی بچوں کو لے کر پڑوسی میں واقع مائیکے چلی گئی۔ یہ خاندان اڈہ گٹہ علاقہ کا ساکن ہے۔ بیوی کے چلے جانے کے بعد مہیش نے کثرت سے شراب نوشی کی اور گھر میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
ڈرگس کی اسمگلنگ کرنے والے دو افراد گرفتار
1.77 لاکھ مالیتی ڈرگس ، موٹر سائیکلس ضبط ، انسداد منشیات ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 22 اکتوبر ۔ ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کی انسداد منشیات ٹیم (HNEW)نے ایک کارروائی کرتے ہوئے ڈرگس کی اسمگلنگ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 31 سالہ محمد عمران عرف عمو عرف شکور ساکن سن سٹی بنڈلہ گوڑہ اور 32 سالہ شیخ بصیر احمد عرف سمیر ساکن ہمایوں نگر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ محمد عمران جو پیشہ سے ڈرائیور ہے گانجہ کا عادی ہے اور وہ ڈرگس کے کاروبار میں ملوث تھا ۔ مقامی ڈرگس اسمگلروں سے حشیش کا تیل کم دام پر حاصل کرتے ہوئے وہ خواہشمند افراد کو مہنگے داموں میں فروخت کیا کرتا تھا ۔ اتنا ہی نہیں اُس نے بنگلور میں بھی اپنے گاہکوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اُنھیں ایم ڈی ایم اے اور ایل ایس ڈی جیسے ڈرگس فراہم کرنے لگا ۔ سابق میں کنچن باغ پولیس اور نامپلی پولیس نے انھیں ڈرگس کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا تھا ۔ رہا ہونے کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگئے اور ٹولی چوکی علاقہ میں ایم ڈی ایم اے ڈرگس فروخت کررہے تھے کہ اُنھیں HNEW اور ٹولی چوکی پولیس کی ایک ٹیم نے گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے 1.77 لاکھ مالیتی ڈرگس اور دو دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلیا ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔ ب
کاٹے دھن میں اسکول بس اچانک شعلہ پوش
بڑا حادثہ ٹل گیا، کوئی جانی نقصان نہیں، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد۔ 22 اکتوبر (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میں آج ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے اسکول بس اچانک شعلہ پوش ہوگئی اور چند ہی منٹوں میں بس مکمل طور پر خاکستر ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس وقت بس خالی تھی۔ بس طلبہ کو ان کے مکانات چھوڑنے کے بعد واپس ہو رہی تھی کہ واپسی کے دوران یہ حادثہ کاٹے دھن علاقہ میں پیش آیا جو مائیلادیو پلی پولیس اسٹیشن سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے تحت آتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بس ڈرائیور جو بچوں کو ان کے مکانات پر چھوڑکر واپس ہو رہا تھا۔ بس سے نکلتے ہوئے دھویں کو دیکھ کر چوکس ہوگیا اور بس کو سڑک کے کنارے روک کر بس سے اتر گیا۔ اس حادثہ کی اطلاع پولیس اور آتش فرو عملہ کو دی اس سے قبل کہ پولیس اور فائر انجن گاڑی کاٹے دھن مقام واردات پہنچتی بس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔ چندرائن گٹہ فائر اسٹیشن کے عملہ نے بس کی آگ پر قابو پالیا۔ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ چلایا جارہا ہے۔ ع
ہوٹل میں بریانی کھانے کے بعد ایک نوجوان کی مشتبہ موت
حیدرآباد۔ 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) ساتھیوں کے ساتھ ہوٹل میں بریانی کھانے کے بعد ایک نوجوان مشتبہ انداز میں فوت ہوگیا۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس اسٹیشن حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق 23 سالہ وی بھون کمار جو یہاں کوکٹ پلی کے ایک ہاسٹل میں رہتا تھا، کاماریڈی ضلع سے تعلیم حاصل کرنے حیدرآباد آیا تھا ۔پولیس ذرائع کے مطابق کمار پارٹ ٹائم جاب بھی کرتا تھا۔ کل وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک ہوٹل میں بریانی کھانے گیا اور بریانی کے بعد ہاتھ دھونے کیلئے جیسے ہی وہ ٹیبل سے اُٹھا، فوراً ہی گر پڑا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
میڑچل میں حالت نشہ میں
بیٹے کے ہاتھوں باپ کا قتل
حیدرآباد۔ 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) نشہ میں دُھت ایک بیٹے نے باپ کا قتل کردیا۔ سائبرآباد کے علاقہ میڑچل میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق نظام الدین نامی شخص اس کے بیٹے شیخ صادق کے ہاتھوں ہلاک ہوگیا۔ نظام الدین اور اس کے بیٹے کے درمیان کل رات بحث و تکرار ہوئی۔ نظام الدین بیٹے کی حرکتوں سے پریشان تھا اور ساتھیوں کے ساتھ گھومنے پھرنے اور شراب نوشی کرنے کی حرکتوں پر سخت اعتراض کرتا تھا۔ کل رات شیخ صادق اس کے ساتھی راجو کے ساتھ ایک واٹر پلانٹ کے قریب شراب نوشی کررہا تھا۔ اس دوران والد سے اس کا جھگڑا ہوگیا اور صادق نے پتھر سے والد پر حملہ کرتے ہوئے اپنے باپ کو ہلاک کردیا۔ موقع واردات پر پہونچی پولیس نے راجو اور صادق کو گرفتار کرلیا۔ع