ماں کی بچوں کو قتل کرنے کے بعد خود کشی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : یادادری بھونگیر ضلع کے بی بی نگر منڈل کے گلاگوڈیم میں 25 سالہ ایشوریہ نے اس کی 2 سالہ بیٹی جھانسی اور دس ماہ کے بیٹے پانڈو کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ ایشوریہ کی شادی 2020 میں ریلوے ملازم میکلہ مہیش سے ہوئی ۔ تین سال بعد دونوں کو ایک لڑکی پیدا ہوئی ۔ جس کے بعد میاں اور بیوی ایک دوسرے پر شک کررہے تھے ۔ جس کی وجہ سے دونوں میں جھگڑے شروع ہوگئے ۔ جس کے بعد ایشوریہ اپنے ماں کے گھر چلی گئی اور حاملہ ہوئی اور اسے ایک دس ماہ کا بیٹا بھی ہے ۔ جس کے بعد شوہر اپنی بیوی پر مسلسل شک کررہا تھا اور پیغامات کے ذریعے ہراساں کررہا تھا ۔ پیر کو ایشوریہ اپنے دونوں بچوں کے ساتھ اپنے رشتہ دار کے گھر گئی اور وہاں اپنے دونوں بچوں کا قتل کر کے ایک خط لکھا اور وہ بھی خود کشی کرلی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔۔ ش
خانگی دواخانہ کی نرس کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : میاں پور میں ایک خانگی دواخانہ کی نرس نے خود کشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق 20 سالہ میگاوت سونو بائی جو ضلع سنگاریڈی کے نارائن کھیڑ منڈل کے پپری تانڈہ جومیاں پور علاقہ میں واقع ایک خانگی دواخانہ میں نرس کے طور پر کام کررہی تھی ۔ اسی دواخانہ میں بانووت نارائن جو سرگا پور منڈل کے گائرن تانڈہ کا رہنے والے سے دوستی ہوئی اور دوستی محبت میں بدل گئی ۔ چند دنوں سے دونوں میں اختلافات چل رہے تھے جس کی وجہ سے دونوں آپس میں بات نہیں کررہے تھے ۔ سونو مسلسل نارائن کو فون کررہی تھی لیکن وہ جواب نہیں دے رہا تھا ۔ جس سے سونو شدید ذہنی دباؤ میں چلی گئی اور اس نے منگل کو دواخانہ میں خود کشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔۔ ش
حالت نشہ میں دو بھائیوں میں جھگڑا ، ایک بھائی کی موت
حیدرآباد ۔4 ۔ مارچ (سیاست نیوز) میاں پور کے علاقہ میں ایک بھائی کے قتل کی سنگین واردات پیش آئی ، جہاں نشہ کی حالت میں دھت دو بھائیوں میں جھگڑا ہوا اور چھوٹے بھائی نے بڑ ے بھائی کا قتل کردیا ۔ انسپکٹر پولیس میاں پور شیوا پرساد کے مطابق 27 سالہ راجو جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا ، نے حقیقی بھائی گرو سوامی کے حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ گزشتہ چند روز سے دو بھائیوں میں اکثر جھگڑے چل رہے تھے ۔ یہ دونوں غیر شادی شدہ تھے اور ہر دن شراب نوشی کرتے تھے ۔ گزشتہ چند روز سے دونوں بھائیوں میں ہر چھوٹی بات پر جھگڑا چل رہا تھا ۔ گھر واپس آنے کے بعد نشہ کی حالت میں دھت دونوں بھائی ایک دوسرے سے جھگڑا کرتے تھے ۔ کل رات جھگڑے کے بعد گرو سوامی نے راجو پر وزنی پتھر سے حملہ کردیا ۔ع
اور وہ اس حملہ میں فوت ہوگیا ۔ میاں پور پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
باچوپلی میں فرنیچر دکان میں مہیب آتشزدگی
قریبی فرنیچر شیڈس بھی متاثر ، کوئی جانی نقصان نہیں
حیدرآباد۔ 4 مارچ (سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ باچوپلی میں منگل کی رات کو پراگتی نگر میں عارضی شیڈس میں قائم فرنیچر کی دکان میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ یہ آگ فوری طور پر قریب 15 متصل فرنیچر شیڈس تک پھیل گئی اور انہیں مکمل طور پر خاکستر کردیا۔ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ ایک کروڑ مالیاتی فرنیچر کے نقصان ہونے کا شبہ ہے۔ ڈسٹرکٹ فائر آفیسر ٹی جگن موہن کے مطابق رات تقریباً 11 بجے ایمرجنسی کال موصول ہوا جس کے بعد 6 فائر ٹینڈرس موقع پر بھیج دیئے گئے۔ کُل 6 ٹیمیں جو 36 فائر فائٹرس پر مشتمل تھیں نے تقریباً 9 گھنٹے جاری آپریشن کے بعد آج صبح 8 بجے اس آگ پر قابو پا لیا گیا۔اس آپریشن میں حیدرآباد ڈیزاسٹر رسپانس اور حیڈرا کی ٹیمس بھی آپریشن میں شامل تھیں۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ آگ عارضی شیڈ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے ۔ شیڈس میں بھاری مقدار میں آتش گیر مواد ہونے کی وجہ سے شعلے تیزی سے پھیل گئے اور فرنیچر، خام مال اور تیار شدہ سامان سمیت تمام شیڈس تباہ ہو گئے۔ چونکہ شیڈس کھلے علاقہ میں تھے اس لیے کوئی ریسکیو آپریشن کی ضرورت نہیں پڑی۔ اس واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ب
ہولی کے موقع پر گانجہ سے بھنگ کی
تیاری، چھ افراد گرفتار
حیدرآباد۔ 4 مارچ (سیاست نیوز) ایکسائز پولیس نے بیگم بازار اور دھول پیٹ علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ہولی تہوار کے موقع پر گانجہ کے ذریعہ بھنگ تیار کرنے کی اطلاع پر ایس ٹی ایف اور ایکسائز اسٹیشن دھول پیٹ نے مشترکہ کارروائی کو انجام دیا۔ آبکاری پولیس نے اس سلسلہ میں تین علیحدہ مقدمات کو درج کرلیا اور 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایکسائز پولیس کے مطابق کل 2.622 کیلو بھنگ کو ضبط کرلیا گیا۔ پہلے مقدمہ میں پولیس نے سی چندن سنگھ اور ساحل سنگھ بیگم بازار کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 860 گرام بھنگ کو ضبط کرلیا جبکہ دوسرے مقدمہ میں بھنگت راج نندن یادو ساکن بیگم بازار اور 54 سالہ مہیش چند شرما ساکن آغاپورہ کو حراست میں لیتے ہوئے ان کے قبضہ سے 812 گرام بھنگ کو ضبط کرلیا۔ تیسرے مقدمہ میں ایکسائز پولیس نے 950 گرام بھنگ کو ضبط کرتے ہوئے 41 سالہ ساگر شرما اونٹ واڑی اور 43 سالہ اجئے شرما ساکن جمعرات بازار کو گرفتار کرلیا۔ ع