جی ایس ٹی کی چوری ، آرینج ٹراویلس کے ایم ڈی سنیل کمار گرفتار
حیدرآباد : /7 جنوری (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل جی ایس ٹی انٹلیجنس نے مشہور خانگی ٹراویلس آرینج پاسنجر ٹرانسپورٹ پرائیویٹ لمیٹیڈ جو ’’ آرینج ٹراویلس‘‘ کے نام سے مشہور ہے کے منیجنگ ڈائرکٹر سنیل کمار کو جی ایس ٹی چوری کیس میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ 28 کروڑ کے جی ایس ٹی کی چوری کے الزام میں گرفتار ہونے والے سنیل کمار نے 2023 ء کے عام انتخابات میں حلقہ اسمبلی بالکنڈہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا جبکہ 2018 ء میں انہوں نے اسی اسمبلی حلقہ سے بہوجن سماج پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیا تھا ۔ ڈائرکٹر جنرل جی ایس ٹی انٹلیجنس کے مطابق آرینج ٹراویلس کے ایم ڈی سنیل کمار نے بس پاسنجرس سے ٹکٹ فروخت کرنے کے دوران جی ایس ٹی وصول کیا تھا اور اس وصول کردہ رقم کو حکومت کو مقررہ وقت میں جمع کرانے سے قاصر رہے جو سنٹرل جی ایس ٹی ایکٹ 2017 ء کی خلاف ورزی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ جی ایس ٹی حکام کی جانب سے آرینج ٹراویلس پر دھاوے کے دوران ریکارڈس کا تجزیہ کیا جس میں یہ انکشاف ہوا کہ اس ادارے نے جی ایس ٹی کی شکل میں 28.24 کروڑ وصول کئے ہیں لیکن اس رقم کو جی ایس ٹی میں داخل نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں یہ گرفتاری پیش آئی ہے ۔ گرفتار آرینج ٹراویلس کے ایم ڈی کو نامپلی کی عدالت میں پیش کیا گیا اور انہیں عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ۔ جی ایس ٹی حکام اس کیس میں یہ پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں کہ جی ایس ٹی کی چوری میں اور کتنے افراد شامل ہیں ۔ حالیہ دنوں جی ایس ٹی حکام نے ریاست بھر میں خانگی ٹراویلس کے دفاتر پر دھاوے کئے تھے جس کے تحت یہ کارروائی کی گئی ۔ ب
مشیر آباد کے پلاسٹک گودام میں آتشزدگی
حیدرآباد،/7 جنوری (سیاست نیوز) مشیر آباد پولیس اسٹیشن حدود میں واقع گلشن نگر، باکارام علاقے میں چہارشنبہ کی رات ایک پلاسٹک گودام میں شدید آگ لگ گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق، رہائشیوں نے گودام سے دھواں نکلتا دیکھا تو فوری طور پر مشیر آباد پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور چار فائر ٹینڈرز کو طلب کر لیا گیا۔اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ب
گانجہ نوشی ، پولیس کانسٹبل سمیت 5 افراد گرفتار
حیدرآباد : /7 جنوری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی انسداد منشیات ایگل فورس نے گانجہ کا استعمال کرنے والے پانچ افراد بشمول ایک پولیس کانسٹبل کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایگل فورس نے گچی باؤلی پولیس کے ساتھ ایک مشترکہ کارروائی کی جس میں یہ معلوم ہوا تھا کہ چار پرانے دوست آپس میں اکٹھا ہوکر کوواسٹیس میں شراب نوشی اور ڈرگس کا استعمال کرنے والے ہیں ۔ اس اطلاع پر ایگل فورس نے وہاں دھاوا کیا جہاں پر پانچ افراد میگھیندر ، تیجسور ، سائی پرساد ، رمیش اور ٹی روی جو آرمڈ ریزروڈ کا کانسٹبل ہے کو حراست میں لے لیا ۔ ان افراد پر ڈرگس کا ٹسٹ کیا گیا جس میں یہ صاف ظاہر ہوا ہے کہ مذکورہ افراد نے گانجہ کا استعمال کیا ہے ۔ گرفتار افراد کے خلاف گچی باؤلی پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ب
ایم پی ڈی او اور انڈومنٹ دفاتر کے عہدیداران رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : اینٹی کرپشن بیورو نے آج رنگاریڈی اور حیدرآباد میں کی گئی مختلف کارروائیوں میں چار افراد بشمول ایک خاتون عہدیدار کو حراست میں لے لیا جو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیے گئے ۔ ایم پی ڈی او دفتر نندی گاماں اور باغ عنبر پیٹ میں واقع انڈومنٹ ڈپارٹمنٹ میں کارروائیاں کی گئیں ۔ منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر کے دفتر میں کی گئی کارروائی میں اے سی بی نے ایم پی ڈی او سماتی ، اے ڈی او تیج سنگھ اور سکریٹری چناریا کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ شکایت گزار کی درخواست پر چار مکانات کی تعمیر کے لیے ان عہدیداروں نے ڈھائی لاکھ روپئے رشوت کا مطالبہ کیا تھا ۔ اور اپدولہ پلی گرام پنچایت کے سکریٹری چناریا کے ذریعہ ایک لاکھ روپئے درخواست گزار سے حاصل کرنے کے دوران پکڑے گئے ۔ دوسری کارروائی میں اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے انڈومنٹ ڈپارٹمنٹ کے انسپکٹر اے کرن کمار کو گرفتار کرلیا ۔ کرن کمار نے اے سی بی کے شکایت گزار اور انڈومنٹ کے درخواست گزار کی سرکاری مدد کرنے کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار روپیوں کا مطالبہ کیا تھا اور 50 ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ۔ اینٹی کرپشن بیورو نے ان رشوت خور عہدیداروں کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔۔ ع
دسویں جماعت کے ساتھی پر بھروسہ کرنا شادی شدہ خاتون کیلئے مہنگا پڑا
رقم واپس کرنے کے مطالبہ پر ہراسانی ، شی ٹیم سے شکایت پر ایک شخص گرفتار
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : دسویں جماعت کے ساتھی پر بھروسہ کرنا ایک شادی شدہ خاتون کے لیے مہنگا ثابت ہوا ۔ دوستی کی آڑ میں قرض حاصل کرنے والے دوست نے قرض کی رقم واپس کرنے کے بجائے خاتون کو دھمکانا شروع کردیا ۔ جب خاتون نے قرض کی رقم واپس مانگی تو اس بدغماش شخص نے ہراساں کرنا شروع کردیا ۔ اس شادی شدہ خاتون نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شی ٹیم سے مسئلہ کو رجوع کردیا جہاں مقدمہ درج کرنے کے بعد شی ٹیم ملکاجگیری کمشنریٹ نے کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شکایت گزار خاتون ایک واٹس ایپ گروپ میں شامل تھی 10 ویں جماعت کے طلبہ کی جانب سے جو اس وقت ایک ساتھ زیر تعلیم تھے ۔ گروپ تشکیل دیا گیا تھا ۔ اس گروپ میں تمام 10 ویں جماعت کے ساتھی شامل تھے جو اپنے اپنے تجربات یادیں اور موجودہ حالات ایک دوسرے سے گروپ میں شیئر کرتے تھے اس گروپ سے ملزم نے شکایت گزار خاتون کا نمبر حاصل کیا اور پرسنل اس سے چیاٹنگ اور بات چیت کرنے گا اس دوران پرانی پہچان کے سبب خاتون نے بھروسہ کیا اور مدد کے طور پر طلائی زیورات اور نقد رقم دی جب اس خاتون سونا اور پیسے واپس پوچھے تب سے اس کا ساتھی بگڑ گیا ۔ اور خاتون کے ساتھ لی گئیں تصاویر سے بلیک میل کرنے لگا ان تصاویر کو افراد خاندان اور ساتھیوں میں بھیجنے کی دھمکی دے رہا تھا ۔ شی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ۔۔ ع
