کینیڈا ٹورنٹو میں ہندوستانی خاتون کا قتل
حیدرآباد۔ 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک ہندوستانی خاتون کی قتل کی واردات پیش آئی۔ تفصیلات کے مطابق 18 ڈسمبر کو ٹورنٹو پولیس میں شکایت درج کرائی گئی کہ ہندوستانی 30 سالہ ہمانشی کھرانا لاپتہ ہے جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش شروع کردی تھی اور اس کے اگلے ہی دن ہمانشی کی نعش ایک مکان میں دستیاب ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ ہمانشی کو قتل کردیا گیا اور اس کی نعش کو مکان میں ہی چھوڑ دیا گیا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کرتے ہوئے 32 سالہ عبدالغفوری کو ملزم قرار دیا اور اس کی گرفتاری کے لئے وارنٹ جاری کردیا گیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ہمانشی کے قتل میں اس کے دوست عبدالغفوری کا ہاتھ ہے جو مفرور بتایا گیا ہے۔ پولیس اسے بہت جلد گرفتار کرنے کا تیقن دیا۔ ش
جوائنٹ سب رجسٹرار اور دیگر عملہ کے گھروں پر اے سی بی کے دھاوے
حیدرآباد۔ 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش میں اے سی بی عہدیداروں نے جوائنٹ سب رجسٹرار موہن راؤ سوپر بازار دفتر کے دو دیگر عملہ کے گھروں کی تلاشی لی اور پتہ چلا کہ ان کے پاس ان کی آمدنی سے زیادہ اثاثے ہیں۔ گزشتہ ماہ 5 اور 6 کو اے سی بی عہدیداروں نے ریاست بھر میں کئی سب رجسٹرار دفاتر کا اچانک معائنہ کیا تھا۔ اے سی بی کے عہدیداروں نے منگل کو وشاکھاپٹنم، بھوگاپورم اور ریاست کے چند دیگر دفاتر کے عملے کے ارکان کے گھروں کی تلاشی لی۔ سوپر بازار جوائنٹ سب رجسٹرار موہن راؤآ جونیر اسسٹنٹ سدھارانی اور ایٹنڈنٹ آنندکمار کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔ موہن راؤ رام نگر کے شاردھا ٹاورس میں رہتے ہیں۔ اے سی بی حکام نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ان کے گھر سے آمدنی سے زائد اثاثوں سے متعلق دستاویزات ملے ہیں۔ اس طرح نقدی، طلائی زیورات اور گاڑیاں برآمد ہوئیں جنہیں ضبط کرلیا گیا۔ سدھارانی اور آنند کمار کے گھروں میں ایک ایک کروڑ روپے کے اثاثے پائے گئے جن کی اے سی بی جانچ کررہی ہیں۔ ش
آر ٹی سی بس میں سفر کے دوران خاتون کے بیاگ سے زیورات کا سرقہ
حیدرآباد۔ 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش کے اننت پور ضلع میں ایک آر ٹی سی بس میں سفر کرنے والی خاتون کے بیاگ سے تقریباً 16 تولے سونے کے زیورات کا سرقہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اننت پور سے کدری جانے والی اے پی ایس آر ٹی سی بس میں شبانہ نامی خاتون سفر کررہی تھی۔ بس میں بیٹھنے کے بعد شبانہ جب ٹکٹ کے لئے بیگ سے آدھار کارڈ نکالنے کے لئے بیگ کھولی تو بیگ میں رکھے ہوئے 16 تولہ سونے کے زیورات غائب تھے جس کی وجہ سے خاتون کو بڑا دھکہ لگا اور اس نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس بس تک پہنچ گئی اور تمام مسافروں کی تلاشی لی گئی لیکن انہیں زیورات نہیں ملے جس کے بعد خاتون زار و قطار رو پڑی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ پولیس نے تیقن دیا کہ وہ سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کریں گے کہ سونے کے زیورات بس سے غائب ہوئے یا گھر سے بس اسٹانڈ تک پہنچنے کے دوران سرقہ کئے گئے یا اتفاقی طور پر کہیں گر گئے۔ ش
