جـــرائـــم و حـــادثــات

   

اسکولی بس اُلٹ گئی ، طلبہ بال بال بچ گئے
حیدرآباد : 28جنوری ( سیاست نیوز) معین آباد کے علاقہ میں اسکولی طلبہ بال بال بچ گئے جس بس میں بچے سوار تھے اچانک اُلٹ گئی ۔ اس حادثہ کے سبب علاقہ میں ٹریفک جام ہوگئی اور اطلاع کے ساتھ ہی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار مقام واردات پہنچ گئے ، تاہم اسکولی بچوں کو معمولی زخم آئے اور ایک بڑا سانحہ ٹل گیا ۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اسکول بس بچوں کے ساتھ معین آباد سے حیدرآباد آرہی تھی ۔ بنڈلہ گوڑہ جاگیر میں واقع اسکول کی سالانہ تقریب معین آباد میں منعقد کی گئی تھی اور اسکولی بس فنکشن کے بعد بچوں کو لیکر واپس آرہی تھی ۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر پولیس چیوڑلہ زون یوگیش گوتم نے بتایا کہ اسکول بس حیدرآباد اسکول آف ایکسیلنس کی تھی ۔ اس اسکول کا انیول ڈے فنکشن منعقد کیا گیا تھا جس میں شرکت کے بعد طلبہ واپس ہورہے تھے کہ معین آباد مدگوائی پارک کے قریب بس اُلٹ گئی جس کا ٹائر پھٹنے کے سبب حادثہ پیش آیا ۔ پولیس نے ڈرائیور کی جانچ کی کہ وہ نشہ کی حالت میں تو گاڑی نہیں چلا رہا تھا ۔ بس میں تقریباً 34 طلبہ سوار تھے جس میں چند معمولی زخمی ہوئے جبکہ دیگر طلبہ کو بھی شاداں ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ کسی بھی طالب علم کو گہرے زخم نہیں آئے ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ع

عاشق سے شادی کی خاطر بیٹی نے والدین کو ہلاک کردیا
شبہ کی بنیاد پر پولیس کی تفتیش ، ملزمہ کا اعتراف جرم
حیدرآباد :28جنوری ( سیاست نیوز) عاشق سے شادی کی خاطر بیٹی نے ماں باپ کو ہلاک کردیا ۔ انسانیت کو شرمسار کرنے کا یہ افسوسناک واقعہ ضلع وقارآباد کے بنٹارام منڈل میں پیش آیا جہاں محبت میں اندھی بیٹی نے والدین کو زہریلے انجکشن دے کر ہلاک کردیا اور والدین کی موت کو خودکشی قرار دینے کا ڈھونگ کررہی تھی جو بالآخر شک کے دائرے میں آگئی اور تحقیقات کے دوران پولیس نے اس ڈائن صفت بیٹی کے چہرے کو بے نقاب کردیا ۔ اس سلسلہ میں ڈی ایس پی سرینواس ریڈی نے سریکھا کی گرفتاری کی توثیق کردی ۔ سریکھا بنٹارام کے ساکنان مہلک جوڑے دشرتھ اور لکشمی کی بیٹی ہے ۔ گزشتہ روز سریکھا نے والد کو الگ وقت اور والدہ کو الگ وقت زیر کا انجکشن دے کر ہلاک کردیا اور اپنے بھائی اشوک کو فون کرتے ہوئے والدین کی صحت کے متعلق تشویش ظاہر کی ۔ پہلے ان کے قتل کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کی گئی ۔ قرض کے بوجھ کو بہانہ بناکر بھائی کو مکمل یقین دلانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے شبہ کی بنیاد پر سریکھا کی نجی زندگی پر نظر ڈالی اور فوری سریکھا پر شک یقین میں بدل گیا ۔ پولیس کے مطابق سریکھا نے خود اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔ سریکھا کے والدین اس کیلئے رشتہ تلاش کررہے تھے ، سریکھا سنگاریڈی کے ایک خانگی دواخانہ میں نرس کا کام کرتی تھی ، اس دوران اس کی ایک نوجوان سے دوستی ہوئی اوردوست محبت میں بدل گئی ۔ سریکھا نے اپنے والدین کو بتایا کہ وہ ایک لڑکے سے محبت کرتی ہے اور اس سے شادی کرنا چاہتی ہے لیکن سریکھا کے والدین نے بیٹی کی بات کو انکار کردیا اور عاشق سے شادی کا فیصلہ کو مسترد کردیا اور لڑکی کیلئے رشتہ تلاش کرنے لگے ۔ اس بات پر برہم بیٹی نے منصوبہ تیار کیا اور والدین کے قتل کی سازش کی اور انہیں ہلاک کردیا ۔ پولیس نے سریکھا کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ع

بانسواڑہ ریسیڈنشیل اسکول میں لڑکی کی موت پر تین افراد بشمول پرنسپل گرفتار
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : نظام آباد ضلع کے بانسواڑہ میں ایک 13 سالہ لڑکی کی موت کے معاملے میں سماجی بہبود کے ریسیڈنشیل اسکول کے پرنسپل سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار ہونے والوں کی شناخت 65 سالہ کنڈہ کاشی ناتھ آٹو ڈرائیور ، 30 سالہ انگوتھ درگا ورکر اور ایس سنیتا پرنسپل بورلم سماجی بہبود ریسیڈنشیل اسکول کے طور پر کی گئی ۔ متاثرہ لڑکی کے والد کی شکایت پر بانسواڑہ پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تینوں کو گرفتار کرلیا ۔ بانسواڑہ ڈی ایس پی وٹھل ریڈی نے بتایا کہ اتوار کی رات پرنسپل سنیتا کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے آٹو ڈرائیور آٹو نمبر AP25X 7686 کے ذریعے پرنسپل کی رہائش گاہ سے 30 کرسیاں اسکول تک پہنچانے کے لیے بانسواڑہ سے بورلم کیمپ روانہ ہوا ۔ آٹو ڈرائیور کاشی ناتھ کے ساتھ درگا بھی موجود تھا اس دوران آٹھویں جماعت کی طالبہ سنگیتا اور دیگر پانچ طالب علموں نے درخواست کی کہ انہیں کیمپس کی گیٹ کے قریب ایک درخت تک چھوڑدیں ۔ لیکن ڈرائیور آٹو روکے بغیر ہی چلاتا رہا ۔ گھبراہٹ میں طلباء آٹو سے نیچے گر گئی ۔ اس میں سنگیتا کو گہرے زخم آئے اور اسے دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بعد معائنہ اسے مردہ قرار دیا ۔ دیگر طلباء کو معمولی زخم آئے ۔ پولیس نے بتایا کہ آٹو ڈرائیور نے لاپرواہی اور تیز رفتاری سے آٹو چلایا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ۔ اس کے خلاف اور درگا جو آٹو میں اس کے ساتھ تھا اس کے خلاف اور پرنسپل جس نے لاپرواہی برتنے اور اپنی ڈیوٹی ٹھیک طرح سے انجام نہ دینے پر تینوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔۔ ش