عاشق سے ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے پر بیٹی نے ماں کا قتل کردیا
6 ماہ بعد قتل کا معمہ حل ، بیٹی اور اس کا عاشق گرفتار
حیدرآباد ۔25 مارچ (سیاست نیوز) عاشق کے ساتھ ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بن رہی والدہ کا قتل کرنے والی کم عمر لڑکی اور اس کے عاشق کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تقریباً چھ ماہ بعد اس گمشدہ خاتون کے کیس کا معاملہ حل ہوا۔ یہ معاملہ اُس وقت منظر عام پر آیا جب خاتون کے نام سے رجسٹرڈ موٹر سائیکل کو فروخت کرنے کی کوشش کی گئی۔ والدہ کے قتل کے انکشاف کے بعد سارا خاندان سکتہ میں پڑ گیا۔ جس میں اُنہیں پتہ چلا کہ اُن کی چھوٹی بہن نے اپنے ناجائز رشتہ کیلئے ماں کا قتل کردیا۔ جواہر نگر پولیس نے اس سنسنی خیز واردات کو انجام دینے والی بیٹی اور اس کے عاشق جو اب شوہر بھی بتایا جارہا ہے، کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق 40 سالہ داسری رمیاکی گمشدگی کی رپورٹ 17 اکٹوبر 2025ء میں کرائی گئی تھی۔ رمیا کی بڑی بیٹی روشنی کماری نے شکایت درج کروائی تھی کہ اُن کی والدہ جو گھریلو ملازمہ کا کام کرتی تھی، لاپتہ ہوگئی۔ پولیس نے حسب معمول کیس رجسٹرڈ کرلیا تاہم گزشتہ روز قتل کا اصل ملزم نمبر 1 ، 22 سالہ مونٹی کمار سنگھ عرف مونٹی راج ساکن جیڈی میٹلہ پولیس کے شک کے دائرے میں آگیا۔ مقتولہ کے نام رجسٹرڈ موٹر سائیکل کو فروخت کرنے کے دوران مونٹی کو پولیس نے حراست میں لے لیا اور اصل حقیقت منظر عام پر آگئی۔ مونٹی کی معشوقہ جس سے اس نے جنوری میں شادی کرلی تھی کیونکہ وہ حاملہ ہوچکی تھی۔ پولیس نے مونٹی کی معشوقہ 17 سالہ لڑکی جو مقتولہ کی حقیقی بیٹی ہے ،کو بھی حراست میں لے لیا۔ بیٹی کی مونٹی سے محبت اور ناجائز تعلقات رمیا کو پسند نہیں تھے۔ خاتون کی شکایت پر مونٹی کے خلاف پوکسو مقدمات جواہر نگر اور بلارم پولیس اسٹیشن میں درج کئے گئے تھے اور مونٹی دو مرتبہ جیل جاچکا تھا۔ باوجود اس کے دونوں کے درمیان ناجائز تعلقات ختم نہیں ہوئے تھے اور دونوں نے رمیا کو راستے سے ہٹانے کیلئے اُس کا قتل کیا اور اس کے گھر میں رمیا کو دفن کردیا اور مرمت کے کاموں کے درمیان افراد خاندان کو غلط باور کروایا کہ گھر میں چوہوں کے خوف سے سیمنٹ کے ذریعہ مرمت کا کام کیا گیا۔ دوسری طرف لاپتہ والدہ کے تعلق سے فکرمندی ظاہر کی گئی تاہم پولیس نے بالآخر رمیا کی گمشدگی کی حقیقت کا پردہ فاش کردیا اور دونوں کو گرفتار کرلیا۔ع
خاتون کانسٹبل سے غیر اخلاقی سلوک ، خاتون پولیس انسپکٹر کا تبادلہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : کمشنر پولیس ملکاجگیری نے عملہ کے ساتھ غیر اخلاقی سلوک اور رسوا کرنے کے الزامات میں ایک خاتون انسپکٹر کا تبادلہ کردیا ۔ خاتون انسپکٹر کو فوری خدمات سے ہٹاتے ہوئے انہیں ملٹی زون 2 کے حوالے کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک خاتون کانسٹبل کے خلاف غیر اخلاقی رویہ کا واقعہ منظر عام پر آیا ۔ سائبر کرائم شعبہ سے وابستہ اس خاتون پولیس انسپکٹر کے خلاف کئی شکایتیں حاصل ہوئیں تھیں ۔ ماتحت عملہ کے علاوہ ساتھی عہدیداروں کے ساتھ بھی اس خاتون انسپکٹر کا رویہ درست نہیں تھا ۔ وردی کے نام پر اور لاپرواہی کے الزامات لگاکر عملہ کو رسوا کرتی تھی ۔ ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں ایک خاتون کانسٹبل نے چھٹی کی درخواست دی تھی ۔ اس خاتون کانسٹبل کی بیٹی حادثہ میں زخمی ہوگئی تھی اور اس کے علاج اور خدمت کے لیے چھٹی کی درخواست دی تھی ۔ جس پر خاتون انسپکٹر اچانک برہم ہوگئی اور خاتون کانسٹبل کے ساتھ رسوا کن رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہاسپٹل میں تمہارا کیا کام تمہارا شوہر دیکھ لے گا ۔ اس خاتون عہدیدار کی متعدد شکایتوں کا پتہ چلنے کے بعد کمشنر نے محکمہ جاتی تحقیقات کے بعد سخت اقدامات کیے اور خاتون انسپکٹر کو فوری خدمات سے ہٹادیا گیا ۔۔ ع
ناقص چوبے کی تیاری ، ایک شخص گرفتار
حیدرآباد : /25 مارچ (سیاست نیوز)کمشنر ٹاسک فورس گولکنڈہ اور خیریت آباد زون نے مشترکہ کارروائی میں ناقص کھوپرے کا پاؤڈر (چوبا) کی تیاری میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 21 لاکھ مالیاتی مال برآمد کرلیا گیا ۔ پولیس کے مطابق 31 سالہ ناکول ماروتیا ساکن بیگم بازار سوکھے ہوئے کھوپرے کا پاؤڈر (بالاجی پرشوتم کوکونٹ بزنس شاپ) بیانر کے تلے تیار کررہا تھا ۔ مذکورہ تاجر کرناٹک سے ناقص اور کم دام میں کھوپرے کا پاؤڈر حاصل کرتے ہوئے اسے چیتک برانڈ کے پیاکٹس میں پیاک کرکے اسے دونوں شہروں کی مارکٹ میں فروخت کررہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ تاجر کی جانب سے تیار کئے جانے والے کھوپرے کے پاؤڈر پر اشیاء سے متعلق کوئی ٹھوس تفصیلات موجود نہیں اور اس کی ایکسپائری ڈیٹ بھی موجود نہیں ہے ۔ گرفتار ملزم کے قبضہ سے 21 لاکھ مالیاتی مال برآمد کرلیا گیا ۔ ب
پہاڑی شریف علاقہ میں شراب کی بوتلیںضبط
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ایکسائز پولیس نے پہاڑی شریف علاقہ میں اچانک چیکنگ کے دوران 68 نان ڈیوٹی پیڈ شراب کی بوتلیں ضبط کیں ۔ جنہیں دہلی اور گوا سے شہر میں اسمگل کیا جارہا تھا ۔ ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے انسپکٹر وینکٹیشور ریڈی کے مطابق دو کاروں سے ممنوعہ مواد ضبط کیا گیا اور گاڑیوں کے مالکان کو نوٹس جاری کی گئی ۔ اس کے ساتھ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا ۔ ضبط کی گئی شراب کی بوتلوں کی تخمینہ لاگت 1.36 لاکھ بتائی گئی اور ضبط شدہ اشیاء اور کیس کو مزید کارروائی کے لیے میر پیٹ ایکسائز اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا ۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ شراب کی بوتلیں شمس آباد ایرپورٹ سے حیدرآباد منتقل کی جارہی تھیں ۔۔ ش
چارمینار کے قریب ٹھیلہ بنڈی والوں سے جبراً وصولی ، ایک شخص گرفتار
حیدرآباد : /25 مارچ (سیاست نیوز) چارمینار کے قریب ٹھیلہ بنڈی والوں سے جبراً وصولی اور معمول کا مطالبہ کرنے والے ایک ملزم کو چارمینار پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 44 سالہ اظہر خان ساکن چندرا نگر یاقوت پورہ ریلوے اسٹیشن جو بدنام زمانہ روڈی شیخ نصیر الدین عرف گنا نصیر اور محمد اذان قادری عرف توفیق کا ساتھی ہے ۔ چارمینار کے اطراف و اکناف ٹھیلہ بنڈی والوں سے 500 تا 1000 روپئے معمول کا مطالبہ کرتے ہوئے جبراً وصولی کررہا تھا اور اس کاروبار میں گنا نصیر اہم رول ادا کررہا تھا ۔ رقم کی عدم ادائیگی پر گنا نصیر اور اس کے ساتھی چاقوؤں سے غریب ٹھیلہ بنڈی والوں کو دھمکایا کرتے تھے اور وہاں سے کاروبار کی جگہ برخواست کردینے کی دھمکی دیا کرتے تھے ۔ گنا نصیر بھوانی نگر پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر ہے اور اس کے خلاف سابق میں جوا ، جبراً وصولی اور اقدام قتل کے مقدمات درج ہیں جبکہ اذان قادری بھی بعض مقدمات میں ملوث ہے ۔ پولیس نے چھوٹے کاروباریوں کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی روڈی شیٹر عناصر سے خوفزدہ نہ ہوں اور ان کے جبراً وصولی کے حربوں کا نشانہ نہ بنیں اور فوری پولیس کو اس معاملہ کی اطلاع دیں ۔ ب
کرایہ کے مکان کے نقلی دستاویزات کے ذریعہ دھوکہ دہی
نٹ ورک کا پردہ فاش ، سرغنہ گرفتار ، دیگر مفرور
حیدرآباد : /25 مارچ (سیاست نیوز) بنڈلہ گوڑہ پولیس نے ایک ایسے دھوکے باز کو گرفتار کر لیا ہے جو اپنے گھر کو رہن پر رکھ کر قرضے کے نام پر لوگوں سے پیسے اکٹھا کر رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق 24 سالہ شیخ عمر عمودی ساکن ایرہ کنٹہ بارکس اپنے ساتھیوں محمد بن عثمان ، محمد باسط ، علی جابری اور شاکر حسین کی مدد سے دھوکہ دہی کا ایک نیٹ ورک چلارہا تھا ۔ پولیس کے مطابق عمر مکان کرایہ پر حاصل کیا کرتا تھا اور بعد ازاں دیگر افراد سے رابطہ قائم کرتے ہوئے کرایہ کے مکان کو نقلی دستاویزات کے ذریعہ رہن پر دیا کرتا تھا ۔ پولیس کے مطابق محمد نصرت بیگم ساکن بنڈلہ گوڑہ نے پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ اس نے عمر سے تین لاکھ روپئے میں ایک مکان رہن پر حاصل کیا تھا ۔ حالانکہ عمر اس مکان کا حقیقی مالک نہیں ہے لیکن دھوکہ دیتے ہوئے خود کو مالک مکان ظاہر کرتے ہوئے مکان رہن پر دیا تھا ۔ پولیس نے اس معاملہ کی تحقیقات کرتے ہوئے اس نیٹ ورک کا پتہ لگایا اور یہ معلوم ہوا کہ مقامی رئیل اسٹیٹ بروکرس نے معصوم عوام کو دھوکہ دینے کیلئے کرایہ پر مکانات حاصل کرتے ہوئے اسے رہن پر دے رہے تھے ۔ پولیس نے شیخ عمر عمودی کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر افراد محمد بن عثمان مسقطی ، محمد باسط ، علی جابری اور شاکر حسین ہنوز مفرور ہیں ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ ٹولی نے ایسے کئی افراد کو دھوکہ دیا ہوگا ۔ اس معاملہ کی مزید تحقیقات جاری ہے ۔ ب
ظالم باپ کے چنگل سے بچوں کو آزاد کرالیا گیا
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : سری پوٹی سری راملو نیلور ضلع میں انوما سمدرم پیٹ میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ۔ جب دو بچوں نے اپنی ماں کے متعلق اپنے باپ سے پوچھا انہیں چھوڑ کر چلی گئی تھی باپ نے اپنے ہی بچوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور بدسلوکی کی اور انہیں نشانہ بنایا اور جب اس کا علم پولیس کو ہوا تو پولیس نے ان بچوں کو ظالم باپ کی قید سے آزاد کرایا ۔ تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع کے ادوپلی کے ایک بائیک میکانک محمد قطب الدین نے ایک ماہ قبل اپنی بیوی جس کی دماغی حالت ٹھیک نہیں تھی وہ کہیں چلی گئی تھی جس کے بعد وہ اپنے بچوں کو لے کر دوسرے مقام چلا گیا اور کرایہ کے مکان میں رہنے لگا ۔ اسے 9 سالہ بیٹی شفا اور 7 سالہ شاہنواز بیٹا ہیں ۔ جب بھی بچے اپنی ماں کے بارے میں پوچھتے تو قطب الدین برداشت نہیں کرتا تھا اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بناتا ۔ قطب الدین اپنے بچوں کو دھمکاتا تھا کہ اگر وہ گھر کے باہر نکلے تو انہیں جان سے مار دے گا اور وہ دکان کو چلا جاتا اور رات کو گھر آکر بچوں کو کھانا دیتا تھا ۔ صبح سے رات تک بچے کمرے میں بھوکے ہی رہتے تھے ۔ گھروں کے ٹیکس کی وصولی کیلئے حکام جب قطب الدین کے مکان پہنچے تو انہیں بچوں کی حالت زار کا پتہ چلا ۔ جس کے بعد عملہ نے پولیس میں شکایت کی ۔ سب انسپکٹر سیدلو نے بچوں سے تفصیلات حاصل کی اور قطب الدین کو طلب کر کے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے بچوں کو باپ کی رضا مندی کے بعد آئی سی ڈی ایس حکام نے بچوں کو نیلور کے ایک چائلڈ کیر سنٹر میں منتقل کردیا ۔۔ ش
راپیڈو ڈرائیور اور پاسنجر کو بحث و تکرار مہنگی پڑ گئی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : راپیڈو ڈرائیور اور خاتون پاسنجر کے درمیان تکرار اجنبی افراد کے لیے فائدہ کا سبب بن گئی ۔ نوجوان لڑکی اور ڈرائیور کے درمیان بحث و تکرار کے نام پر اجنبی افراد دونوں کے موبائل فون لے کر فرار ہوگئے ۔ کرایہ کے نام پر لڑکی اور ڈرائیور کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق 32 سالہ لڑکی رینوکا جو کنڈاپور علاقہ کی ساکن ہے ۔ گذشتہ روز اپنے رشتہ داروں کے یہاں شیخ پیٹ آئی تھی واپسی کے دوران لڑکی نے راپیڈو بک کیا اور ڈرائیور خالد نے ڈراپ کیا ۔ جیسے ہی دونوں جوبلی ہلز کے علاقہ میں پہونچے کرایہ کو لے کر دونوں میں بحث و تکرار شروع ہوئی ۔ اس دوران نامعلوم افراد نے انہیں دیکھا اور صلح کروانے کے نام پر بات چیت اور سفر کی تفصیلات کے لیے پک اپ اور ڈراپ پوائنٹ کی جانچ کے لیے دونوں کا فون لے لیا اور فون لے کر فرار ہوگئے ۔ ان دونوں متاثرین نے پولیس جوبلی ہلز میں شکایت کردی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع
ملاوٹی چیزوں سے کھانے کی اشیاء کی تیاری ، 3 افراد گرفتار
حیدرآباد : /25 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس کی جانب سے ناقص اور ملاوٹی اشیاء کے خلاف کارروائی میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور علاقہ میلاردیوپلی میں ملاوٹی ادرک لہسن اور سڑے ہوئے انڈوں کے ذریعہ تیار کئے جانے والے کھانے کی اشیاء کے ریاکٹ کو بے نقاب کیا گیا ہے ۔ پولیس راجندر نگر نے کاٹے دھن علاقہ میں واقع مدورائی میناکشی فوڈ کمپنی پر اچانک دھاوا کیا جہاں پر سڑے ہوئے انڈے اور انتہائی ناقص مال کے ذریعہ ڈونٹ بنس اور کیکس تیار کئے جارہے تھے ۔ اس اشیاء کی تیاری میں ملوث تین افراد 22 سالہ آفریدی انصاری ، 32 سالہ یسین اور کھٹریسن نامی شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس کارخانے میں کیمیکلس ، سڑے ہوئے انڈے اور کئی نقلی اشیاء کے ذریعہ ناقص ڈونٹ بنس اور کیکس تیار کئے جارہے تھے ۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں پولیس نے علاقہ ایم ایم پہاڑی راجندر میں دکن ٹریڈرس پر دھاوا کرتے ہوئے وہاں سے ناقص ادرک لہسن پیسٹ وغیرہ برآمد کرلئے ۔ تفصیلات کے مطابق اس کارخانے میں 38 سالہ سہیل چرنیا ، 36 سالہ رحیم چرنیا اور 35 سالہ امیت چرنیا جو آپس میں حقیقی بھائی ہیں یہ کاروبار چلارہے تھے ۔ ناقص ادرک لہسن اور کیمیکلس کے ذریعہ پیسٹ تیار کررہے تھے جو انسانی جانوں کیلئے مضر ہے ۔ گرفتار ملزمین کے قبضہ سے ساڑھے تین لاکھ مالیاتی اشیاء برآمد کرلی گئی ہے ۔ ب