میاں پور میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کاقتل
حیدرآباد ۔ 24 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : شوہر کی حرکتوں سے افراد خاندان کو واقف کروانے کی دھمکی بیوی کے قتل کا سبب بن گئی ۔ میاں پور پولیس حدود میں یہ واردات پیش آئی جہاں راجو نامی شخص نے اس کی بیوی وجئے لکشمی کو قتل کردیا ۔ راجو کے حملہ میں شدید زخمی وجئے لکشمی فوت ہوگئی۔ جو گذشتہ روز راجو کی حرکتوں کا بھانڈا پھوڑنے خود اپنے سسرال جارہی تھی نشہ کی حالت میں دھت راجو بیوی کی حرکت پر برہم ہوگیا اور اس نے راستے میں بیوی سے جھگڑا کیا اور بیوی کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا ۔ راجو کی مار پیٹ سے شدید زخمی وجئے لکشمی کو خود راجو ہاسپٹل لے گیا جہاں وہ فوت قرار دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق میاں پور پولیس نے راجو کو حراست میں لے لیا ہے ۔ دراصل راجو گذشتہ چند عرصے سے نشہ اور عیاشی کا عادی اور گھر میں بیوی سے جھگڑا کرنا اور ذرا سی بات پر مار پیٹ کرنا شروع کردیا تھا ۔ وجئے لکشمی نے نشہ سے دور رہنے کے لیے شوہر پر زور دیا ۔ باوجود اس کے وہ ضد میں آچکا تھا ۔ ان کی شادی 8 سال قبل ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں ۔ پولیس میاں پور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع
بیوی کی طلاق کی نوٹس پر دل برداشتہ شوہر کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : بیوی کی طلاق کی نوٹس شوہر کی موت کا سبب بن گئی ۔ جہاں نوٹس سے دل برداشتہ شوہر نے پھانسی لے کر انتہائی اقدام کرلیا ۔ شہر کے نواحی علاقہ گھٹکیسر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 40 سالہ وینکٹیش جو گھٹکیسر علاقہ میں اپنے مکان میں پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق وینکٹیش اس کی بیوی مونیکا عرف وجئے لکشمی کی جانب سے روانہ کردہ طلاق کی نوٹس سے پریشان تھا ۔ دونوں میاں بیوی میں گذشتہ چند روز سے جھگڑے زور پکڑ گئے تھے اور روزانہ کے جھگڑے تنازعہ کی شکل اختیار کر گئے تھے ان کی شادی سال 2019 میں ہوئی تھی اور ان کی کوئی اولاد نہیں تھی ۔ مونیکا نے جھگڑوں سے تنگ آکر طلاق کے لیے عدالت کا رخ کیا ۔ اور شوہر کو نوٹس روانہ کی اس نوٹس سے دل برداشتہ شوہر نے پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔۔ ع
نوزائیدہ بچوں کی خرید و فروخت کرنے والی بین ریاستی ٹولی کا پردہ فاش
دو بچے برآمد ، گیارہ ملزمین گرفتار ، شمس آباد اور میاں پور پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) نو زائدہ بچوں کی خرید و فروخت کرنے والی ایک بین ریاستی ٹولی کا سائبرآباد پولیس نے پردہ فاش کردیا۔ گجرات کے احمد آباد سے نومولود بچوں کو خرید کر انہیں حیدرآباد منتقل کیا جارہا تھا۔ اسپیشل آپریشن ٹیم شمس آباد زون اور میاں پور پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے گیارہ رکنی ٹولی کو گرفتارکرلیا اور دو نومولود بچوں کو ان کے چنگل سے آزاد کروالیا۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس مادھاپور زون رجنی راج نے بتایا کہ 49 سالہ وی بابو ریڈی ساکن میڑچل، 39 سالہ و گنگا دھر ریڈی ساکن سکندرآباد، 28 سالہ ڈی لکشمی، 37 سالہ رام ہری رائے، 31 سالہ ہرشا رائے، 31 سالہ سنگیتا دابی، 40 سالہ جی سجاتا، 55 سالہ ایس انورادھا، 35 سالہ ای جوتی، 28 سالہ وی مادھوی اور 44 سالہ پی شوبھا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق اس ٹولی کے خلاف 20 معاملات درج ہیں۔ ٹولی کا اصل سرغنہ بابو ریڈی سابق میں الوال اور دیورکنڈہ پولیس کی جانب سے گرفتار کیا جاچکا ہے۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اس ٹولی کے گرفتار اراکین میں شرشٹی فیٹرلیٹی کیس میں ملوث افراد بھی شامل ہیں جو ضمانت پر جیل سے رہا ہونے کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ ٹولی ایسے خاندانوں کا انتخاب کرتی ہے جو سطح غربت سے نیچے کی زندگی بسر کرتے ہیں اور حیدرآباد کے علاوہ دونوں تلگو ریاستوں میں نومولود بچوں کو فروخت کرنے کے لئے بچے بیرونی ریاستوں سے خریدا کرتے تھے۔ بالخصوص ریاست گجرات سے بچوں کو خریدا جاتا ہے۔ ایسے خاندان جو نومولود بچوں کی پرورش کی سکت نہیں رکھتے انہیں بڑی رقم دے کر ان سے بچوں کو خرید لیا جاتا ہے اور لاولد جوڑوں میں بچوں کو فروخت کیا جاتا تھا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اس معاملہ میں مزید تحقیقات جاری رہیں گی اس موقع پر ڈی سی پی ایس آر ٹی شوبھن کمار، اے سی پی میاں پور سی ایچ وائی سرینواس کمار و دیگر موجود تھے۔ ع
منشیات فروخت کرنے والا جوڑا بے نقاب
چار افراد گرفتار ، منشیات ضبط ، نارکوٹیک انفورسمنٹ کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سی سی پولیس کی انسداد منشیات ٹیم H-NEW نے چکڑپلی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈرگس کے کاروبار میں ملوث اسمگلرس اور ایک گاہک کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 3 لاکھ سے زائد مالیتی منشیات بھی برآمد کئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ یو ایمینویل پیشہ سے ایونٹ مینجر اور کنڈہ پور کا ساکن ہے، اس نے اپنے ماتحت ڈرگس اسمگلرس سی ایچ سشمیتا دیوی عرف للی جو سافٹ ویر ملازمہ ہے، اس کے بوائے فرینڈ جی سائی کمار جو ریاپیڈو سوئیگی ڈیلیوری بوائے ہے، کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ ایمنویل اپنی تعلیم ترک کرنے کے بعد معاشی تنگی کا شکار ہونے پر اس نے ایونٹ مینجر کا کام شروع کیا اور وہ اپنی گرل فرینڈ سشمیتا کے ہمراہ مقیم تھا اور پرتعیش زندگی بسر کررہا تھا۔ ابتداء میں وہ ڈرگس کا عادی تھا بعدازاں وہ خود کمیشن پر ڈرگس فراہم کرنے لگا۔ اس نے او جی، ایم ڈی ایم اے، ایل ایس ڈی ڈارگس اور دیگر منشیات کی اسمگلنگ شروع کردی۔ منشیات کی رقم کو یو ایس بی ڈی کرپٹو کرنسی اور آن لائن پیمنٹس کے ذریعہ حاصل کررہا تھا۔ کوریئر سرویس کے ذریعہ منشیات فراہم کئے جارہے تھے۔ اپنے بوائے فرینڈ ایمنیول کی غیرموجودگی میں سشمیتا عرف للی ڈرگس کا کاروبار چلارہی تھی۔ للی کا تعلق کاکیناڈا سے ہے اور وہ کوکنیزنٹ سافٹ ویر کمپنی میں 25000 روپئے کی تنخواہ پر ملازمت کررہی تھی۔ پولیس نے مذکورہ افراد کے قبضہ سے منشیات برآمد کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل منتقل کردیا۔ ب
