جـــرائـــم و حـــادثــات

   

ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی ، کانسٹبلس کے
ساتھ الجھنے والے شخص کے خلاف مقدمہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد ٹریفک پولیس سے جھگڑا کرنے پر ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ یہ واقعہ مانصاحب ٹینک کے قریب منگل کو پیش آیا ۔ جب ٹریفک پولیس اہلکار نے ایک بائیک چلانے والے کو روکا ، ٹرافک کانسٹبل وینکٹیش نے اسے روک کر گاڑی سے چابی نکال لی ۔ جس پر بائیک چلانے والے نے ٹریفک اہلکار کے ساتھ جھگڑا شروع کردیا اور بائیک پر سوار دوسرا شخص ویڈیو نکال رہا تھا ۔ ٹریفک اہلکار نے غلط پارکنگ کرنے پر اس بائیک سوار کو روکا اور چابی کھینچی ۔ تب وینکٹیش نے فون کھینچنے کے لیے کہا ۔ تب تک بائیک سوار وینکٹیش پر غصہ کررہا تھا کہ اس نے کس طرح گاڑی کی چابی کھینچی ۔ جس کے بعد ماحول گرم ہوگیا اور کانسٹبل نے نامپلی پولیس اسٹیشن میں بائیک سوار کے خلاف مقدمہ درج کرایا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ۔۔ ش

محبوبہ کی غیرمرد سے قربت پر عاشق کی خودکشی
حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) محبوبہ کی غیرمرد سے قربت عاشق کی خودکشی کا سبب بن گئی۔ یہ واقعہ پوچارم آئی ٹی کاریڈور پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا جہاں 26 سالہ پون کلیان ریڈی نے خودکشی کرلی۔ پون کلیان پیشہ سے سافٹ ویر ملازم تھا جو ایک معروف کمپنی میں ملازمت کررہا تھا۔ پون کلیان ریڈی سنسکرتی ٹاؤن شپ میں رہتا تھا اور ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا۔ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے اور شادی کا ارادہ رکھتے تھے ۔ کچھ روز قبل لڑکی کے فون پر پون کلیان نے غیرمرد کی تصاویر کو دیکھا جو لڑکی کے ساتھ تھی، اس بات پر سخت اعتراض کرتے ہوئے پون کلیان نے تصاویر کو لڑکی کے والدین کو روانہ کیا۔ لڑکی نے پون کلیان کی اس حرکت کے خلاف گچی باؤلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد ان کے درمیان تعلقات بگڑگئے تھے۔ گزشتہ دو دنوں سے پون کلیان لڑکی کو فون کررہا تھا لیکن وہ بات نہیں کررہی تھی، اس بات سے پریشان و دلبرداشتہ پون کلیان نے بالآخر خودکشی کرلی۔ ع
پوچارم آئی ٹی کاریڈور پولیس نے پون کلیان کے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات کررہی ہے۔ع

سسرال والوں کے سماجی بائیکاٹ سے دلبرداشتہ خاتون کی خودکشی
حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) سسرال والوں کے سماجی بائیکاٹ اور ہراسانی سے دلبرداشتہ خاتون نے خودکشی کرلی۔ فلم نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 37 سالہ خاتون گوتمی جو فلم نگر علاقہ کے ساکن لنگا مورتی کو بیوی تھی،نے کل رات پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ گوتمی کی شادی سال 2006ء میں ہوئی تھی۔ خاتون کو شوہر کے علاوہ سسرال رشتہ داروں کی ہراسانی کا سامنا تھا۔ اذیت رسانی کے علاوہ خاتون کا سماجی بائیکاٹ کردیا گیا تھا۔ رشتہ داروں کی شادی تقاریب یہاں تک والدین سے بات چیت پر بھی پابندی لگائی گئی تھی۔ دونوں خاندانوں کے درمیان بات چیت بھی بے فیض تھی جس سے دلبرداشتہ گوتمی نے خودکشی کرلی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
سرکل انسپکٹر کے ڈرائیور کا فحش رقص ، ڈیوٹی سے بے دخل
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ ضلع کے کانکی پاڈو رورل سرکل انسپکٹر کے جیب ڈرائیور اجئے کمار کا فحش رقص سوشیل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسے ڈیوٹی سے ہٹادیا گیا ۔ ضلع ایس پی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس کی ساکھ کو داغدار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ایس پی نے پولیس افسران کو حکم دیا کہ وہ ہوم گارڈ کے ڈانس کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ پیش کریں ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پولیس اہلکاروں کا رویہ ایسا ہونا چاہئے کہ اس سے محکمہ پولیس کی ساکھ بڑھے جو کوئی بھی ایسا کام کرے گا جس سے محکمہ کی بدنامی ہوگی تو ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔۔ ش

گنٹور کے میڈیکل کالج کے ڈاکٹرس و طالبات کے چینجنگ کی ویڈیو ، میل نرس گرفتار
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش کے ضلع گنٹور میں واقع ایک میڈیکل کالج میں لیڈی ڈاکٹرس اور میڈیکل طالبات کے کپڑے تبدیل کرتے وقت ویڈیوز نکالنے والے ایک میل نرس کو پولیس نے منگل کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ جب اس کے فون کی تلاشی لی گئی تو اس کے فون میں تقریبا 200 ویڈیوز پائے گئے ۔ فون کو ضبط کرتے ہوئے فارنسک لیاب کو روانہ کردیا گیا ۔ میل نرس کی شناخت وینکٹ سائی کے طور پر ہوئی جو ایک ماہ قبل ہی ملازمت پر آیا تھا ۔ وینکٹ سائی نے آپریشن تھیٹر میں خواتین ڈاکٹرز اور پی جی طالبات جب کپڑے بدلتے تھے تب وہ اس وقت خفیہ طور پر اس کی ویڈیوز بناتا تھا ۔ لیڈی ڈاکٹرس کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کرلیا اور ڈاکٹروں نے اس کے فون میں موجود تمام ویڈیوز کو ڈیلیٹ کردیا تھا ۔ پولیس ڈیٹا کو دوبارہ حاصل کرنے کی کارروائی کررہی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ابھی تک یہ ثبوت نہیں مل پایا کہ اس نے ریکارڈنگ کی ہے اور اس کے فون کی جانچ کے بعد ہی صحیح پتہ چلے گا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردیا ۔۔ ش

تربیت کے بعد روزگار فراہمی کے نام پر دھوکہ، این ایس این انفوٹیک کمپنی کے خلاف شکایتوں پر مقدمہ
حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) سنہرے روزگار کا خواب دکھاکر تربیت کے نام پر کروڑہا روپے لوٹنے کا ایک واقعہ منظر عام پر آیا۔ ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ کی پیشکش کرتے ہوئے ایک ادارے نے سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں کے جذبات سے کھلواڑ کی۔ پولیس اب اس ادارے کے خلاف شکایت پر تحقیقات انجام دے رہی ہے۔ مادھاپور ہائی ٹیک سٹی میں این ایس این انفوٹک کمپنی کے خلاف شکایتیں وصول ہو رہی ہیں اور کمپنی پر سنگین الزامات لگائے جارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کمپنی کی جانب سے فل اسٹاک ڈیلوپرس ڈیٹا سائنس اور سائبر سیکوریٹی کے علاوہ جدید تقاضوں کے کورس کو متعارف کیا گیا۔ ان کورسیس کی مارکٹ میں بہت زیادہ مانگ پائی جاتی ہے۔ اس شعبہ سے وابستہ افراد کے لئے بہترین روزگار کے مواقع موجود ہیں۔ کمپنی نے ان کورسیس میں تربیت کے ساتھ ملازمت کی پیشکش کی ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ کے ذریعہ کورسیس کا آغاز کیا۔ کمپنی نے فی امیدوار ڈھائی تا تین لاکھ روپے فیس وصول کی اور ایک عمارت میں کورس کا آغاز کیا گیا۔ سنہرے روزگار کی آس میں بے روزگار نوجوانوں نے رقم ادا کردی اور کورسیس میں داخلہ لے لیا۔ چند روز سے کمپنی کے دفتر اور ٹریننگ سنٹر پر کوئی دستیاب نہیں ہے۔ پریشان حال امیدواروں نے جب دریافت کیا تو حیرت کا شکار ہوگئے کہ اس آفس اور سنٹر کا کرایہ بھی ادا نہیں کیا گیا اور کمپنی کے ذمہ دار رابطہ میں نہیں ہیں۔ کمپنی کے ذمہ داروں کے فون نمبرات بند آرہے ہیں جبکہ واٹس ایپ گروپس کو بھی ڈیلیٹ کردیا گیا۔ کمپنی کے ذمہ دار سوامی نائیڈو اور ان کی بیوی پر فرار ہونے کے الزامات ہیں۔ این ایس این انفوٹیک کمپنی پر سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دینے کا الزام ہے۔ کمپنی دھوکہ دہی کے مقصد سے لگائی گئی تھی۔ این ایس این انفوٹیک کمپنی پر 400 بے روزگار افراد کو دھوکہ دینے کا الزام ہے اور کمپنی نے ان امیدواروں سے 10 تا 12 کروڑ روپے وصول کرتے ہوئے اپنا دیوالیہ نکال دیا۔ سائبر آباد پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔ ع

رات دیر گئے تک ہوٹلیں اور پان شاپس کھلا رکھنے سے بدامنی کا ماحول
آصف نگر واقعہ کے بعد حبشی گوڑہ میں بھی حملہ ، ایک کی موت
حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) شہر میں رات دیر گئے تک ہوٹلس اور پان شاپس کھلا رہنا ،گینگ وار اور آپسی خصومت کو بڑھاوا دینے کا سبب بنتا جارہا ہے۔ آصف نگر میں گینگ وار کے جھگڑے کے بعد عثمانیہ یونیورسٹی حدود میں بھی اس طرح کا ایک واقعہ پیش آیا جہاں پان شاپ پر معمولی بات پر جھگڑا ایک نوجوان کی ہلاکت کا سبب بن گئی۔ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس ذرائع کے مطابق 24 سالہ آکاش کمار دو افراد کے حملے میں فوت ہوگیا۔ دیر سے منظر عام پر آئے اس واقعہ سے شہریوں میں خوف پیدا ہوگیا ہے۔ آکاش کمار حبشی گوڑہ علاقہ کے ایک ہاسٹل میں رہتا تھا۔ 17 نومبر کی رات آکاش عثمانیہ یونیورسٹی حدود میں واقع ایک پان شاپ پر پہونچا اور سگریٹ خرید کر پی رہا تھا کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل پر دو افراد آئے اور پان شاپ کے مالک سے گالی گلوج کرنے پر آکاش نے اعتراض کیا اور انہیں روکنے کی کوشش کی۔ آکاش کی یہ کوشش جھگڑا کی وجہ بن گئی اور دو افراد نے آکاش کو شدید زدوکوب کیا۔ وہ اس حملے میں شدت زخمی تھا۔ جس کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں علاج کے دوران آکاش کل رات فوت ہوگیا۔ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ع

خود ساختہ سینئر سرکاری آفیسر گرفتار
عوام کو شاطرانہ انداز میں دھوکہ دہی ، ڈی سی پی سی ایچ سرینواس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) فلم نگر پولیس نے ایک شاطر دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جو خود کو سینئر سرکاری آفیسر ظاہر کرتے ہوئے عوام کو ٹھگ رہا تھا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون سی ایچ سرینواس نے بتایا کہ 39 سالہ ششی کانت خود کو ڈپٹی کمشنر مائنس اور کبھی آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے عوام کو ٹھگ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ششی کانت نے عوام کو یقین دلانے کیلئے تاملناڈو سے تعلق رکھنے والے دو ہتھیاروں سے لیس شخصی باڈی گارڈس بھی رکھا اور اپنی گاڑی کو پولیس سائرن اور وائرلیس سیٹ بھی لگوایا۔ گولڈ جم کے مینیجنگ ڈائریکٹر علی حسن سے مذکورہ دھوکہ باز نے ٹی ایس آئی آئی سی کی جانب سے صنعتی علاقہ میں فرضی اراضی الاٹمنٹ لیٹر بھی جاری کرتے ہوئے ان سے 10 لاکھ 50 ہزار روپئے حاصل کیا۔ دھوکہ دہی کی شکایت ملنے پر فلم نگر پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے شیخ پیٹ کے ساکن بی ششی کانت کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے پولیس کا فرضی شناختی کارڈ، سم کارڈس، وائرلیس سیٹ اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے۔ اس کیس میں ششی کانت کے شخصی باڈی گارڈ پراوین اور ویمل ہنوز مفرور بتائے گئے ہیں جبکہ پولیس اُن کو تلاش کررہی ہے۔

گومتی الیکٹرانکس آتشزدگی واقعہ کی زد میں آنے والے مسلم مہلوک کی شناخت
حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ شاہ علی بنڈہ میں گومتی الیکٹرانکس میں پیش آئے مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں ہلاک مسلم شخص کی شناخت ہوچکی ہے، تاہم اس کیس کی تحقیقات کررہی پولیس ٹیم نے فارنسک ماہرین کی مدد سے یہ پتہ چلایا ہے کہ الیکٹرانکس اشیاء سے گیاس کے اخراج کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گومتی الیکٹرانکس میں آتشزدگی کے واقعہ کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا جس کی شناخت کیلئے مغل پورہ پولیس نے منگل کو ایک لک آؤٹ سرکولر جاری کیا تھا جس کے نتیجہ میں متوفی کی شناخت 55 سالہ سید سجاد علی ساکن خلوت حسینی علم کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی شخص خانگی ملازم تھا اور حادثہ کی رات وہاں سے اپنی موٹر سائیکل پر گذر رہا تھا۔ پولیس اس کی نعش جو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ میں محفوظ کی گئی ہے، اس کے ورثا کو کل حوالے کرے گی۔ آگ لگنے کے واقعہ پر پولیس مغلپورہ نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کیا تھا اور فارنسک ماہرین کی ٹیموں نے وہاں پر اہم شواہد اکٹھا کئے تھے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ فارنسک ماہرین نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں یہ رائے تحقیقاتی پولیس عہدیداروں کو دی ہے کہ حادثہ کی وجہ گومتی الیکٹرانکس میں موجود الیکٹرانکس اشیاء کے کمپریسر سے خارج ہونے والی گیاس سے ہوئی ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ شوروم میں موجود ریفریجریٹر سے گیاس کا اخراج ہوا تھا جو شوروم کے احاطہ میں کثیر مقدار میں جمع ہوگئی تھی اور ایک چنگاری کے سبب اتنا بڑا حادثہ پیش آیا ہوگا۔ واضح رہے کہ اس حادثہ میں 2 افراد بشمول گومتی الیکٹرانکس کے مالک شیوکمار بنسل کی موت واقع ہوگئی تھی جبکہ دیگر 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس اس کیس کی ہر زاویہ سے تحقیقات میں مصروف ہے۔ ب