جـــرائـــم و حـــادثــات

   

Ferty9 Clinic

آسٹریلیا میں سڑک حادثہ ، ہندوستانی خاتون ہلاک
حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں سڑک حادثہ میں ایک ہندوستانی خاتون جو آٹھ ماہ کی حاملہ تھیں ہلاک ہوگئی ۔ حادثہ کی اطلاع اس کے افراد خاندان کو کافی تاخیر سے ملی ۔ تفصیلات کے مطابق 33 سالہ سمنویتا دھاریشور اپنے شوہر اور ایک تین سالہ بیٹے کے ساتھ سڈنی میں مقیم تھی ۔ ہفتہ کی شام وہ سڑک عبور کررہی تھی کہ ایک تیز رفتار کار نے اسے ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی اسے فورا دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بعد معائنہ اسے مردہ قرار دیا ۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کے رحم میں موجود بچہ بھی فوت ہوگیا ہے ۔ کار ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ 33 سالہ خاتون ایک سافٹ ویر کمپنی میں ملازم تھی جس کی چند ہفتوں بعد ڈیلیوری بھی تھی ۔۔ ش

پارک کی اراضی کا رجسٹریشن ، ونستھلی پورم سب رجسٹرار شیوا شنکر معطل
حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : پارک کی اراضی کے رجسٹریشن کے معاملہ ایک سب رجسٹرار کو معطل کردیا گیا ۔ متنازعہ اراضی میں موجودہ پارک کی اراضی کو سب رجسٹرار رجسٹریشن کررہا تھا ۔ سب رجسٹرار کے خلاف شکایات اور بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کے الزامات کا جائزہ لیا ۔ محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن نے سب رجسٹرار ونستھلی پورم شیوا شنکر کے خلاف الزامات کو تحقیقات کو انجام دیا جس کے بعد اس سب رجسٹرار شیوا شنکر کو معطل کردیا گیا ۔ سب رجسٹرار شیوا شنکر ونستھلی پورم سب رجسٹرار دفتر میں بحیثیت سینئیر اسسٹنٹ خدمات انجام دے رہا تھا ۔ چند روز قبل سب رجسٹرار راجیش کو اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے ایک کارروائی میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد اس مخلوعہ نشست پر شیوا شنکر کو موقع دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ حیات نگر منڈل کے صاحب نگر ریونیو ویلیج میں ایک سروے نمبر میں اراضی تنازعہ کا شکار ہے ۔ اس علاقہ میں قدیم غیر مجاز لے اوٹس کی رجسٹریشن جاری ہیں ۔ مقامی عوام عدالتوں کا رخ کرتے ہوئے اجازت حاصل کرنے کے بعد رجسٹریشن کروا رہے ہیں اور اس درمیان پارک کی اراضی پر بھی سروے نمبر کو تقسیم کرتے ہوئے نئے نمبرات جاری کرنے کے بعد رجسٹریشن کرنے کے الزامات پائے گئے اور شکایت وزیر کے علاوہ انسپکٹر جنرل اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کو دی گئی تھی جس کے بعد اقدام کیا گیا ۔۔ ع

اپل کی کرانہ اسٹور پر پولیس کا چھاپہ ، نقلی اشیاء ضبط ، دکان مالک گرفتار
حیدرآباد۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) بھونگیر ایس اوٹی نے اپل میں ایک کرانہ کی دکان پر چھاپے مارتے ہوئے نقلی گھریلو اشیاء فروخت کرنے والے ریاکٹ کا پردہ فاش کیا۔ پولیس کے مطابق رام دیو کرانہ اینڈ جنرل اسٹور میں نقلی مصنوعات فروخت کرنے کی اطلاع ملی جس پر ایس او ٹی نے چھاپہ مارتے ہوئے دکان کے مالک 25 سالہ سریش کمار کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے نقلی ہارپک ٹائیلٹ کلینر کی 500 ملی لیٹر کی 192 بوتلیں، 1000 ملی میٹر کی 70 بوتلیں اور 175 ملی میٹر کے پیراشوٹ تیل کی 288 بوتلیں ضبط کرلی۔ یہ اشیاء صارفین کو اصلی بتاکر فروخت کیا جارہا تھا۔ ایس او ٹی نے سریش کمار اور ضبط شدہ اشیاء کو اپل پولیس کے حوالے کردیا۔ سریش کمار نے بتایا کہ اسے یہ سامان بیگم بازار کے رام نامی شخص سپلائی کرتا تھا۔ ش

