جـــرائـــم و حـــادثــات

   

چیاپل روڈ عابڈس پر خاتون کے گلے سے طلائی چین چھیننے کا واقعہ
حیدرآباد۔ 11 فروری (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں رہزنی کی وارداتیں پولیس کیلئے چیلنج بنتی جارہی ہیں۔ قلب شہر میں دن دھاڑے ایک خاتون کے گلے سے طلائی چین چھین لی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ عابڈس کے علاقہ چیاپل روڈ پر ایک خاتون کے گلے سے طلائی چین کی رہزنی کرلی گئی۔ چین کھینچنے کے دوران خاتون زخمی ہوگئی جو پیشہ سے نرس بتائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دو افراد جو ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے، چیاپل روڈ سے گذرنے والی خاتون کے گلے سے چین چھین لی۔ یہ واقعہ تقریباً صبح 11 بجے پیش آیا۔ سریشا نامی خاتون جو مقامی خانگی ہاسپٹل میں نرس کا کام کرتی ہے، آج کام کے بعد ہاسٹل جارہی تھیکہ یہ واردات پیش آئی۔ عابڈس پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
خواتین کو ہراساں کرنے والے افراد بشمول بس ڈرائیور گرفتار
متاثرہ خاتون کی شکایت کے بعد شی ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد۔11 فروری (سیاست نیوز) مدد کے نام پر بیوہ خاتون کو ہراساں کرنے والے پڑوسی، خاتون ساتھی کو بلیک میل کرنے والے بدمعاش اور ایک خانگی بس ڈرائیور کو شی ٹیم نے کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا جو ان خواتین کو شدید ہراساں و پریشان کررہے تھے۔ خواہش کی عدم تکمیل پر ہراسانی کا شکار ان خواتین کیلئے شی ٹیم کی مہم مددگار ثابت ہوئی اور انہوں نے شی ٹیم سے شکایت کردی۔ سرگرم شی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ان افراد کو گرفتار کرلیا۔ بیوہ خاتون نے شی ٹیم سے شکایت میں بتایا کہ اس خاتون کے پڑوس میں رہنے والے شخص نے جو اس کی مدد کی تھی، اب شدید ہراساں کرنے لگا ہے۔ خاتون کو انسٹا گرام ریلس، قابل اعتراض پیامات روانہ کرتے ہوئے ذہنی اذیت پہونچایا تھا۔ خاتون کا تعاقب کرتے ہوئے اس کام کے مقام پر پہونچ کر پریشان کررہا تھا جبکہ دوسرے معاملے میں دوست کی شکل میں خواہشات کی تکمیل کا خواہش مند ایک بدمعاش نے تصاویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اپنی دوست کو پریشان کررہا تھا اور بس ڈرائیور کو بھی شی ٹیم نے گرفتار کروایا جو ٹکٹ لینے والی خاتون کی نجی اطلاعات حاصل کرتے ہوئے اسے پریشان کررہا تھا۔ شی ٹیم ملکاجگری کمشنریٹ کی جانب سے 16 تا 31 جنوری کی گئی کارروائی میں 81 منچلے افراد بشمول 25 کم عمر لڑکوں کو حراست میں لیا۔ اس دوران شی ٹیم نے 99 شکایتوں کو حاصل کیا جن میں 28 بذریعہ فون کالس، 26 بذریعہ سوشیل میڈیا، 45 راست طور پر حاصل ہوئیں۔ شی ٹیم ملکاجگری کی جانب سے واقعات کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے 8 افراد کے خلاف فوجداری اور 25 کے خلاف معمولی مقدمات درج کئے گئے جبکہ 55 افراد کی کونسلنگ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔ع

آندھرا پردیش میں بی سی ہاسٹل کا ویلفیر آفیسر معطل
حیدرآباد ۔ 11 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش کے کینگری میں بی سی 2 لڑکوں کے ہاسٹل کے ویلفیر آفیسر کو ہاسٹل کے ناقص انتظامات اور بچوں کی تعداد میں اضافہ دکھانے پر کارروائی کرتے ہوئے چینیا کو معطل کردیا گیا ۔ اے بی سی ڈبلیو او روی کمار کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی ہے ۔ جے سی پلی سرینیواسلو ، رکن اسمبلی نرسمہا ریڈی نے ہاسٹل کو پیر کی رات اچانک معائنہ کیا ۔ اس وقت ہاسٹل میں صرف 21 لڑکے ہی موجود تھے ۔ جب کہ ریکارڈ کے مطابق 75 لڑکے بتائے گئے ۔ طلباء کو دی جانے والی غذا کے متعلق معلومات حاصل کی گئی ۔ بیت الخلاء کی دیکھ بھال میں مکمل کوتاہی برتی گئی ہے ۔ جس پر برہمی کا اظہار کیا گیا ۔ سرکاری عمارت ہونے کے باوجود ماہانہ 35 ہزار روپئے کرایہ ادا کیا جارہا ہے ۔ رکن اسمبلی اور جے سی نے ناقص سہولیات والی خانگی عمارت میں بچوں کو رکھنے پر سوال اٹھایا ۔ ان تمام وجوہات کی بنا پر ویلفیر آفیسر کو معطل کردیا گیا اور اے بی سی ڈبلیو او روی کمار کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی ۔ جے سی نے طلباء کو سرکاری عمارت میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ اور انہوں نے کہا کہ وہ ایک ہفتہ بعد وبارہ ہاسٹل کا دورہ کریں گے ۔ تب تک تمام حالات کو بہتر بنایا جائے ۔۔ ش

پوتی ریڈی پلی میں خانگی اسکول میں آتشزدگی ، کوئی جانی نقصان نہیں
حیدرآباد ۔ 11 ۔ فروری : (سیاست نیوز ) : سنگاریڈی ضلع کے پوتی ریڈی پلی میں ایک خانگی اسکول میں چہارشنبہ کو زبردست آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ۔ جس سے عوام میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا تھا ۔ حکام کے مطابق آگ کے شعلوں نے G+3 عمارت کو چند منٹوں میں اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پورے احاطے میں پھیل گئی ۔ اتفاق سے آگ لگنے کے وقت اسکول بند تھا ۔ میونسپل انتخابات کی وجہ سے اسکول بند رہنے کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ فائر ٹنڈرس نے اطلاع ملتے ہی مقام پر پہنچ گئی اور آگ کو قابو میں کرلیا گیا ۔ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ سمجھی جارہی ہے ۔ عہدیدار نقصان کا اندازہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں ۔۔ ش