اے پی میں تلگو دیشم لیڈر کے قتل کے الزام میں دو افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش کے کاکیناڈا میں کوٹہ نندورو منڈل کے الیپوڈی میں تلگو دیشم قائد بنگاریہ کے قتل کے معمہ کو اے پی پولیس نے حل کرلیا ۔ پداپورم ڈی ایس پی سری ہری راجو نے بتایا کہ قتل کی وجہ پرانی سیاسی دشمنی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 16 جنوری کی رات ملزمین نے چاقوؤں اور لوہے کی سلاخوں سے تلگو دیشم قائد بنگاریہ پر حملہ کر کے ان کا قتل کردیا اور فرار ہوگئے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے 12 افراد کو حراست میں لے لیا جن کا تعلق وائی ایس آر پارٹی سے بتایا گیا ۔ اصل ملزم چنتا کاٹلا چنابابو جو کہ کوٹہ نندورو منڈل وائی ایس آر سی پی منڈل صدر ہے دیگر 11 ملزمین کا بھی تعلق اس پارٹی سے بتایا گیا ۔ تمام ملزمین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ۔ بنگاریہ کے افراد خاندان نے مطالبہ کیا کہ ملزمین کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔۔ ش
نرسا پور جنگلات میں عاشق جوڑے کا اغوا اور مارپیٹ
حیدرآباد۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) نرساپور کے جنگلات میں عاشق جوڑے کو ہراساں کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نرسا پور بس اسٹیشن سے فلمی انداز میں جوڑے کا مبینہ اغوا کیا گیا اور انہیں قریبی جنگلاتی علاقہ منتقل کرنے کے بعد شدید مارپیٹ کی گئی۔ دیوی سنگھ جو سورائی کنٹہ تانڈہ ہنورہ منڈل کا ساکن ہے، شنہوارہ منڈل کا ساکن ہے۔ آج دیوی کو اس کی محبوبہ کے ساتھ نرساپور بس اسٹاپ سے پکڑا گیا اور قریب ٹھاکر میٹلہ کے جنگلات منتقل کرتے ہوئے شدید مارپیٹ کی گئی۔ دیوی سنگھ کو جان سے مارنے کی ناکام کوشش کی گئی جس کو شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کیا گیا جبکہ اس کی محبوبہ کا کوئی پتہ نہ چل سکا۔ دیوی سنگھ ضلع سنگاریڈی کے کندی منڈل سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے محبت کرتا تھا۔ دونوں کی عاشقی پر سخت اعتراض کرنے والوں کی جانب سے حملہ کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ دیوی سنگھ اور اس کی محبوبہ کو بس اسٹیشن پر موجودگی کی اطلاع کے بعد ایک کار میں نرساپور بس اسٹیشن سے ٹھاکر میٹلہ جنگلاتی علاقہ منتقل کیا گیا۔ نرساپور پولیس نے خاطیوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ع
ڈنڈیگل میں سرقہ ، پولیس کی متاثرین سے ملاقات ، ایف آئی آر درج
حیدرآباد۔ 21 جنوری (سیاست نیوز)سائبرآباد پولیس نے سرقہ کے معاملے میں مقام واردات پہنچ کر ایف آئی آر جاری کیا۔ سرقہ کی اطلاع حاصل ہونے کے بعد ڈنڈیگل پولیس مقام واردات پہونچی اور متاثرہ شخص سے موقع واردات پر ہی شکایت حاصل کرتے ہوئے ایف آئی آر کو جاری کیا۔ پولیس ڈنڈیگل کے اس اقدام پرکمشنر پولیس ڈاکٹر رمیش نے پولیس کی ستائش کی۔ اس موقع پر کمشنر پولیس ڈاکٹر رمیش نے کہا کہ چند ایسے معاملات اور واقعات پائے جاتے ہیں جن میں خواتین پولیس اسٹیشن سے رجوع ہونے میں مشکلات کا سامنا کرتی ہیں۔ اب ایسی خواتین اور بچوں پر مظالم کے معاملات میں پولیس اسٹیشن آنے کی ضرورت نہیں۔ ان کی دہلیز تک ایف آئی آر فراہم کی جائے گی۔ خواتین اور بچوں پر ہونے والے مظالم جائیداد کے تنازعہ، مارپیٹ، گھریلو تشدد، پولیس سی ایس ٹو الٹراسٹی ہو یا پاکسو ، رہزنی ، ریاکنگ جیسے معاملات میں پولیس اس طرح کے اقدامات کو انجام دے گی جو خوشحال سماج کی ضمانت ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سائبرآباد حدود میں نیا اسٹانڈرڈ آپریٹیو پروسیجر عمل میں لایا جارہا ہے جو بہترین شہری خدمات کو یقینی بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ع
نریڈ میٹ میں سڑک حادثہ ، طالب علم ہلاک
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شہر کے مضافاتی علاقہ نریڈ میڈ میں ایک کمسن طالب علم سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ والدہ کے ساتھ اسکول جاتے وقت پیش آئے اس حادثہ میں 7 سالہ نائجن ملٹری ٹرک کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ جب کہ بچے کی والدہ شدید زخمی ہوگئی ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پیدا ہوگئی ۔ نائجن آر کے پورم علاقہ کا ساکن تھا جو اس کی والدہ کے ہمراہ اسکول جارہا تھا کہ اسکوٹی ملٹری ٹرک کی زد میں آگئی ۔ پولیس کے مطابق مہلوک لڑکا ملٹری اسکول میں سال اول میں زیر تعلیم تھا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع
میرپیٹ میں جوے کا شکار نوجوان کی خودکشی
حیدرآباد۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) میرپیٹ پولیس اسٹیشن حدود میں آن لائن جوے کا شکار ایک نوجوان نے خودکشی کرلی۔ پولیس کے مطابق اس نوجوان کی شناخت لکشمی کانت کی حیثیت سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق لکشمی کانت کرنول آندھرا پردیش سے تعلق رکھتا تھا جو روزگار کے سلسلے میں حیدرآباد آیا تھا۔ ان دنوں لکشمی کانت آن لائن جوے کا عادی بن گیا اور اس نے بٹنگ کیلئے قرض حاصل کرتے ہوئے رقم جوے میں لگا دی اور شکست فاش ہوگیا۔ قرض کی ادائیگی اور مجرے کی لعنت سے ذہنی تناؤ کا شکار لکشمی نے خودکشی کرلی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
اینٹی بائیوٹکس ادویات کی فروختگی میں اضافہ پر ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے دھاوے
حیدرآباد۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) ریاست میں اینٹی بائیوٹکس ادویات کی بے دریغ فروخت کے خلاف ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ تلنگانہ اینٹی بائیوٹکس ادویات کے بے دریغ فروخت کے خلاف تشویش پائی جاتی ہے۔ ڈی سی اے نے اساینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کو روکنے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے اور آج ریاست بھر میں میڈیکل دوکانات پر دھاوے کئے گئے اور میڈیکل دوکانات کی تلاشی لی گئی۔ ڈی سی اے کے مطابق ریاست بھر میں 190 میڈیکل اسٹورس کارروائی کے دوران ضابطہ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے اور انیں ڈی سی اے کی جانب سے شو کاز نوٹس بھی جاری کی گئی۔ امکان ہے کہ ضابطہ کی خلاف ورزی کرنے والے میڈیکل اِسٹورٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ع