جـــرائـــم و حـــادثــات

   

Ferty9 Clinic

مائیلاردیوپلی میں سڑک حادثہ ، دو افراد ہلاک ، ایک زخمی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : شہر کے میلاردیوپلی پولیس حدود میں پیش آئے ایک حادثہ میں تیز رفتار کار نے دو افراد کو روند دیا ۔ جب کہ اس کار کی زد میں آکر ایک شخص زخمی ہوگیا ۔ سڑک کنارے بیڈ شیٹ کا کاروبار کرنے والے دو افراد جو باپ بیٹا بتائے گئے ہیں ۔ اس حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ جن کی شناخت 20 سالہ دیپک ناتھ اور 50 سالہ پربھو ناتھ کی حیثیت سے کرلی گئی ۔ پربھو ناتھ اپنے دو بیٹوں کے ساتھ کاروبار کرتا تھا جو سڑ ک کنارے ایک شیڈ میں رہتے تھے ۔ کل رات کاروبار بند کرنے کے بعد تینوں شیڈ میں سو گئے ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں ایک تیز رفتار انواکار جو بے قابو ہوگئی تھی شیڈ میں گھس گئی اس حادثہ میں دیپک ناتھ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ جب کہ اس کا والد پربھو ناتھ علاج کے دوران فوت ہوگیا اور پربھوناتھ کا دوسرا بیٹا ستوناتھ شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے ۔ پربھوناتھ کا تعلق ریاست مدھیہ پردیش سے بتایا گیا ہے ۔ جو بیڈ شیٹ کا کاروبار کرتا تھا اور سڑک کنارے فٹ پاتھ پر کاروبار کیا کرتا تھا ۔ مائیلار دیوپلی کے علاقہ میں یہ لوگ قیام پذیر تھے اور سڑک کنارے شیڈ میں رہتے تھے ۔ اطلاع کے فوری بعد پولیس نے مقام حادثہ پہونچکر ضابطہ کی کارروائی کو انجام دیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو حراست میں لے لیا جب کہ مزید تین مفرور بتائے گئے ہیں ۔ انواکار میں کل 6 افراد کے سوار ہونے کی اطلاع ہے جس وقت یہ خوفناک حادثہ پیش آیا ۔ پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع

چالانات کے نام پر رقم کی وصولی ، انسپکٹر ، سب انسپکٹر ، کانسٹبلس اور ہوم گارڈ معطل
حیدرآباد ۔ 17 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : بدعنوان رشوت خور اور لاپرواہ پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ گذشتہ روز دو اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کے خلاف کارروائی کرنے والے کمشنر پولیس نے آج ایک تازہ کارروائی میں ٹریفک انسپکٹر ، سب انسپکٹر اور دو پولیس کانسٹبل اور ایک ہوم گارڈ کو کارروائی کا نشانہ بنایا ۔ جوبلی ہلز کے علاقہ میں چالانات کی یکسوئی کے نام پر رقم بٹورنے کے الزامات کا سامنا کرنے والے ٹریفک انسپکٹر نرسنگ راؤ ، سب انسپکٹر اشوک ، کورٹ کانسٹبل سدھاکر اور ہوم گارڈ کیشولو کو فوری خدمات سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ ان کے خلاف رشوت خوری کے سنگین الزامات پائے گئے اور ان الزامات کی تحقیقات کے بعد کمشنر پولیس نے ان عہدیداروں اور ملازمین کو فوری ہٹا دیا گیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ٹریفک انسپکٹر نرسنگ راؤ پر سابقہ میں بھی بدعنوانیوں کے الزامات پائے جاتے ہیں ۔ اپل پولیس اسٹیشن میں خدمات کے دوران سرقہ کی واردات میں مسروقہ سامان ضبط کرنے کے معاملہ میں 60 تولہ طلائی زیورات کی ہیرا پھیری کی گئی تھی اور انسپکٹر نرسنگ راؤ پر ہیرا پھیری کے الزامات پائے جاتے ہیں ۔۔ ع