بچوں کو گوداوری ندی میں پھینک کر باپ کی بھی خود کشی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش کے ایسٹ گوداوری میں ایک باپ نے اپنے دونوں بچوں کو گوداوری ندی میں پھینک کر خود بھی خود کشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق گوداوری کے مالکی پورم علاقے میں ایک باپ نے اپنے دونوں بچوں کو آدھار کارڈ اپ ڈیٹ کرانے کے بہانے لے گیا اور انہیں گوداوری ندی میں پھینک دیا اور بعد میں اس نے بھی خود کشی کرلی ۔ درگا پرساد 37 سالہ اپنی بیوی ناگاوینی ، بیٹے 13 سالہ موہت اور 9 سالہ بیٹی جاہنوں کے ساتھ ملکی پورم منڈل میں مقیم تھا جو فینانس کا کاروبار کرتا تھا ۔ درگا پرساد اپنے دونوں بچوں کو آدھار کارڈ اپ ڈیٹ کرنے کے بہانے بائیک پر لے گیا ۔ پیر کی رات یہ واقعہ پیش آیا ۔ اور منگل کو درگا پرساد اور موہت کی لاشیں گوداوری میں ملی اور جہانوی کی نعش ابھی نہیں ملی ۔ بیلا منچلی اسٹیشن کے علاقے میں گاڑی ، جوتے اور موبائل فون کے ساتھ ایک پرچہ برآمد ہوا ۔ یہ پورا واقعہ ایک آٹو ڈرائیور نے دیکھا لیکن وہ یہ سمجھ نہیں پایا کہ وہ لوگ خود کشی کررہے ہیں ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے ہر زاویے سے تحقیقات کا آغاز کردیا اور جہانوی کی تلاش شروع کردی ۔۔ ش

عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی ، پولیس کے اعتراض پر الجھنے والا شخص گرفتار
حیدرآباد : 19 نومبر: (سیاست نیوز) عوامی مقام پر سگریٹ نوشی کرتے ہوئے پولیس کے فرائض میں رکاوٹ ڈالنے والے ایک نوجوان کے خلاف کیس درج کیا گیا۔ یہ واقعہ چہارشنبہ کے روز نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ سب انسپکٹر بی سری وانی کے مطابق حمایت نگر کی مین روڈ پر پولیس کی پٹرولنگ پارٹی گشت کر رہی تھی، اسی دوران 25 سالہ دھیان پان نامی نوجوان چائے ملن ہوٹل کے سامنے کھلے عام سگریٹ نوشی کرتا ہوا پایا گیا۔ پولیس اہلکاروں نے اسے سمجھایا کہ عوامی مقام پر سگریٹ نوشی مضرِ صحت ہے اور دوسروں کے لیے نقصان دہ ہے، لہٰذا وہ یہ عمل نہ کرے۔ پولیس نے اس سے شناخت ظاہر کرنے کے لیے کہا تو دھیان پان برہم ہوگیا اور پولیس سے بدتمیزی کرتے ہوئے ان کے سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالی اور انہیں دھکا بھی دیا۔ سب انسپکٹر سائی سندیپ کی شکایت پر پولیس نے دھیان پان کے خلاف بدسلوکی اور سرکاری فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔ب

ٹیکمال سب انسپکٹر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
اے سی بی کی کارکردگی قابل ستائش ، بی شیودھر ریڈی ڈی جی پی
حیدرآباد، 19 نومبر: (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر بی شیو دھر ریڈی نے چہارشنبہ کے روز میدک ضلع کے ٹیکمال سب انسپکٹر کو بدعنوانی کے الزامات پر گرفتار کرنے پر انسداد رشوت ستانی بیورو (اے سی بی) کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اے سی بی کی ڈائریکٹر جنرل چارو سنہا کے ساتھ محکمہ کے دیگر عہدیداروں اور عملہ کی بھی خصوصی طور پر تعریف کی۔ اس موقع پر ڈی جی پی نے ہدایت دی کہ کسی بھی حال میں بدعنوان پولیس عہدیداروں اور ملازمین سے نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکمال پولیس اسٹیشن کے اس سب انسپکٹر کی گرفتاری کے بعد مقامی عوام نے خوشی کا اظہار کیا اور یہ واقعہ تمام پولیس عملہ کو اپنی کارکردگی پر خود احتسابی کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ عوام کی جانب سے آتش بازی اور خوشی کا اظہار اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ بدعنوانی کے خلاف سخت رویہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ایسے واقعات سے عوام کا پولیس پر اعتماد بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ اس بات کو واضح کرتا ہے کہ عوام بدعنوانی کو برداشت نہیں کرتے۔ وہ پولیس سے بہتر نظم و نسق اور شفاف کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں اور عوام پر ظلم کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں کرتے۔ ڈی جی پی نے انتباہ دیا کہ اگر کوئی پولیس عہدیدار یا ملازم بدعنوانی میں ملوث پایا گیا تو اس کے اعلیٰ نگران افسران کی بھی ذمہ داری متعین کی جائے گی اور ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے تمام پولیس عہدیداروں اور عملہ پر زور دیا کہ وہ دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ب

پولیس کی گاڑی کے ساتھ ریل کی تیاری ، دو نوجوان گرفتار
حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : سوشیل میڈیا کے ذریعہ مشہور ہونے کی کوشش میں نوجوانوں نے ریل بنانے کی چکر میں پولیس کی گاڑی کا استعمال کیا ۔ عادل آباد ضلع میں دو نوجوانوں نے ریلز بنانے کی خاطر پولیس کی پٹرولنگ گاڑی کا استعمال کیا اور ویڈیو سوشیل میڈیا پر پوسٹ کردیا جیسے ہی یہ ویڈیو وائرل ہوا عادل آباد ون ٹاون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں نوجوانوں کے خلاف سرکاری گاڑی کے غلط استعمال کا مقدمہ درج کرلیا ۔ نوجوانوں نے پولیس کی گاڑی کا استعمال کرنے پر عوام میں غصہ پایا جارہا ہے اور عوام بے چین ہے کہ یہ گاڑی ان نوجوانوں کے پاس کیسے آئی ۔ پولیس عہدیدار کہاں تھے جب یہ نوجوان ریلز بنا رہے تھے ۔ عوام پولیس پر بھی سوالیہ نشان اٹھا رہی ہے ۔ پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہے اور بہت جلد اس کی تمام تفصیلات سامنے آئیں گی ۔۔ ش

شوہر سے جھگڑا ، حاملہ بیوی دواخانہ سے پراسرار طور پرلاپتہ
حیدرآباد۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) شوہر سے جھگڑے کے بعد ایک حاملہ خاتون دواخانے سے لاپتہ ہوگئی۔ کوٹھی کے معروف میٹرنیٹی ہاسپٹل میں یہ واقعہ پیش آیا۔ خاتون کو زچگی کیلئے 24 گھنٹے کا وقت دیا گیا تھا جو ہاسپٹل سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی۔ سلطان بازار پولیس میں خاتون کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ سواپنا جو منچال منڈل کے ساکن شیوا کمار کی بیوی ہے۔ سواپنا کو ڈیلیوری کیلئے کوٹھی میٹرنیٹی ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا تھا۔ سواپنا کے ساتھ اس کا شوہر اور والدہ بھی موجود تھے، ہاسپٹل پہنچنے کے بعد خاتون اور اس کے شوہر میں بحث و تکرار ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق سواپنا کو ڈیلیوری کیلئے 24 گھنٹوں کا وقت دیا گیا تھا۔ شوہر سے بحث و تکرار اور جھگڑے کے بعد حاملہ خاتون ہاسپٹل سے چلے گئی۔ خاتون کی والدہ اور شوہر نے میٹرنیٹی ہاسپٹل میں سواپنا کو تلاش کیا لیکن خاتون کہیں نظر نہیں آئی جس کے بعد سلطان بازار پولیس میں شکایت درج کروائی گئی۔ پولیس نے جب ہاسپٹل کے کمروں کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ جھگڑے کے بعد سواپنا ہاسپٹل سے نکل گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔ع

پی وی ایکسپریس وے پر کار اُلٹ جانے سے خوف و دہشت
حیدرآباد۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کے ایکسپریس وے پر ایک اور کار اُلٹ گئی۔ آئے دن پی وی ایکسپریس وے پر حادثات کا پیش آنا عام بات بنتی جارہی ہے اور گاڑیوں کے حادثات میں اضافہ خوف و دہشت کا سبب بنا ہوا ہے۔ آج پلر نمبر 40 کے قریب ایک کار اُلٹ گئی۔ گزشتہ دنوں اس فاصلے سے تھوڑی دُور ایک کار اُلٹ گئی تھی۔حالیہ دنوں یہ تیسرا واقعہ ہے جہاں کار اُلٹ جانے سے تین خواتین اور ایک کمسن زخمی ہوگئے تھے۔ ایکسپریس وے پر بے قابو رفتار کے سبب ہی حادثات پیش آرہے ہیں حالانکہ پولیس کی جانب سے ایکسپریس وے پر حادثات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور بے قابو رفتار کو قابو میں کرنے کیلئے اوور اسپیڈ کے خلاف بھی کاررائیاں جاری ہیں مگر حادثات میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ اس ایکسپریس کو آسان سفر اور کم وقت میں سفر کیلئے تعمیر کیا گیا تھا لیکن حادثات کے سبب سفر طویل اور پریشانیوں کا سبب بنتا جارہا ہے۔ گاڑیاں اُلٹنے کے حادثات کے سبب گھنٹوں ٹریفک جام ہورہی ہے۔ شہریوں کو چاہئے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی رفتار کو قابو میں رکھیں اور ارباب مجاز کو چاہئے کہ وہ مزید موثر اقدامات انجام دیں۔ع

ایل بی نگر میں حقہ سنٹر پر پولیس کا دھاوا،تین افراد گرفتار
حیدرآباد۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) ایل بی نگر پولیس نے ایک حقہ سنٹر پر دھاوا کرتے ہوئے 3 افراد بشمول حقہ سنٹر کے مالک کو گرفتار کرلیا۔ ایل بی نگر حدود میں غیرمجاز طور پر کیفے کی آڑ میں غیرمجاز طور پر حقہ سنٹر چلایا جارہا تھا۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایل بی نگر پولیس نے 25 سالہ کلا موہن مالک اسٹائیلڈ از وائٹ کپ کیفے جو راجیو گاندھی نگر، ین ٹی آر نگر میں واقع ہے، کے علاوہ 25 سالہ سائی راجو اور 27 سالہ پرشانت چاری کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے حقہ سنٹر سے حقہ پاٹس، پائپ اور فلیورس کو ضبط کرلیا۔ ایل بی نگر پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع