کوٹھی فائرنگ کے مجرمین کی حیدرآباد میں پناہ ، ایک شخص گرفتار ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد کے مصروف ترین علاقہ کوٹھی میں 31 جنوری کو ڈاکوؤں کی ٹولی پولیس کو گمراہ کرتے ہوئے آٹو کے ذریعے سفر کرتے ہوئے آخر کار وہ چندرائن گٹہ اور وہاں سے بارکس کے علاقے میں پہنچ گئے ۔ جس کے بعد پولیس کو اطلاع ملی کہ وہ وہاں سے دونوں مجرمین اترپردیش کو فرار ہوگئے ۔ پتہ چلا ہے کہ دونوں مجرمین میں سے ایک مجرم کا حیدرآباد میں جرائم میں ملوث ہے اور وہ دونوں چند دن قبل ہی اترپردیش سے حیدرآباد آئے تھے ۔ اور بارکس میں اپنا مقام بنایا تھا ۔ جہاں انہیں مقامی افراد پناہ دینے کا بھی شبہ کیا جارہا ہے ۔ اس تناظر میں پرانے شہر کے ایک شخص کو حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات کی جارہی ہے ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس شخص نے ان دونوں مجرمین کو پناہ دی تھی ۔ دونوں کی گرفتاری کے لیے حیدرآباد ٹاسک فورس ٹیم اترپردیش میں ان کی تلاش کے لیے روانہ ہوچکی ہے ۔ ان کی گرفتاری کے لیے ٹاسک فورس ٹیم یو پی پولیس سے مدد حاصل کررہی ہے اور انہیں امید ہے کہ بہت جلد انہیں گرفتار کرلیا جائے گا ۔۔ ش
ضلع کرشنا میں نقلی نوٹوں کا ریاکٹ بے نقاب ، چھ لاکھ نقلی کرنسی ضبط
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش کے کرشنا ضلع میں نقلی نوٹوں کو چھاپنے والے گروہ کا پولیس نے پردہ فاش کیا ۔ ان کے قبضے سے 6 لاکھ نقلی نوٹ اور پرنٹنگ میں استعمال ہونے والے آلات کو ضبط کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق کرتی وینو منڈل کے سنگاموڈی علاقے میں ایک شراب کی دکان پر چند نامعلوم افراد پہنچے اور نقلی نوٹ دے کر شراب حاصل کی ۔ دکاندار نے نقلی نوٹ کی پہچان کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی ۔ جس کے بعد پولیس نے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے ان کی تلاش شروع کردی ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی شواہد کے ساتھ پولیس نے رنجیت سنگھ ، برہما اوما شنکر اور دلیپ کو گرفتار کرلیا ۔ یہ لوگ پیندورتی منڈل کے کوکا ونی پالیم میں ایک مکان کرایہ پر حاصل کر کے نقلی نوٹ چھاپ رہے تھے ۔ پولیس کی تحقیقات میں پتہ چلا کہ یہ گروہ 30 ہزار اصلی نوٹ دینے پر انہیں ایک لاکھ روپئے کے نقلی نوٹ فراہم کررہے تھے ۔ مجرمین نے انکشاف کیا کہ وہ سنکرانتی کے موقع پر نقلی نوٹوں کو بازار میں لائے اور باقی فوٹوں کو وہ شراب کی دکان اور پٹرول پمپ پر چلا رہے تھے ۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔۔ ش
لاکھوں روپئے رشوت وصول کرنے والے عہدیداران رنگے ہاتھوں گرفتار
حیدرآباد۔ 4 فروری (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو نے آج شہر میں کی گئی علیحدہ کارروائیوں میں دو رشوت خور عہدیداروں اور ایک آؤٹ سورسنگ ملازم کو لاکھوں روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے کوکٹ پلی زون گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں کی گئی کارروائی میں سپرنٹنڈنگ انجینئر (ایس ای) برائے سپرنٹنڈنگ انجینئر آفس زونل کمشنر کوکٹ پلی زون جی ایچ ایم سی چنا ریڈی کو آؤٹ سورسنگ ملازم کمپیوٹر آپریٹر بی پراوین کمار کو رنگے ہاتھوں رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ۔ شکایت گذار کے بلز کی ادائیگی کیلئے لاکھوں روپئے رشوت کا مطالبہ کیا تھا اور 15 لاکھ روپئے رشوت حاصل کی تھی۔ عین وقت میں کارروائی کرتے ہوئے اے سی بی نے دونوں ملازمین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اے سی بی ذرائع کے مطابق شکایت گذار کے ایک کروڑ 40 لاکھ روپئے کے بلز کی ادائیگی کیلئے چنا ریڈی نے 15 لاکھ روپیوں کا مطالبہ کیا تھا جبکہ دوسری کارروائی میں شکایت گذار کے اسکول کو ایس ایس سی امتحانات کے سنٹرس کی فہرست سے نہ نکالنے کیلئے رشوت کا مطالبہ کرنے والے جونیر اسسٹنٹ شیوا پرساد کو پولیس نے 10 ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اے سی بی حیدرآباد سٹی رینج یونٹ II نے ڈپٹی ایجوکیشنل آفس بنڈلہ گوڑہ کے دفتر میں کارروائی کی اور شیوا پرساد کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ اے سی بی نے گرفتار سرکاری عہدیداروں کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔ع
وشاکھا پٹنم میں ایک شخص کی خودکشی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : وشاکھا پٹنم ضلع کے دواڑہ ریلوے اسٹیشن میں ایک شخص نے خود کشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق 36 سالہ ہرشوردھن جو ایک خانگی کمپنی میں انجینئر کی حیثیت سے ملازم تھا نے وجئے واڑہ جانے والی جنم بھومی ایکس پریس ٹرین کے سامنے چھلانگ لگاکر خود کشی کرلی ۔ خود کشی کی وجوہات خاندانی جھگڑے بتائے جارہے ہیں ۔ خود کشی سے قبل ہرشوردھن نے ایک نوٹ لکھا اور چہارشنبہ کی صبح گھر سے روانہ ہوا ۔ ہرشوردھن کی لاش کو برآمد کرتے ہوئے پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔۔ ش
ڈیجیٹل ارسٹ دھوکہ دہی کا ملزم نئی دہلی سے گرفتار
حیدرآباد۔ 4 فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی کی سائبر کرائم پولیس نے ڈیجیٹل اریسٹ دھوکہ دہی کیس کے ملزم گردیپ سنگھ عرف لکی نارنگ کو نئی دہلی سے گرفتار کرلیا۔ گزشتہ سال نومبر میں ایک معمر شخص نے سائبر کرائم پولیس کو ایک شکایت درج کرائی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ خود کو ممبئی کرائم برانچ کا عہدہ دار ظاہر کرتے ہوئے ایک دھوکہ باز نے انہیں فون کیا اور ایک کروڑ 7 لاکھ روپئے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرانے پر مجبور کیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ گردیپ سنگھ نئی دہلی کا متوطن ہے اور وہ منی ایکسچینج بزنس کرتا ہے۔ اس دھوکہ باز نے اپنے دیگر ساتھیوں پرشانت کمار اور دیپک کمار کے ساتھ مل کر ایک ٹولی کی شکل میں بھولے بھالے شہریوں کو دھوکہ کا شکار بنایا۔ مذکورہ دھوکہ باز بلیک میل کے ذریعہ بے نامی بینک کھاتوں سے دھوکہ دہی کی رقم وصول کیا کرتے تھے جس میں گردیپ سنگھ بے نامی بینک کھاتے (میول اکاؤنٹ) فراہم کرنے میں اہم رول ادا کررہا تھا اور خود کو سی بی آئی، کسٹمس اور ممبئی کرائم برانچ کا عہدہ دار ظاہر کرتے ہوئے تلبیس شخصی کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دے رہا تھا۔ مذکورہ دھوکہ باز کو پولیس نے دہلی سے گرفتار کیا اور پھر اسے شہر کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے جیل بھیج دیا گیا۔ ب
لون ایپ کی ہراسانی کا شکار ، نوجوان کی خودکشی
حیدرآباد۔ 4 فروری (سیاست نیوز) لون ایپ کی مبینہ ہراسانی کا شکار ایک نوجوان فوت ہوگیا۔ نوجوان نے ہراسانی سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔ مشیرآباد پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں پریم کمار نامی نوجوان نے انتہائی اقدام کرلیا۔ رام نگر مشیرآباد علاقہ کے ساکن پریم کمار نے لون ایپ کے ذریعہ قرض حاصل کیا تھا اور قرض کی رقم ادا کرنے میں دشواریاں پیش آرہی تھی اور ریکوری ایجنٹس کی جانب سے اذیت میں اضافہ ہوگیا جس سے تنگ آکر پریم کمار نے انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس مصروفِ تحقیقات ہے۔ع
ضعیف خاتون کو قتل کرنے والی گھریلو ملازمہ گرفتار
حیدرآباد۔ 4 فروری (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے ضعیف خاتون کے قتل معاملے کو حل کرلیا اور اس قتل میں ملوث خاتون قاتل کو گرفتار کرلیا۔ یاد رہے کہ کل ڈنڈیگل پولیس حدود میں ایک 85 سالہ سشیلا نامی خاتون کا اس کے مکان میں قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے خاتون کے گھر میں کام کرنے والی 36 سالہ خاتون کویتا کو گرفتار کرلیا۔ کویتا، مقتولہ کے مکان میں کام کرتی تھی۔ اس نے طلائی زیورات کی خاطر ضعیف خاتون کا قتل کیا۔ سر پر وزنی پتھر سے حملہ کرکے اس کا قتل کیا گیا اور جسم پر موجود زیورات اور سیل فون لے کر فرار ہوگئی۔ پولیس نے قاتل خاتون کو گرفتار کرلیا اور مسروقہ اشیاء ضبط کرتے ہوئے کویتا کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔ع
اُڈیشہ سے حیدرآباد منتقل کیا جارہا گانجہ ضبط ، 2 افراد گرفتار
حیدرآباد۔ 4 فروری (سیاست نیوز) اڈیشہ سے حیدرآباد منتقل کئے جارہے ایک بین ریاستی گانجہ منتقلی ریاکٹ کا پولیس نے پردہ فاش کردیا۔ اسپشل آپریشن ٹیم سائبرآباد نے چندانگر پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا جن کا تعلق مہاراشٹرا کے کلہاپور سے بتایا گیا ہے۔ آسان انداز میں پیسے کمانے کا منصوبہ تیار کرنے کے بعد گرفتار راہول اور شیوا گانجے کا کاروبار کرنے لگے۔ اڈیشہ کے بھوبنیشور سے گانجہ خرید کر حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے زائد قیمت میں فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق گانجہ منتقلی کیلئے انہوں نے ٹرین کا استعمال کیا۔ ٹرین میں سفر کرتے ہوئے گانجہ کو اپنے ساتھ لارہے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ دونوں سیکنڈ ہینڈ کاروں کا کاروبار کرتے ہیں۔ اڈیشہ سے گانجہ کے ساتھ حیدرآباد روانگی کی خفیہ اطلاع کے بعد اسپیشل آپریشن ٹیم نے شیرلنگم پلی ریلوے اسٹیشن پر پہنچ کر ٹرین کا انتظار کیا اور ان دونوں کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا۔ ع
بچوں سے بھیک منگوانے والے والدین جیل منتقل ،مادھاپور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج، سائبرآباد ویمن اینڈ چائلڈ سیفٹی کا اقدام
حیدرآباد۔ 4 فروری (سیاست نیوز) بچوں سے بھیک منگوانے والے والدین کو پولیس نے جیل منتقل کردیا۔ سائبرآباد پولیس نے بچوں کے حقوق کو روندنے والے والدین کے خلاف سخت کارروائی کی اور دیگر کیلئے ایک پیغام جاری کیا۔ سائبرآباد ویمن اینڈ چائلڈ سیفٹی وِنگ ڈی ایس بی سرجنا کرنم نے یہ بات بتائی۔ انہوںنے بتایا کہ حالیہ دنوں پولیس نے مہاتما گاندھی کے بھیس میں بھیک مانگنے والے بچوں کو آزاد کروایا تھا، تاہم بار بار اس طرح کی حرکت پر مادھاپور پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا اور ان کے والدین کو جیل منتقل کیا گیا۔ ٹریفک سگنلس، ہجوم والے مقامات پر گاندھی جی کے بھیس میں بچوں کو تیار کرتے ہوئے ان سے بھیک منگوائی جارہی تھی۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ نقصان دہ رنگ اُن کے جسم پر رنگتے ہوئے نہ صرف اُن کے بچپن بلکہ اُن کی صحت سے بھی خطرناک کھلواڑ کی جارہی تھی اور گاندھی جیسی شخصیت کے بھیس میں تیار کرتے ہوئے ان کی توہین کی جارہی تھی۔ پولیس نے ان بچوں کی جانب سے بار بار ایسی حرکت پر تفصیلی جائزہ لیا۔ پتہ چلا کہ بچوں کے والدین ہی انہیں بھیک مانگنے کی ترغیب دے رہے ہیں جس کے بعد پولیس نے بچوں کے والدین کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں جیل منتقل کردیا۔ ڈی سی پی سرجنا کرنم نے ایسے افراد کو سخت نتائج کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے والدین یا پھر سرپرست کی جانب سے بچوں کے بچپن کو ختم کرنے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ع