تروپتی نیشنل سنسکرت یونیورسٹی میں طالبہ کیساتھ جنسی زیادتی، اسسٹنٹ پروفیسر معطل
حیدرآباد۔ 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) تروپتی ضلع میں ایک طالبہ پر جنسی زیادتی کرنے والے ٹیچر اور اس کی مدد کرنے والے ایک اور ٹیچر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تروپتی ڈی ایس پی بھکتاوشلم نے بتایا کہ تروپتی نیشنل سنسکرت یونیورسٹی میں اڈیشہ سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ لڑکی بی ایڈ سال اول میں زیر تعلیم ہے۔ یونیورسٹی کے شعبہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر لکشمن کمار نے تعلیم اور عہدے کی آڑ میں طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کررہا تھا اس کی تصاویر اور ویڈیوز اس شعبہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اے راج شیکھر ریڈی نے اپنے فون میں محفوظ کرلیا اور ان تصاویر اور ویڈیوز کو طالبہ کو دکھاتے ہوئے اسے بلیک میل کررہا تھا اور اس کے ساتھ وہ بھی جنسی زیادتی کررہا تھا جس پر طالبہ کی شکایت پر یونیورسٹی کے عہدیداروں نے بعد تحقیقات ڈاکٹر لکشمن کمار کو معطل کردیا اور یونیورسٹی انچارج رجسٹرار رجنی کانت شکلا نے پولیس میں شکایت کی۔ ڈی سی پی نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس کی قیادت مرلی موہن انسپکٹر نے کی۔ انسپکٹر نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے لکشمن کمار اور شیکھر ریڈی کو گرفتار کرلیا۔ ش
تروڈا میں خوفناک سڑک حادثہ، تین افراد ہلاک، ایک زخمی
حیدرآباد۔ 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) عادل آباد ضلع میں جئے ناتھ منڈل کے تروڈا گاؤں کے قریب چہارشنبہ کی ابتدائی ساعتوں میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں تین افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ چاروں افراد کا تعلق عادل آباد ضلع کے لکشمی نگر سے بتایا گیا ہے جو مہاراشٹرا سے آرہے تھے کہ کار بے قابو ہوگئی اور پلٹ گئی جس کے نتیجہ میں شیخ معین، شیخ معین الدین اور کارتک واگمارے برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اور شخص زخمی ہوگیا جسے دواخانہ میں علاج کے لئے شریک کیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی اور تینوں کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری دواخانہ منتقل کردیا۔ ش
ستیہ سائی ضلع میں عادی مجرمین گرفتار
حیدرآباد۔ 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) ستیہ سائی ضلع کے ہندوپور میں پولیس نے مجرمین کو گرفتار کرلیا۔ ستیش کمار ضلع ایس پی نے بتایا کہ گنٹور سے تعلق رکھنے والا عادی مجرم کے ساتھ دیگر چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضے سے 40 لاکھ روپے مالیتی سونے، چاندی کے زیورات کے ساتھ تین بائیکس کو بھی ضبط کرلیا۔ گنٹور کے عادی سارق رتناراجو اور اس کے ساتھی سرگرم تھے جنہیں ایک اطلاع ملنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ یہ پانچ رکنی ٹولی جو گھروں کو نشانہ بناتے ہیں جس مکان میں قفل دیکھتا اسے نشانہ بناکر سرقہ کیا کرتے تھے۔ پولیس نے بہترین کارکردگی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا اور انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ ش
جنید قتل کیس کے ملزمین گرفتار
کمیشن وصول کرنے پر اعتراض پر انتقام ، ڈی سی پی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد : /10 ڈسمبر (سیاست نیوز) رین بازار پولیس نے شیخ جنید بن محمد بھرموس کے قتل میں ملوث خاطیوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے گئے مہلک ہتھیار برآمد کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون کرن کھارے نے بتایا کہ جنید کے قتل میں عمر بن حمزہ اور علی بن حمزہ جو مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں اور رین بازار کے روڈی شیٹر ظفر پہلوان کے بیٹے ہیں اور دیگر کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمین غیرقانونی طور پر ملکیت فروخت کرنے کا کمیشن وصول کررہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ 35 سالہ جنید ، محمد بن یوسف عرف بڑا محمد کا بیٹا ہے اور یاقوت پورہ کا ساکن ہے ۔ حالیہ دنوں جنید کے قریبی دوست فاروق نے چندرا نگر علاقہ میں ملگیاں خریدی تھیں جس پر عمر بن حمزہ اور علی بن حمزہ نے غیرمجاز طور پر کمیشن وصول کرنے کی کوشش کی جس پر جنید نے سخت اعتراض کیا ۔ /3 ڈسمبر کی شب جنید کا قتل کرنے کیلئے عمر بن حمزہ ، علی بن حمزہ ، فیصل بن حبیب ، محمد مقصود ، سید اصغر علی اور محمد طاہر چھوٹا پل یاقوت پورہ پہنچے جہاں پر جنید پہلے سے ہی موجود تھا ۔ ان دونوں کے درمیان کمیشن کو لیکر بحث و تکرار ہوئی جس کے بعد جنید بھرموس پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کردیا گیا اور وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے بتایا کہ کمیشن اور پرانی شخصی رقابت کے نتیجہ میں جنید اور ظفر پہلوان کے بیٹوں کے درمیان مخاصمت چل رہی تھی اور ملکیت کے کمیشن کے مسئلہ پر جنید کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس کیس میں سید رحیم غوری مالک بن جاوید ، اظہر ، زبیر ، ریان اور کلثوم مفرور ہے اور ان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ ب