موبائل فون استعمال کے ساتھ ریلوے پٹریاں عبور کرنے کی کوشش ، ایک شخص ہلاک
حیدرآباد ۔ 17 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : موبائل فون کی اہمیت سے اب موت کے خطرات کی پرواہی نہیں رہی ۔ فون میں مشغول ایک نوجوان اس طرح کے ایک حادثہ میں ہلاک ہوگیا جو اپنے کانوں میں ایربڈس لگائے ٹرین کی پٹریوں کو عبور کررہا تھا ۔ موبائل فون میں وہ اس قدر مشغول تھا کہ موت نے اس کو اپنی آغوش میں لے لیا ۔ یہ واقعہ پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں پیش آیا ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے مطابق 29 سالہ محمد فرحان جو پیشہ سے ڈرائیور تھا کل شام فلک نما اور اپوگوڑہ کے درمیان ریلوے لائن پر پیش آئے ٹرین حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ باوثوق ریلوے پولیس ذرائع کے مطابق جس وقت حادثہ پیش آیا ۔ اس وقت فرحان کے کانوں میں موبائل ایربڈس یا ایر فون تھا ۔ شاید وہ ٹرین کی آواز نہ سن سکا اور ایم ایم ٹی ایس کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس کے مطابق فرحان عیدی بازار علاقہ کے ساکن شخص محمد شرف الدین کا بیٹا تھا ۔۔ ع

کوکٹ پلی میں طالب علم کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد کے مضافاتی علاقے کوکٹ پلی میں ایک کالج کے ایک طالب علم نے پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق کوکٹ پلی کے کالج میں ایم پی سی سال اول کا طالب علم سائی ساکیت نے پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ سائی کے والدین نے الزام عائد کیا کہ طلباء کی جانب سے ریاگنگ کی گئی جس کی وجہ سے ان کے بیٹے نے خود کشی کرلی ۔ کالج کے منتظمین ریاگنگ کو روکنے میں ناکام ہوگئے ۔ سائی کے والدین اور افراد حاندان نے احتجاج کرتے ہوئے کالج کے روبرو دھرنا دیا ۔ ۔ش

بالاپور میں منگل کی رات نوجوان کا قتل
حیدرآباد۔ 17 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر میں ہر دن کسی نہ کسی علاقہ میں قتل کی واردات کا پیش آنا ایک عام بات بن گئی ہے۔ حکومت ایک طرف شہر کو عالمی معیار کے شہریوں کی طرز پر ترقی دیتے ہوئے پرامن اور محفوظ شہروں میں حیدرآباد کا شمار کرنا چاہتی ہے تو وہیں دوسری طرف حیدرآباد میں بڑھتے ہوئے جرائم کا رجحان ایک علیحدہ تصور پیش کرنے لگا ہے۔ ایسا نہ ہو کہ کہیں اس پر امن اور ترقی پسند شہر کا جب بھی ذکر ہو کوئی غلط تصور ذہن میں آئے۔ پہاڑی شریف اور ٹولی چوکی کے بعد اب کل رات بالاپور پولیس حدود میں ایک نوجوان کو ہلاک کردیا گیا۔ ان وارداتوں سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس یا تو ان کی روک تھام میں ناکام ہو رہی ہے یا پھر مبینہ طور پر پولیس نظر انداز کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات دیر گئے رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے بالاپور پولیس اسٹیشن حدود میں مرشد عالم نامی نوجوان پر مہلک ہتھیاروں سے حملہ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ اطلاع کے ساتھ ہی پولیس بالاپور اور اعلیٰ عہدیدار مقام واردات رائل کالونی پہنچ گئے۔ رات دیر گئے پیش آئی اس سنگین واردات کے سبب شاہین نگر رایل کالونی بالاپور، بارکس، چندرائن گٹہ کے علاقہ دیگر علاقوں میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرشد عالم کا تعلق برما سے پایا جاتا ہے جو روہنگیائی مہاجرین کیمپ میں رہتا تھا۔ مرشد عالم پیشہ سے پرانے اسکراپ کا کاروبار کرتا تھا۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ عبداللہ پر مرشد کے قتل کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ان کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ پولیس جھگڑے کی وجوہات اور قاتل کے لئے تلاش شروع کردی ہے۔ بالاپور انسپکٹر ایم سدھاکر نے بتایا کہ رات دیر گئے ڈائل 100 پر اطلاع حاصل ہوئی اور پولیس نے فوری رائل کالونی کا رخ کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔ انسپکٹر کے مطابق 19 سالہ مرشد عالم جو روہنگیائی کیمپ میں رہتا تھا۔ اس پر عبداللہ نامی شخص نے حملہ کیا دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ مرشد عالم پر حملہ کرنے والے عبداللہ کا تعلق بھی برما سے بتایا گیا ہے۔ پولیس کی خصوصی ٹیموں کی جانب سے عبداللہ کی تلاش جاری ہے۔ ع

یوٹیوب کا خود ساختہ رپورٹر گرفتار
مقدمہ کی یکسوئی کے نام پر رقم کا مطالبہ ، عدم ادائیگی پر برے انجام کی دھمکی کا شاخسانہ
حیدرآباد ۔ 17 ڈسمبر ۔ (سیاست نیوز) شاہ علی بنڈہ پولیس نے یو ٹیوب کے خودساختہ رپورٹر کو جبراً وصولی کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون کرن کھارے نے بتایا کہ محمد بلال خود کو یو ٹیوب چیانل کا رپورٹر ظاہر کرتے ہوئے ایک شخص سے 35 ہزار کا مطالبہ کیا اور ایک کیس کی یکسوئی کا دعویٰ کیا ۔ شاہ علی بنڈہ پولیس اسٹیشن میں زیرالتواء ایک مقدمہ میں محمد بلال نے وعدہ کیا کہ وہ اس مقدمہ میں اُنھیں گرفتارہونے سے بچائے گا اور اُس کی مانگی ہوئی رقم نہ دینے پر گرفتار کرادینے کی دھمکی دی ۔ شکایت کنندہ کی درخواست حاصل کرنے کے بعد شاہ علی بنڈہ پولیس نے خود ساختہ رپورٹر محمد بلال کے خلاف جبری وصولی کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اُسے گرفتار کرلیا۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے بتایا کہ آئے دن اُنھیں یہ شکایتیں موصول ہورہی ہیں کہ خود کو رپورٹر اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کئی افراد جبراً وصولی اور معمول کی وصولی میں ملوث ہورہے ہیں ۔ اُنھوں نے ایسے رپورٹرس کو انتباہ دیا کہ اس قسم کی غیرقانونی حرکت کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا اور اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قسم کے افراد کے جھانسہ میں نہ آئیں اور پولیس سے ربط پیدا کریں۔ ب

سرمایہ کاری پر منافع کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والا شخص گرفتار
حیدرآباد ۔ 17 ڈسمبر ۔ (سیاست نیوز) حیدرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے ممبئی سے تعلق رکھنے والے ایک شاطر دھوکہ باز کو گرفتار کیا ہے جو سرمایہ کاری کا جھانسہ دیکر عوام کو ٹھگ رہا تھا اور اس جرم میں ملزم نے چینی باشندے کو بھی شامل کیا تھا ۔ پولیس کے مطابق 21 سالہ انصاری محمد عرف عمر مراد متوطن ممبئی مہاراشٹرا آن لائین ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری کے ذریعہ 32 لاکھ کا دھوکہ دیا تھا ۔ اس سلسلے میں حیدرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا تھا ۔ مذکورہ دھوکہ باز نے شہر سے تعلق رکھنے والے ایک متاثرہ شخص کو آدتیہ برلا گروپ کمپنی کا ایک فرضی گروپ قائم کیا اور اس پر اشتہار شائع کیا ۔ واٹس گروپ کے لنک پر خود کو آئینا جوزف ظاہر کرتے ہوئے انصاری محمد نے کے وائی سی حاصل کرنے کے بہانے آن لائین رقومات حاصل کیا اور 20 فیصد کمیشن کا بھی دعویٰ کیا ۔ متاثرہ شخص نے دھوکہ باز کے جھانسہ میں آکر اُس کے اکاؤنٹ میں 32 لاکھ روپئے ڈپازٹ کئے تھے اور وہ دھوکہ دہی کا شکار ہوگیا ۔ گرفتار سائبر دھوکہ باز تلنگانہ کے علاوہ کشمیر ، کرناٹک ، مہاراشٹرا ، مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال میں بھی دھوکہ دہی کی وارداتوں میں ملوث تھا ۔ ب