جواہر نگر قتل کیس کے پانچ ملزمین بشمول کم عمر لڑکا گرفتار
حیدرآباد۔ 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) جواہر نگر پولیس نے قتل کیس میں ملوث 5 افراد بشمول ایک کم عمر لڑکے کو گرفتار کرلیا۔ 8 ڈسمبر کی رات جواہر نگر کے علاقہ میں گنٹا وینکٹ تتنم کمار کا قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 33 سالہ چندن سنگھ ساکن جمعرات بازار، 28 سالہ کے نریش کمار، 35 سالہ وینکٹا نارائنا، 20 سالہ این پون کمار اور ایک 17 سالہ کم عمر لڑکے کو گرفتار کرلیا جبکہ کرن سنگھ جو اصل سرغنہ چندن سنگھ کا بھائی ہے مفرور بتایا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک پستول 7 کارتوس ایک طفنچہ، 2 خنجر، 2 لاٹھیاں، سیل فون، آٹو اور موٹر سائیکل کو ضبط کرلیا۔ پولیس کے مطابق چندن سنگھ روہر مقتول وینکٹ رتنم کھار کے درمیان دشمنی تھی۔ پولیس کے مطابق مورتی جائیداد کے مطابق میں دونوں کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا اور چندن سنگھ وینکٹ رتنم کی مبینہ دھوکہ دہی پر برہم تھا۔ پولیس گرفتار افراد کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔ ع
چندرائن گٹہ میں دو نوجوانوں کی موت کیس کے ملزمین گرفتار
نشہ کا انجکشن فراہم کرنے والا ڈاکٹر اور وارڈ بوائے بھی ملزمین میں شامل
حیدرآباد : /10 ڈسمبر (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ علاقہ میں حالیہ دنوں دو نوجوانوں کی پراسرار طور پر موت کا سراغ لگاتے ہوئے پولیس نے منشیات کے انجکشن فروخت کرنے والے ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چندرائن گٹہ سدھاکر نے بتایا کہ /2 ڈسمبر کو 25 سالہ جہانگیر خان اور اس کا ساتھی 29 سالہ سید عرفان دونوں مسجد فاروق اعظم چندرائن گٹہ کے قریب آٹو میں مردہ پائے گئے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور یہ دو نوجوانوں کی موت نشہ کے انجکشن سے ہونے کا پتہ لگایا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس کیس میں ایک ڈاکٹر اور وارڈ بوائے بھی شامل ہیں ۔ پولیس کے مطابق مذکورہ متوفی نوجوان نشہ کے عادی تھے ۔ عرفان اور جہانگیر نے Termine انجکشن لینے کیلئے اپنے ایک دوست کلیان سے رابطہ قائم کیا اور اس نے شیوا عرف چنٹو کو ٹرمائن انجکشن فراہم کرنے کی بات بتائی ۔ مذکورہ انجکشن موجود نہ ہونے پر شیوا نے Atranium 25mg (انستھیسیا کیلئے استعمال کئے جانے والے انجکشن) دستیاب ہونے کی اطلاع دی اور دونوں نے یہ انجکشن حاصل کرلیا اور شاستری پورم وٹے پلی کے ایک میڈیکل ہال سے سرینج بھی حاصل کئے ۔ جہانگیر نے اٹرینیم کے چار انجکشن عرفان کے حوالے کیا اور وہاں پر موجود سیف بن اکرم کو عرفان نے ایک ایم ایل کا انجکشن دیا جس کے بعد وہ بے سود ہوگیا ۔ یہ حالت دیکھ کر کلیان وہاں سے فرار ہوگیا اور یہ دیکھا کہ عرفان اور جہانگیر دونوں نے بچے ہوئے تین انجکشن لے لئے اور بعد ازاں ان کی موت واقع ہوگئی ۔ پولیس نے سیف بن اکرم کے بیان پر وائی کلیان اور اس کے ساتھیوں جے شیوا شنکر ، سی ایچ آکاش (ایم این جے کینسر ہاسپٹل کا وارڈ بوائے ) ، ایس جئے پال ریڈی جو اے بی ایس ہاسپٹل کا چیرمین اور نیورو سرجن بھی ہے جس نے انستھیسیا کے انجکشن فراہم کئے ۔ محمد وقار الدین جو اے بی ایس ہاسپٹل میں سرجن کے اسسٹنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا کو گرفتار کرلیا ۔ب
وارثی گوڑہ میں طالبہ کو قتل کرنے والا قاتل گرفتار
حیدرآباد : /10 ڈسمبر (سیاست نیوز) وارثی گوڑہ پولیس نے انٹرمیڈیٹ طالبہ کے بہیمانہ قتل میں ملوث خاطی کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے گئے ہتھیار برآمد کرلئے ۔ پولیس کے مطابق ڈی اوما شنکر نے /8 ڈسمبر کو قریبی رشتہ دار 17 سالہ پویترا کا قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال اوما شنکر نے پویترا کے مکان پہنچ کر شادی کی پیشکش کی تھی جس پر مقتولہ لڑکی کی ماں راضی ہوگئی تھی اور /6 ڈسمبر کو لڑکی کی ماں ، باپ اپنی دو بیٹیوں کے ہمراہ مندر کے درشن کیلئے وجئے واڑہ گئے ہوئے تھے ۔ اس بات کا پتہ چلنے پر اوما شنکر /8 ڈسمبر کو پویترا کے مکان پہنچ کر اس کی ماں سے پویترا کو مندر لے جانے پر اعتراض کیا اور بحث و تکرار کیا ۔ اسی دوران ماں کی موجودگی میں اوما شنکر نے پویترا کے گلے پر تیز دھار چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقع ہلاک ہوگئی ۔ پولیس نے آئینی شاہدین اور شواہد کی بنیاد پر اوما شنکر کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے ہتھیار برآمد کرلئے ۔ گرفتار ملزم کو سکندرآباد کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ ب